حکومت 40 ارب روپے کا حساب دے تو احتجاج ختم کر دینگے۔ مولانا عبدالواسع

Maulana Abdul Wasey

Maulana Abdul Wasey

کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 40 ارب روپے کے حوالے سے اپوزیشن کو اعتماد میں لیتے ہوئے صوبے میں کرپشن کے ذمہ داران کو منظر عام پر لائے۔

انہوں نے کہا کہ مشیر کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی، اصل اختیارات سابقہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک کے پاس تھے، اب وہ اس کرپشن کا جواب دیں۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کو صوبے میں کرپشن پر شدید تحفظات ہیں جنہیں حکومت دور کر دے تو احتجاج ختم کر دیا جائے گا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماء زمرک خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن غیرجمہوری طریقے سے حکومت کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتی، حکومت کرپشن کے ذمہ داروں کو خود سامنے لائے، موجودہ وزیر اعلیٰ 40 ارب روپے کے حوالے سے اپوزیشن کے خدشات دور کریں، احتجاج ختم کر دیا جائے گا۔