جنرل قمر جاوید باجوہ نئے آرمی چیف مقرر

General Qamar Javed Bajwa

General Qamar Javed Bajwa

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم ہاؤس کے مطابق لیفٹننٹ جنرل زبیر محمود حیات اور لیفٹننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو جنرل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی ہے۔

دونوں جنرلز کی ترقی اور تقرر کی منظوری وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت نے دی۔ لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجودہ اس وقت جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ اینڈ ایویلوئیشن ہیں۔ آرمی چیف بننے سے پہلے جنرل راحیل شریف اسی عہدے پر تعینات تھے۔ جنرل قمر باجودہ آرمی کی سب سے بڑی 10 ویں کو کمانڈ کر چکے ہیں جو کنٹرول لائن کی ذمہ داری سنبھالتی ہے۔

لیفٹننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں تعیناتی کا بھی وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ بطور میجر جنرل انہوں نے فورس کمانڈ ناردرن ایریاز کی سربراہی کی اور انفنٹری اسکول کوئٹہ کے کمانڈنٹ بھی رہے۔ لیفٹننٹ جنرل زبیر حیات پاک فوج میں اس وقت سب سے سینئیر جنرل اور چیف آف جنرل اسٹاف ہیں۔ تھری اسٹار جنرل کی حیثیت سے وہ اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل اور کور کمانڈر بہاولپور بھی رہے۔