حکومت دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں اوور سیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری پالیسیوں کے سبب ملک کی معاشی حالت میں بہت بہتری آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور 2008ء سے اب تک میں نے دوسری سرکاری گاڑی نہیں لی، پہلی ہی سے کام چلا رہا ہوں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کی سول اور ملٹری قیادت ایک ہی پیج پر ہے، حکومت دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب نہایت کامیابی سے جاری ہے اور ملک عنقریب دہشتگردی کی عفریت سے پاک ہو جائے گا۔ اس سے قبل لندن پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تعلیم صحت اور سکیورٹی کے شعبوں میں برطانیہ کا تعاون بے مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو توانائی بحران اور دہشتگردی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ تاہم، 2017ء تک توانائی بحران پر قابوپا لیں گے۔ توانائی بحران کے خاتمے کے ساتھ ہی ملک میں سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہو گا۔