جنرل راحیل شریف کی صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف سے الوداعی ملاقاتیں

Raheel Sharif and Nawaz Sharif

Raheel Sharif and Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف سے الوداعی ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں بطور سربراہ پاک فوج ان کی قابل قدر خدمات کو سراہا۔ وزیر اعظم نے جنرل راحیل شریف اور ان کے اہل خانہ کے مستقبل کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

اس کے علاوہ جنرل راحیل شریف نے صدر مملکت ممنون حسین سے بھی الوداعی ملاقات کی۔ صدر ممنون حسین نے بھی جنرل راحیل شریف کی ملک کے لیے گراں قدر خدمات کی تعریف کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے جنرل راحیل شریف کی بطور آرمی چیف مسلح افواج اور ملکی دفاع کیلئے خدمات کی تعریف کی۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران ہر مرحلے پر صدر مملکت کی رہنمائی اور تعاون حاصل رہا، آپ کے پرخلوص تعاون اور رہنمائی پر میں آپ کا شکرگزار ہوں۔ وزیراعظم نوازشریف نے ملکی سلامتی ودفاع اور پاک فوج کیلئے جنرل راحیل شریف کی خدمات کی تعریف کی اور ریٹائرمنٹ کے بعد جنرل راحیل شریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ جنرل راحیل شریف 29 نومبر 2016 کو آرمی چیف کے عہدے سے ریٹائر ہورہے ہیں اور ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کی کمان سنبھالیں گے۔