گری راج کالج نظام آباد میں ایک لفظ سیکھئے چار زبانوں میں پروگرام کا افتتاح

Lang Board

Lang Board

نظام آباد (اسلم فاروقی) شعبہ اردو گری راج کالج کے زیر اہتمام” روز ایک لفظ سیکھئے چار زبانوں میں” اپنی نوعیت کے اختراعی تعلیمی پروگرام کا افتتاح عمل میں لایا گیا۔

ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو اور ڈاکٹر محمد عبدالرفیق یوجی سی کوآرڈینیٹر کی کاوش سے کالج کے باب الداخلہ پر ایسا بورڈ لگایا گیا جس میں طلبا انگریزی’تلگو’ہندی اور اردو میں روزانہ ایک لفظ کو پڑھنا سیکھیں گے۔

اپنی نوعیت کے اس پہلے اختراعی تعلیمی بورڈ کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ انگریزی میں لکھے گئے کسی لفظ کے تین زبانوں میں معنی لکھے جاتے ہیں اور ان کا تلفظ ساتھ ہی ساتھ انگریزی میں لکھ دیا جاتا ہے اس سے غیر اردو دانوں کو اردو ہندی اور اردو دانوں کو تلگو ہندی انگریزی الفاظ سیکھنے میں مدد ملتی ہے۔

اس بورڈ کے افتتاح کے موقع پر کالج کے انچارج پرنسپل مسٹر رنگارتنم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی ٹیکنالوجی میں مہارت کے ساتھ تعلیم کے فروغ کے لیے نئے نئے پروگرام شروع کرتے ہیں جس سے دیگر اساتذہ کو بھی کام کا حوصلہ ملتا ہے اور آج کے اس ترقی یافتہ دور میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے اس طرح کے اختراعی پروگراموں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تعلیمی بورڈ سے طلبا اور اساتذہ کو چاروں زبانوں میں الفاظ سیکھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے طلبا اور اساتذہ پر زور دے کر کہا کہ کالج میں عنقریبNAACکا معائنہ ہونے والا ہے اس لیے تمام شعبے تعلیم کو عام کرنے کے اختراعی پروگرام شروع کریں۔

ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ زبان اظہار خیال کا اہم ذریعے ہے اور ہندوستان میں لوگوں کو اکثر مقامی زبان تلگو’مادری زبان اردو’قومی زبان ہندی اور کاروباری زبان انگریزی کی ضرورت پڑتی ہے۔ کالج میں چاروں زبانوں میں زبان دوم پڑھائی جاتی ہے اور طلبا کو اردو اور دیگر زبانیں سکھانے کا یہ ایک اچھا ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد ریاست میں غیر اردو داں بھی اردو بولنے لگے ہیں۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم اس طرح کے اختراعی پروگراموں سے اردو کو عام کریں۔ اس موقع پر کالج کے اساتذہ غلام مصطفی لیکچرر ہندی’ ڈاکٹر تکا رام کنٹرولر امتحانات’ مسٹر دیوندر بابو لیکچرر حیاتیات’مسٹر سنیل’ ڈاکٹر روی شنکر شرما کالج کے دیگر اساتذہ اور طلبا و طالبات شریک تھے۔