عالمی استحکام کیلئے فلسطینیوں کے حقوق ضروری ہیں، ملیحہ لودھی

Maliha Lodhi

Maliha Lodhi

اسلام آباد (جیوڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ عالمی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ فلسطینیوں کو حقوق دیئے جائیں۔ بنیادی حقوق سے انکار امن کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

ملیحہ لودھی اقوام متحدہ میں فلسطینیوں سےعالمی یکجہتی کے دن پر خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے مضبوط فیصلے کرنا ہوں گے۔

سلامتی کونسل کی قراردادوں پر فوری عملدر آمد ہونا چاہئے۔ قراردادوں پرعمل نہ ہونے سے اقوام متحدہ کی ساکھ متاثرہوگی۔ ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے فلسطینیوں کی اخلاقی مدد کرتا رہا ہے۔

فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول میں مسلسل تاخیر نقصان دہ ہے۔ فلسطینیوں کو برابری کی سطح پر خود مختاری دی جائے۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ کچھ ریاستیں مسئلہ فلسطین کے حل میں رکاوٹیں ڈال رہی ہیں، جبکہ عالمی برادری کی اکثریت مسئلہ فلسطین کے پرامن حل کے حق میں ہے۔