معین الحق نے پاکستانی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کی

Moin-ul-Haq

Moin-ul-Haq

پیرس (زاہد مصطفی اعوان) فرانس میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے پاکستانی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی ملاقات کی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان معین الحق کا کہنا تھا کہ فرنچ کمیونٹی تک پاکستان کا مثبت امیج پیش کرنے کیلئے پاکستانی صحافی اپنا کردار ادا کریں۔

صحافی بیرون ملک سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں ، مارکیٹنگ اور کلچر کے شعبے میں صحافیوں کے تعاون کی ضرورت ہے،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے فرانس کے ساتھ دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں،کوشش ہے کہ فرانسیسی صدر اور وزیراعظم جلد پاکستان کا دورہ کریں،انہوں نے کہا کہ فرانس کی چالیس کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں جبکہ چار سو سے زائد کمپنیاں تجارت کر رہی ہیں۔

انہوں نے سا بق سفیرکی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ غالب اقبال نے سفارتخانہ میں بہت اچھا کام کیا ہے جسے مزید بہتر کیا جائے گا تاکہ پاکستانی کمیونٹی کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔صحافی برادری نے سفیرپاکستان معین الحق کو ہرطرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں پاک پریس کلب فرانس کے سینئرعہدیدار مرزا خالد بشیر اے آر وائی۔ سید شاہ زیب ، عتیق الرحمان،میاں امجد،چوہدری اشفاق، عمران چوہدری، عمیربیگ ،قیصر گجر اور یونس خان شامل تھے۔جبکہ پیرس کے معروف صحافی زاہد مصطفی اعوان نجی دورہ پر پاکستان چلے گئے ہیں ۔جنھوں نے شرکت نہیں کی۔