وزیراعظم کا آج طبی معائنہ؛ اجازت ملی تو 8 جولائی کو واپس آئیں گے

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا آج لندن میں طبی معائنہ ہوگا جب کہ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے سفر کی اجازت دے سی تو وہ 8 جولائی کووطن واپس آجائیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف ہارٹ سرجری کے بعد ان دنوں لندن میں موجود ہیں جب کہ آج ان کا مکمل چیک اپ ہوگا، ڈاکٹر معائنے کے بعد وزیراعظم کے سفر کے قابل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کریں گے، ڈاکٹروں سے حتمی اجازت ملنے پر وزیراعظم واپسی کا شیڈول طے کریں گے، ذرائع کے مطابق اس بات کا قوی امکان ہے کہ ڈاکٹر انہیں مکمل صحتیابی کا سرٹیفکیٹ دے کر وطن واپسی کی اجازت دیں گے اور اگر ڈاکٹرز کی جانب سے سفر کی اجازت ملی تو وزیراعظم آئندہ جمعے کو لاہور آئیں گے۔

دوسری جانب وزیر اعظم کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، مریم نواز، خاندان کے دیگر افراد اور اہم وزرا ان کا استقبال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم لاہور پہنچنے کے بعد رائے ونڈ جائیں گے جہاں وہ اپنی والدہ سے ملیں گے، وزیراعظم چند دن رائے ونڈ میں گزارنے کے بعد اسلام آباد پہنچیں گے جہاں وہ پیر کے روز سے حکومتی امور باقاعدہ طورپرنمٹانا شروع کر دیں گے، وزیراعظم وطن واپسی کے 2 ہفتے قیام کے بعد سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ عمرے کی سعادت حاصل کریں گے۔