گلگت بلتستان میں برف باری اور بارش کا سلسلہ جاری

Gilgit Baltistan Snowfall

Gilgit Baltistan Snowfall

گلگت (جیوڈیسک) گلگت بلتستان میں تین دن سے برف باری اور بارش کا سلسلہ وقفے وقفے جاری ہے، برفانی تودہ گرنے سے استور سے راولپنڈی اور گلگت کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہو گیا اور کوستان اور ہربن کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بند ہو گئی۔

بالائی علاقے ایک بار پھر برف سے ڈھک گئے ہیں، گلگت بلتستان کے ضلع استور ، اسکردو میں گزشتہ تین دن سے کبھی بارش تو کبھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

برف باری نے جہاں موسم کو سرد کر رکھا ہے وہیں مقامی لوگوں کی مشکلات میں اضافہ بھی کردیاہے ، کئی علاقے بجلی سے محروم ہیں تو کچھ علاقوں میں خوراک کی کمی کا سامنا ہے ادھر بولن اور خچک کے مقامات پر برفانی تودہ گرنے سےاستور سے راولپنڈی اور استور سے گلگت کی رابطہ سڑکیں برف سے ڈھک گئی ہیں ۔ گلگت اسکردو روڈ بشو کے مقام پر برفانی تودہ گرنےسے ٹریفک معطل ہوگئی ۔

دیامر میں لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم متعدد مقامات پر بند ہے۔ جس کی وجہ سے آمد ورفت کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے ۔ لوئر دیر میں بھی بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری نے سردی کی لہر مزید بڑھا دی ہے ۔

مظفرآباد میں بارش کا سلسلہ چند روز کے وقفے کے بعد شروع ہونے سے سردی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

شمالی بلوچستان میں تین روز کی بارش تھم جانے کے بعد مختلف علاقوں میں مکانات گرنے اور رابطہ سڑکیں سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے بعد بحالی کے کاموں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔