دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے ،علم کے ذریعے دہشت گردوںکو شکست دینگے : فرید انصاری

GHS SCHOOL SYSTUM

GHS SCHOOL SYSTUM

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی فرید انصاری نے کہا ہے کہ دشمن کتنے ہی مظالم ڈھا لیں ، کتنے ہی معصوم شہریوں کو شہید کر دیں وہ ملک میں جاری تعلیمی عمل کو روک نہیں سکتے ۔ سانحہ لاہور کے باوجود آج کی اس تقریب میں طلبہ ، والدین اور عمائدین شہر کی بھرپور شرکت اس بات کی غمازی ہے کہ بہادر طلبہ شہادتوں کے باوجود دہشت گردوں کے عزائم کو شکست فاشت سے دو چار کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے معروف تعلیمی ادارے غوث الاعظم ہائی اسکول گلستان جوہر بلاک 10-A میں منعقدہ رزلٹ اناؤنس اور تقسیم ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کنٹرولر اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی عمران چشتی ، پرنسپل کمپری ہینسیو ہائی اسکول عزیز آباد رئیس الحسن نیازی T.E.O گلبرگ ٹائون علی نواز جیلانی چیئرمین پرائیوٹ اسکول ایسوسی ایشن شرف الزمان ، ڈائریکٹر انفارمیشن ڈی ایم سی کورنگی محمد ارشد اور گولڈ میڈلسٹ اورنگزیب سلطان اور پرنسپل انجمن آراء نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ تقریب میں غوث الاعظم ہائی اسکول کے سرپرست عبدالحفیظ علوی القادری اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے بی سی اے سید سجاد حیدر ، انور علوی القادری ، آصف میمن بھی موجود تھے ۔ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ فرید انصاری نے مزید کہا کہ سندھ حکومت فروغ تعلیم کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے ۔ جس کے نتائج ظاہر ہو رہے ہیں ۔ کیونکہ شہید رانی کا وژن بھی پڑھا لکھا پاکستان خوشحال اور مستحکم پاکستان تھا انہوں نے کہا کہ سندھ میں تعلیم کے فروغ کے بعد اور تعلیمی معیار بلند کرنے میں نجی اسکول صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں جوکہ خوش آئند ہے ۔

غوث الاعظم ہائی اسکول تعلیمی افق پر ایک چمکتا دھمکتا ستارہ ہے ۔ کنٹرولر اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی عمران چشتی نے کہا کہ موجودہ دور میں والدین کو بچوں کو موبائل فون اور میسجز کے نائٹ پیکجز سے بچانا ہوگا کیونکہ اگر ابھی انہوں نے اس بات پر دھیان نہیں دیا تو کل ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا ۔ چیئرمین پرائیوٹ اسکول ایسوسی ایشن شرف الزمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ میٹرک امتحانات میں نقل کی روک تھام انتہائی ضروری ہے اور نسل نو کو تباہی سے بچانے کیلئے کاپی کلچر سے بچانا ہوگا اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر انوار احمد زئی راست اقدام اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غوث الاعظم ہائی اسکول کا تعلیمی معیار کراچی کے پوش تعلیمی اداروں سے کسی بھی طرح کم نہیں ۔پرنسپل کمپری ہینسیو ہائی اسکول عزیز آباد رئیس الحسن نیازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی ترقی میں پرائیوٹ اسکولوں کے ساتھ ساتھ سرکاری اسکولوں کا بھی بہت اہم کردار ہے اور موجودہ حکومت و سیکریٹری تعلیم کی دلچسپی کے باعث آج سندھ میں بند اسکول کھولے جا رہے ہیں اور طلبہ کو مفت کتابیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اسکالر شپ بھی دی جا رہی ہے۔ T.E.O گلبرگ ٹاؤن علی نواز جیلانی نے غوث الاعظم ہائی اسکول کی انتظامیہ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ ڈائریکٹر انفارمیشن DMC کورنگی محمد ارشد اور گولڈ میڈلسٹ آرگنائزر اورنگزیب سلطان نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی کیلئے تعلیم کا نہایت اہم کردار ہوتا ہے اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی طلبہ کو حصول تعلیم کی تلقین کی تھی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض مشرف علوی القادری نے انجام دیئے بعد ازاں مہمانان گرامی نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات اور بہترین کارکردگی دکھانے والی خواتین اساتذہ میں ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔
جاری کردہ ۔شعبہ نشرواشاعت