غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام خصوصی افراد سے اظہار یکجہتی کیلئے فرینڈ شپ سرکل اور تحائف کی تقسیم

Ghazali Education Trust Special People  Expressing Solidarity

Ghazali Education Trust Special People Expressing Solidarity

غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام ”لبارڈ” کے تعاون سے خصوصی افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے لبرٹی رائونڈ ابائوٹ پر فرینڈ شپ سرکل بنایا گیا جس میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے راہنمائوں ، شوبز شخصیات ، صحافتی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور خصوصی تعلیم پر کام کرنے والے اداروں سے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات مجتبیٰ شجاع الرحمن ، وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ، بیگم چوہدری محمد سرور ، لیاقت بلوچ ، اسمبلی اراکین پرویز ملک ، شائستہ پرویز ملک ، ڈاکٹر نوشین حامد ، اعجاز چوہدری ، عندلیب عباس ، عمرانہ مشتاق ، نجم ولی خان ، شاہد قادر ، ٹی وی سکرینوں پر چمکتے ستارے نشو بیگم اور دیگر افراد نے شرکت کی ۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خصوصی افراد ہمارے اپنے ہیں اور ان کے ساتھ شفقت و توجہ والا رویہ اپنانا معاشرے کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاون ماحول مہیا کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن ، پرویز ملک اور دیگر کا کہناتھا کہ سپیشل افراد ہمارے لئے باعث رحمت و نجات ہیں اور تین دسمبر کا دن ان کے حوالے سے ہمارے فرائض کی یاددہانی کراتا ہے ۔ لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر نوشین حامد ، بیگم چوہدری محمد سرور ، شوبز اور سماجی شخصیات نے خصوصی افراد کے والدین کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی اور سپیشل افراد کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کی مناسب راہنمائی کرتے ہوئے بحالی کے ہرممکن اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس موقع پر مہمان شرکاء نے خصوصی بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے ۔ قبل ازیں غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عامر محمود نے کہا کہ خصوصی بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے فرینڈشپ سرکل بنانے کا مقصد عوامی آگہی ہے جس کے ذریعے راہگیروں تک یہ پیغام پہنچانا مقصود ہے کہ خصوصی افراد کو تنہا چھوڑنے کی بجائے انہیں توجہ دینے اور اپنانے کی ضرورت ہے۔

Ghazali Education Trust Special People  Expressing Solidarity

Ghazali Education Trust Special People Expressing Solidarity