گورنمنٹ اسلامیہ کالج قصور کے پرنسپل ریٹائر ہوگئے’ الوداعی تقریب کا انعقاد

Lahore

Lahore

لاہور: گورنمنٹ اسلامیہ کالج قصور کے پرنسپل پروفیسر سرفراز احمد معین 33 سال کی سروس کے بعد ریٹائر ہو گئے۔ کالج میں ان کے اعزاز میں پر وقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس سے کالج کے سینئر پروفیسرز نے خطاب کرتے ہوئے اُن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر سرفراز معین نے کہا کہ میں اللہ کا شکر گزار ہوں کہ تینتیس سال کی سرکاری ملازمت کے بعد آج با عزت ریٹائر ہو رہاہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں آغاز سے ہی ایک مشن لے کر اس شعبے میں آیا تھا اور آج ریٹائرمنٹ کے موقع پر میرا ضمیر مطمئن ہے کہ میں نے اپنا فرض پورا کیا ہے ، تینتیس سال تک میں نے اس ملک کے بچوں کو زیور علم سے روشناس کروا کر اپنے حصے کی شمع جلائی ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ آنے والے اساتذہ بھی اپنے حصے کی شمع جلاتے رہیں گے اور تدریس کا کاروان جاری و ساری رہے گا۔اپنے الوداعی خطاب میں طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم انسان کا حقیقی زیور ہوتی ہے جس سے اُس کی اصلیت کا علم ہوتا ہے۔

کسی بھی قوم کی ترقی میں تعلیم کا بنیادی کردار ہوتا ہے ۔ تعلیم نہ صرف انسان کی سوچ میں رہنما ہوتی ہے بلکہ اس کی شخصیت سازی میں بھی اہم کردار کی حامل ہوتی ہے ۔تقریب کے آخر میں کالج کے طلبہ اور اساتذہ نے ریٹائرڈ پرنسپل کو الوداع کہا۔