مخلوق خدا کی خدمت ہماری بخشش کا ذریعہ ہے : صوفی مسعود احمد صدیقی

Tanzeem Mashaikh

Tanzeem Mashaikh

لاہور: امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان اور چیئرمین لاثانی ویلفیئرفائونڈیشن انٹرنیشنل صوفی مسعوداحمد صدیقی نے کہا ہے کہ مخلوق خدا کی بے لوث خدمت ہماری بخشش کا ذریعہ ہے ، بے سہارا اور غریب لوگوں کی مدد کرنا اولین ترجیح اور زندگی کا مقصد ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاثانی ویلفیئر فائونڈیشن کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ پر عید سے قبل بے سہارا ، نادار اور غریب خاندانوں میں بلاتفریق عید گفٹ اور راشن کی تقسیم کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان کا کہنا تھاکہ ہم بیان بازیوں اور من گھڑت دعوئوں کی بجائے مخلوق خد ا کی عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور اسی جذبے سے سرشار ہوکر اپنی مدد آپ کے تحت بے سہارا لوگوں کا عملی سہارا بننے کیلئے برسرپیکار ہیں اور ہمیں ان بے سہارا لوگوں کی مدد کرکے دلی سکون ملتاہے ۔تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی رہنماء صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی نے اپنے خطاب میں کہاکہ آج کے اس نفسانفسی کے دور میں اپنی مدد آپ کے تحت مخلوق خدا کی بڑی سطح پر عملی خدمت کرنے کا سہرا لاثانی ویلفیئر فائونڈیشن کے ہی سر ہے جو لائق تحسین ہے اور اس اہم مقصد کی تکمیل پر امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان صوفی مسعوداحمد صدیقی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

جنہوں نے بے سہارا عوام کی عملی خدمت کا بیڑہ اٹھایا ہوا ہے ۔تقریب سے چوہدری محمد اشرف سمیت دیگر علماء و مشائخ نے خطاب کیا ۔تقریب کے اختتام پر صوفی مسعوداحمد صدیقی نے آپریشن ضرب عضب کی ہر ممکن کامیابی اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعابھی کی۔