دھاندلی کے مجرموں کو سزا ملنے تک ڈٹے رہیں گے: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لودھراں (جیوڈیسک) حلقہ این اے ایک سو چون کے ضمنی معرکہ میں تحریک انصاف نے بھی سیاسی طاقت کا مظاہرہ دکھایا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا 2013 میں اتنا جنون نہیں دیکھا تھا جو آج لودھراں میں نظر آ رہا ہے۔

جہانگیر ترین کیوجہ سے نواز شریف نے لودھراں میں ڈھائی ارب کا پیکج دیا کیونکہ انہیں ڈر ہے جہانگیر ترین جیت نہ جائے۔ لودھراں کے لوگ پٹواریوں کی رشوت سے تنگ آ گئے ہیں۔ اب لوگ تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں اور یہاں کے لوگ باشعور ہیں کسی پیکج پر بکنے والے نہیں۔

عمران خان اپنے خطاب کے دوران پنجاب حکومت پر بھی خوب برسے کہتے ہیں میٹرو بس ،اورنج لائن کا پیسہ اسکولوں پر خرچ ہونا چاہیے تھا کیونکہ اورنج لائن منصوبے پر لگنے والے پیسے سے 25 ہزار اسکول بن سکتے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا قرضے لیکر مہنگے پراجیکٹ بنائے جا رہے ہیں۔ پہلے انسانوں پر پیسہ خرچ کیا جانا چاہیے تھا اور اگر یہی پیسہ ہسپتالوں پر خرچ کیا جاتا تو مفت ادویات ملتیں۔ عمران خان نے کہا بھارت کے کسان کی حکومت مدد کرتی ہے لیکن پاکستان میں کسان کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔ ظالم نظام سے تنگ قوم اب نیا پاکستان چاہتی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کسی کیخلاف انتقامی کارروائی نہیں ہوتی لیکن پنجاب کے اندر ہمارے 11 کارکنوں کو گولی ماری گئیں کوئی نہیں پکڑا گیا۔ عمران خان نے شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا 22 جماعتوں نے 2013 کے الیکشن میں دھاندلی کا کہا اور شہباز شریف کہتے ہیں دھاندلی کو بھول جاؤں۔

مجھے پتا ہے آپ دھاندلی کے بغیر جیت ہی نہیں سکتے۔ کہتے ہیں دھاندلی بڑا جرم ہے اسے کبھی نہیں بھولوں گا اور دھاندلی میں ملوث افراد کو سزائیں ملنے تک چپ نہیں بیٹھوں گا۔