حکومت سستے بازاروں میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو متوازن رکھنے کیلئے بھی اقدامات کرے۔ ایم اے تبسم

M.A Tabassum

M.A Tabassum

لاہور: کالمسٹ کونسل آف پاکستان(سی سی پی ) کے مرکزی صدر ایم اے تبسم نے رمضان المبارک سے قبل اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ رمضان سے قبل مہنگائی کاطوفان تشویشناک ہے۔رمضان المبارک کی آمد کیساتھ ہی اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

جس کی وجہ سے عوام سراپااحتجاج ہیں جبکہ سیاستدان پانامہ لیکس کے معاملہ میں دست گریباں ہیں اور عوام دووقت کی روٹی سے عاجز آچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پھل اورگوشت توپہلے ہی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہیں جبکہ دالوں کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کردیاگیاہے ، بدقسمتی سے وطن عزیز میں ہرسال مقدس ایام کی آمد سے قبل غذائی اجناس مہنگی کردی جاتی ہے، سیبوں، کھجوروں اور کیلوں کاصوبے بھر میں سٹاک کم ہے۔ رمضان میں اشیاء ضروریہ کی قیمتیں ہی نہیں بڑھتی بلکہ ملاوٹ اورغیرمعیاری خوراک کی فروخت بھی بڑھ جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کیمیکل سے بنی کیچپ، غیرمعیاری مشروبات کااستعمال روزہ داروں کی صحت کی تباہی کاباعث بنتے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح وبہبود کے کسی قسم کے اقدامات سامنے نہیں آرہے۔ ایم اے تبسم نے مزید کہاکہ ضرورت اس امرکی ہے کہ حکومت سستے اور ماڈل بازاروں کے قیام کیساتھ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو متوازن رکھنے کیلئے بھی اقدامات کرئے ۔ حکومت عام بازاروں میں بھی قیمتوں کی کڑی نگرانی کابندوبست کرئے تاکہ ملاوٹ مافیا اورگراں فروشوں کولگام ڈالی جاسکے تاکہ عوام کومناسب داموں اشیاء ضروریہ دستیاب ہوں۔