گلگت بلتستان کے اضلاع، مالاکنڈ ڈویژن اور مظفر آباد میں برفباری

Snowfall

Snowfall

اسلام آباد (جیوڈیسک) گلگت بلتستان کے اضلاع،مالاکنڈ ڈویژن اور مظفر آباد میں ہونے والی برفباری سے موسم انتہائی سرد ہوگیا،رابطہ سڑکوں پر برف جم جانے کے باعث گاڑیوں میں سفر کرنا مشکل ہوگیاجبکہ سیالکوٹ اور گجرات میں ہلکی بوندا باندی نےموسم خوشگوار کردیا ۔

ملک کے بالائی علاقوں کے مناظر برف میں چھپ گئے۔سڑکوں نے برف کا لبادہ اوڑھ لیا۔اسکردو میں وقفے وقفے سے ہونےوالی برفباری نے موسم کو شدید سرد کردیا، شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے،کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، غذر کا بالائی علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

چلاس میں جس طرف نگاہ جائے ہر طرف برف ہی برف نظر آتی ہے، پیدل اور گاڑیوں کے سفر میں مشکلات پیش آرہی ہے،استور میں بھی برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی، پانی کی فراہمی اور بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے۔ ہنزہ میں کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہونے کے باعث شہریوں کو غذائی اشیا کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے،سوات کے میدانی علاقوں اور مالم جبہ کے پہاڑوں پر بھی وقفے وقفے سے برفباری ہورہی ہے،چترال میں لواری ٹاپ اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث چترال پشاور روڈ ٹریفک کےلیے بند ہے ۔

تفریجی مقامات ناران ،کاغان اور شوگران میں دوپہر سے برفباری شروع ہوگئی،لوئر دیر اور اپر دیر میں بارش توکبھی برفباری نے موسم سرد کردیاجبکہ لینڈ سلائینڈنگ کے باعث کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں،مظفر آباد اور راولا کوٹ میں بھی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں بھی بارش اور برفباری سے بجلی کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔

ادھر سیالکوٹ اور گجرات میں شام ہوتے ہی کالے بادل ہلکے سے برسے، بارش کے ساتھ ہی شہریوں نے باہر کا رخ کیا ،گرما گرم سموسےاور پکوڑوں کی دکان پر رش لگ گیا۔آج سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 10 جبکہ پاراچنار منفی 5 اور گلگت میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔