زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے، وفاقی وزیر خزانہ

Ishaq Dar

Ishaq Dar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر 20 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں جو ملکی کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ ذخائر ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بلند ترین سطح پر ہیں جو 20 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں جب کہ آئی ایم ایف سے گزشتہ قرضوں کی واپسی کے لیے نیا پروگرام لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے پاس 15 ارب ڈالر سے زائد ہیں اور کمرشل بینکوں کے پاس 4 ارب 83 کروڑ ڈالر ہیں جب کہ ٹیکس نمبر رکھنے والوں سے ود ہولڈنگ ٹیکس نہیں لیا جارہا ہے۔

واضح رہے آئی ایم ایف نے آج پاکستان کو 50 کروڑ 64 لاکھ ڈالر کی آٹھویں قسط جاری کردی ہے جس کے بعد آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو 4.06 ارب ڈالر موصول ہوچکے ہیں جب کہ ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے 3 سالہ پروگرام کے تحت 6.18 ارب ڈالر قرض منظور کیا تھا۔