منیٰ میں بھگدڑ: شہید حاجیوں کی تعداد 717 ہوگئی، 805 زخمی

Rami Incedent

Rami Incedent

منیٰ (جیوڈیسک) سعودی شہری دفاع کا کہنا ہے کہ منیٰ میں رمی جمرات کے دوران بھگدڑ مچنے سے شہید ہونے والے حاجیوں کی تعداد 717 ہوگئی جبکہ واقعے میں 805 حجاج زخمی ہیں۔

منیٰ میں رمی کے موقع پر بھگدڑ سے شہید ہونے والوں میں ایک پاکستانی بھی شامل ہے، عارف شہید کا تعلق لاہور سے ہے اور ان کی اہلیہ نے سعودی عرب سے فون کرکے اپنے خاندان کو ان کی شہادت کی اطلاع دی ہے۔

سعودی شہری دفاع کے مطابق واقعہ شیطان کو کنکریاں مارنے کےدوران پیش آیا ،پاکستان میڈیکل مشن کا کہنا ہے کہ حادثہ جمرات شارع 204پر پیش آیا۔ رواں سال حج کے موقع پریہ دوسرا بڑاسانحہ ہے، اس سے قبل 11ستمبر کومکہ میں تعمیراتی کام کیلئے نصب کرین صفا اور مروا کے درمیان گرنے سے 107افراد شہید اور 238زخمی ہوئے تھے۔

حادثے کے متاثرین میں مزید کتنے پاکستانی شامل ہیں اس کے لیے سعودی عرب میں موجود پاکستانی حج ڈائرکٹر ابوعاکف معلومات حاصل کررہے ہیں۔ دوسری طرف پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی سعودی عرب کا ہیلپ لائن نمبر جاری کردیا ہے، پاکستانی حاجیوں سے متعلق معلومات فون نمبر 00966125277537پر رابطہ کرکے حاصل کی جاسکتی ہیں۔

سعودی حکام کے مطابق منیٰ میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق مختلف قومیتوں سے ہے، زخمیوں کو منیٰ کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرادیا گيا ہے اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔ منیٰ میں حاجیوں کو حادثہ پیش آنے پر وزیراعظم نواز شریف اور صدر مملکت ممنون حسین نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔