حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن کے ارکان کے ناموں کا تبادلہ کرنے پر اتفاق

Ishaq Dar and Khurshid Shah

Ishaq Dar and Khurshid Shah

اسلام آباد (جیو ڈیسک) حکومت اور اپوزیشن جمعرات کو الیکشن کمیشن اراکین کے ناموں کا تبادلہ کرنے پر متفق ہو گئی ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کہتے ہیں 25 جولائی تک الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کا تقرر کر دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات میں پاناما لیکس اور ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی ۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ بدھ کو دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کیلئے اجلاس بلا رکھا ہے ، اس لئے الیکشن کمیشن کے نئے اراکین کی نامزدگیوں سے متعلق اسحاق ڈار سے جمعرات تک وقت مانگا ہے۔

چودہ جولائی کو نئے اراکین کیلئے موزوں افراد کے ناموں کا تبادلہ ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں پاناما لیکس کے معاملے پر بات نہیں ہوئی ۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بائیس ویں آئینی ترمیم کے مطابق الیکشن کمیشن اراکین کی تقرری 45 روز میں ہونا ہے ، پچیس جولائی تک نئے اراکین کا تقرر کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اور اپوزیشن کی نامزدگیوں کے تبادلے کیلئے خورشید شاہ سے جمعرات کو دوبارہ ملاقات ہوگی۔