موجودہ حکومت ملک میں بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کاری کروا رہی ہے: پرویز رشید

Pervaiz Rashid

Pervaiz Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مختلف شعبوں میں شاندار سرمایہ کاری لائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موٹرویز ‘بجلی گھروں اورگوادر کی بندرگاہ سمیت کئی ترقیاتی منصوبے زیرتکمیل ہیں اور ان پر تیزی سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔وزیر نے کہا کہ پنجاب اور ملک کے دیگر حصوںمیں منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کا اعتراف چین نے بھی کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ ریڈیو پاکستان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے انہوں نے کہا پی ٹی وی اور ذرائع ابلاغ کے دیگر اداروں کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز بلند کرنے میں ریڈیو پاکستان کی پیروی کرنی چاہیے۔وفاقی وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے سوشل میڈیا کا موثر استعمال کریں تاکہ دنیا بھرمیں رہنے والے لوگ کشمیری عوام کے خلاف ظلم و ستم کی شدت کے بارے میں جان سکیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا اور درس و تدریس سے وابستہ افراد نے کشمیری عوام کے منصفانہ نصب العین کے لئے اہم کردار اداکیا ہے۔