موجودہ حکومت عوام کے جان ومالی کی حفاظت کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، مفتی عبدالقادر جعفر

Mufti Abdul Qadir Jafar

Mufti Abdul Qadir Jafar

کراچی (پ ر) پاکستان یکجہتی کونسل سندھ کے صدر علامہ قاری سجاد تنولی، مرکزی سیکریٹری جنرل مفتی عبدالقادر جعفر، علامہ نورالرحمن رحمانی، سید ولی المکی، شعیب حسن زئی ودیگر نے چیف جسٹس سندھ کے بیٹے اویس شاہ کی بازیابی پر پاک فوج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے اویس شاہ کو دہشت گردوں کے چنگل سے بحفاظت بازیاب کرالیا پوری پاکستانی قوم کو اپنی پاک فوج پر فخر ہے موجودہ مشکل حالات میں وطن عز یز پاکستان میں الحمداللہ پاک افواج ہی تو ہے جو دن رات کام کررہی ہے اور اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر بے لوث اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے پاک دھرتی اور قوم کی خدمت کررہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی نااہلی کو تسلیم کرے ہوش کے ناخن لے ، حکومت عوام کی جان ومال کی حفاظت کرنے تک کے قابل نہیں۔جب سب کام پاک افواج نے ہی کرنا ہے تو حکومتیں کیاکررہی ہیں صرف پاکستان کو لوٹنے کیلئے جمہوریت قائم کررکھی ہے۔ اُنہوں نے کاکہا کہ مملکت خداد اد میں پاک فوج ہی ہے جس کے دل میں ملک وقوم کا درد ہے ،احساس ہے۔

قابل فخر ہے اس پاک دھرتی کا سپوت آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور اُن کی سپاہ کو ہم سلام پیش کرتے ہیں پاک افواج اور وطن عزیز کے قابل فخر سپاہیوں کو جو ملک وقوم کی حفاظت کرنے میں انتھک محنت اور کاوشیں کررہے ہیں اور اپنی جانوں تک کا نذرانہ پیش کرتے ہیں پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمیشہ پاک فوج نے وطن عزیز کے لئے آگے بڑھ کر کام کیا ہے اور پاک فوج کی وطن عزیزکے استحکام وسلامتی کیلئے دی گئی قربانیوں پر سلام پیش کرتے ہیں۔