حکومت مذاکرات چاہتی ہے تو بلاول سے رابطہ کرے، خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

کراچی (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت 4 مطالبات پر مذاکرات چاہتی ہے تو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے رابطہ کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مطالبات پرمذاکرات پارلیمنٹ میں نہیں پارٹی قیادت کے ساتھ کرنے چاہئیں۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے پی پی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ اور سینیٹر اعتزاز احسن سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پی پی پی رہنما نوید قمر اور قمر زمان کائرہ بھی شریک تھے، ملاقات میں وزیر اعظم کے خلاف تحریک استحقاق اور کوئٹہ انکوائری کمیشن رپورٹ کو ایوان میں زیربحث لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں یہ طے کیا گیا کہ تحریک استحقاق اورسانحہ کوئٹہ انکوائری رپورٹ پر مشترکہ مؤقف اپنایا جائے گا۔