پنجاب حکومت کے سکیورٹی احکامات کھوہ کھاتے

Security

Security

ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی) پنجاب حکومت کے احکامات کھوہ کھاتے۔ سانحہ لاہور کے بعد واہ کینٹ ٹیکسلا پبلک مقامات پر سکیورٹی کی انتہائی مخدوش صورتحال سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گئے، ٹیکسلا سرکل پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے میں ناکام ہو چکی ہے سکیورٹی ہائی الرٹ صرف بیانات تک محدود احکامات کی عدم پیروی پر متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ لاہور کے بعد حکومت پنجاب نے پولیس اور تمام سکیورٹی اداروں کو متنبہ کیا تھا کہ بالخصوص پارکوں کی سکیورٹی کو سخت بنایا جائے لیکن واہ کینٹ ٹیکسلا میں متعلقہ اداروں نے حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑا دیا واہ کینٹ ٹیکسلا میں بچوں کے پارک موجود ہیں جہاں سر شام بچوں اور ان کے والدین کا بے پناہ رش ہوتا ہے۔

دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے سد باب کے لئے ضروری تھا کہ پنجاب حکومت کے احکامات پر سختی سے عمل ہوتا مگر صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے پارکوں میں موجود افراد کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مقامی پولیس نے گشتی نظام کو مؤثر بنانے کے لئے کسی قسم کے اقدامات نہ کئے جبکہ دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی اس میں خاموش ہیں۔

جبکہ ٹیکسلا سرکل میں تین تھانوں میں بھاری نفری ان مقامات پر سکیورٹی فرائض انجام دینے کی بجائے خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہی ہے عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ دہشتگردی کے سدباب کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں تاکہ مقامی پولیس کا قبلہ درست ہو سکے۔