آئین کے تحت اوورسیز پاکستان پیپلز پارٹی کی تنظیموں میں کوئی ردوبدل نہیں ہو گا۔ رحمان ملک

Rehman Malik

Rehman Malik

برلن/ اسلام آباد (ظہور احمد) تمام ممالک میں اوورسیز پاکستان پیپلز پارٹی کی فعال تنظیموں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا جائے گا اس بات کا اعلان سمندر پار پاکستان پیپلز پارٹی ونگز کے صدر، سابق وفاقی وزیر سینیٹر رحمان ملک نے پیپلز سیکرٹریٹ میں کمیٹی اراکین جن میں وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید ، وزیر اعلیٰ گلگت وبلتستان مہندی شاہ ، ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر صابر بلوچ ، سینیٹر جہانگیر بدر ، سینیٹر جعفر مندہ خیل سمیت دیگر راہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا اوورسیز پیپلز پارٹی کو مزید فعال اور تنظیم نو کی جائے گی جس کا الگ پارٹی آئین موجود ہے انہوں نے کہا اوورسیز ونگ کا آئیڈیا وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے محترمہ شہید بی بی کو دیا تھا جس کے سابق صدر جہانگیر بدر کی گرانقدر خدمات قابل ستائیش ہیں انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے پاسپورٹ کا حصول آسان کیا اور او پی ایف کی بنیاد رکھی انہوں نے کہا ہم نے عوام کی فلاح کیلئے ہر معاملے کی شروعات کی۔

آج ہر سیاسی جماعت نے اوورسیز ونگ بنایا ہوا ہے رحمان ملک نے کہا پارٹی کو فعال کرنے اور روابط کیلئے ویب سائیٹ بنائی ہے جبکہ میگزین بھی شروع کیا جا رہا ہے تمام ممالک میں پی ایس ایف ، پیپلز یوتھ ، وکلاء ونگز سمیت دیگر و نگیز بھی بنائے جائیں گے انہوں نے کہا پہلے حکومت میں رہ کر سمندر پار پاکستانیوں کی خدمت کی اور اب اپوزیشن میں بھی ان کے حقوق کا دفاع کرینگے۔

رحمان ملک نے کہا نواز شریف اپنے انتخابی جلسوں میں سمندر پار پاکستانیوں کو دوہری شہریت دینے کے نعرے لگاتے تھے بلکہ بار بار اعلان کرتے تھے کہ دیارغیر میں رہنے والے پاکستانیوں کو ڈبل کے بجائے ٹیٹرانیشنیلٹی بھی دیں گے انہوں نے کہا موجودہ حکومت کی سمندر پار پاکستانیوں کیلئے کوئی کمنٹمینٹ پالیسی نہیں ہے ان کے پاس دو تہائی اکثریت ہے دوہری شہریت کا بل اسمبلی میں لائیں ہم مکمل سپورٹ کرینگے، حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق دینے کا بل لائے۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا پاکستان تحفظ آرڈنینس پر ہمارے شدید تحفظات ہیں جو چیز عوام دوست نہیں ہوگی اسے کسی صورت قبول نہیں کرینگے ترامیم پر حکومت کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔

حامد میر پر قاتلانہ حملے کے حوالے سے ایک سوال پر رحمان ملک نے کہا کہ حامد میر پر حملے کی کوشش طالبان نے کی ہے اکثر دیگر صحافیوں کی طرح طالبان کی ہٹ لسٹ پر حامد میر بھی تھے انہوں نے حامد میر پر حملے کی کوشش بھی کی ،تحقیقات سے قبل الزام تراشی اداروں کو بدنام کرنے کا سبب بن سکتی ہے ،سینیٹر رحمان ملک نے کہا طالبان بدنیت ہیں اور رہیں گے حکومت کو سوچ سمجھ فیصلے کرنا ہونگے۔