آزادی کشمیر کے لیے سیاسی، سماجی، صحافتی و دیگر شخصیات ہم مؤقف

Khawaja Saad

Khawaja Saad

لاہور (پ ر) نوجوان کالم نگاروں کی ملک گیر تنظیم ”پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ” (پی ایف یو سی) کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر کی اہمیت اجاگر کرنے اور اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے پنجابی کمپلیکس لاہورمیں تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ نمائش کا افتتاح وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کیا۔

جبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق’ تحریک انصاف کے راہنما اعجاز چوہدری’اخوت چیئرمین ڈاکٹرامجد ثاقب’سماجی شخصیت سمیحہ راحیل قاضی’ ترجمان پی پی پی پنجاب بیرسٹر عامر حسن’میاں شہباز غوث’ اداکار راشد محمود’نجم ولی خان اورسلمان عابد کے علاوہ قومی وصوبائی اسمبلی کے ممبران’سنیئر صحافیوں ، سیاسی وفود ، تاجروں ، سماجی رہنماؤں’ شوبز اور کھیلوںسے وابستہ شخصیات سمیت طلبہ وطالبات’سکول کے بچوں اور کثیر تعداد میں سول سوسائٹی نے نمائش کا دورہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پوری قوم کا کشمیر کی آزادی کے ساتھ سمجھوتہ ہے اورپی ایف یوسی کے زیراہتمام مذکورہ نمائش کا اہتمام بھی اسی نظریے کو اُجاگر کرتا ہے کہ ہمیں ہر قیمت پر کشمیریوں کی جدوجہد کو آزادی سے ہمکنار کرنا ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت کے ساتھ دوستی وتجارت کشمیری عوام کے لیے زہر قاتل سے کم نہیں ہے اور پاکستان میں بھارتی فلموں کونمائش کی اجازت دینا کشمیریوں کے خون کے ساتھاستہزاء وتمسخر کے مترادف ہے۔تحریک انصاف کے رہنمااعجاز چوہدری نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم وستم سے باز رہے اور اقوامِ متحدہ مجرمانہ خاموشی کے بجائے کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا کرداراداکرے۔

سینئر صحافیوں سلمان عابد ، نجم ولی خان اور دیگر نے موجودہ نسل کو یوم یکجہتی کشمیر کے پس منظر اور پیش منظر سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ آج کا دن منانے سے کشمیریوں کی جدوجہد کو حوصلہ ملتا ہے ۔ لہٰذا کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی ، اخلاقی اور ہر سطح پر مدد کو جاری رکھنا اور ان کی پشت پر کھڑے ہونا پاکستان پر فرض ہے۔

پی ایف یوسی کے مرکزی عہدے داران کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی سرکار پر دبائو بڑھائیں کہ وہ کشمیریوں پر ظلم و جبر کا سلسلہ بند کر کے ان کو حق خود ارادیت دیں۔

اس موقع پر دورہ کرنے والی شخصیات نے پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ کی تصویری نمائش کے اہتمام کو سراہا اور کہا کہ قلم کار حضرات بھارت کا جمہوری چہرہ بے نقاب کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں اور حقیقی آزادی کا تصور اجاگر کرتے ہوئے کشمیر کا مسئلہ حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں۔

Siraj ul Haq

Siraj ul Haq

حافظ محمد زاہد
مرکزی سیکریٹری اطلاعات
0321-4291904