گجرات کی خبریں 1/10/2016

GPI

GPI

گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ، ڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ آج یکم اکتوبر بروز ہفتہ سہ پہر 5 بجے سرکٹ ہائو س میں کور امن کمیٹی ممبران کے ہمراہ محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کریں گے۔
……………………………
گجرات (جی پی آئی) ممتاز عالم دین علامہ ارشد محمود نقشبندی کی دعوت ولیمہ ملن میرج ہال میں منعقد ہوئی۔ جس میں اہم شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مہمانوں کا استقبال علامہ انصر محمود انجم’ حافظ محمد فیاض سلطانی’ کاشف شریف مصطفائی’ قاری محمد شفیق سیالوی’ صاحبزادہ حامد رضا نے کیا۔ اس موقع پر علامہ عبدالرشید اویسی’ علامہ عبدالوحید جلالی’ علامہ ابو تراب بلوچ’ عنصر محمود انجم’ قاری محسن رضا قادری’ علامہ راشد نقشبندی’ علامہ عبدالستار چشتی’ علامہ قاری عبدالخالق نقشبندی’ علامہ قاری سلیم سیالوی’ علامہ قاری مختار سعیدی’ استاد نذیر احمد’ مولانا جمیل صدیقی’ صوفی اشرف ‘ مولانا فیاض سلطانی’ مولانا حسنات جلالی’ قاری حنیف جلالی’ صاحبزادہ شبیر سیفی’ صوفی نور حسن’ صوفی محمد ارشد’ عادل جاوید’ صوفی آفتاب’ علامہ عبدالرئوف’ ٹھیکیدار چوہدری حسن اختر’ مہربان حسین’ محمد عرفان’ علامہ قاری اسلم’ مولانا سکندر’ مولانا عبدالخالق’ چوہدری مجید اللہ ملہی’ حافظ امجد محمود’ حافظ الیاس جلالی سوہل خورد و ‘ حافظ کرامت حسین’ ڈاکٹر رزاق احمد غفاری’ چوہدری شکیل گجر آف معروف’ دیگر شریک تھے۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی)گزشتہ روز پاکستان آرمی کے افسران نے محرم الحرام کے سلسلہ میں منعقدہ جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ممتاز مذہبی شخصیت سید الطاف عباس کاظمی اور سید مظہر شاہ’ خادم علی خادم’ نے انکا استقبال کیا۔ اور انہیں گجرات میں محرم الحرام کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ پاکستان آرمی کے میجر شعیب نے تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ محرم الحرام کے دوران بھر پور حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے اور پاکستان آرمی انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔ انہوں نے حسینیہ ٹرسٹ گجرات کا بھی دورہ کیا جہاں پر انہیں حفاظتی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر تمام شرکاء نے انتظامات کے حوالے سے بھی انتظامیہ کو سراہا۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی) صدر کاٹیج فرنیچر ایسوسی ایشن چوہدری منور پڈا اور انکے بھتیجے محمد شعیب پڈا جو گزشتہ روز رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے تھے۔مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے ختم قل آج صبح 10 بجے جامع مسجد غوثیہ محلہ نور پور پڈھے میں منعقد ہوگا۔ دوست احباب سے شرکت کی اپیل کی جاتی ہے۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی) ممتاز سماجی شخصیت چوہدری عمر گجر ‘ کی رہائشگاہ پر عظیم الشان محفل میلاد مصطفی کا انعقاد کیا گیا۔ ممتاز ثناء خوان رسول قاری محسن رضا قادری نے تلاوت قرآن پاک کا شرف حاصل کیا اور خوبصورت انداز میں نعت رسول و منقبت پیش کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی یو اے ای کی ممتاز شخصیت چوہدری محمد شکیل گجر آف معروف تھے۔ چوہدری عمر گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی پاک ۖ کی مداح بیان کرنا اور سننا بڑے نصیب کی بات ہے۔ اور وہ لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں جو حضور ۖ کی محافل سجاتے ہیں۔ میں قاری محسن رضا قادری اور انکے رفقائے کار کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہمیں اس بات کا موقع دیا کہ ہم اپنی رہائشگاہ پر سرکار کی محفل کا انعقاد کر سکے۔ اس موقع پر ڈاکٹر رزاق احمد غفاری و دیگر بھی موجود تھے۔ ملکی ترقی و سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی) جامعہ گجرات میں دو روزہ قومی کانفرنس ” ترجمہ اور قومی زبانیں” کا اختتام اس متفقہ جائزہ کے ساتھ ہو گیا کہ موجودہ دور میں تراجم اعلیٰ علمی وسائل تک رسائی کا ذریعہ بنتے ہوئے قومی یکجہتی کے فروغ کا باعث بنیں گے۔ علاو ہ ازیں قومی زبانوں کے فروغ کے لیے تراجم اہم کردار ادا کرتے ہوئے علمی و تحقیقی سرگرمیوں کو معراج پر پہنچانے کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں۔ ممتا ز دانشور ، کالم نگار اور مصنف و شاعر ڈائریکٹر PILACڈاکٹر صغریٰ صدف نے کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی زبانوں کے فروغ کے لیے تراجم کی اہمیت سے انکار ناممکن ہے۔ تراجم کسی بھی زبان کے علمی و ادبی ڈھانچہ کو مضبوط بناتے ہوئے اسے نئے اسالیب و بیانیہ سے روشناس کرواتے ہیں۔ پاکستان کی تمام علاقائی زبانیں ہماری قومی زبانیں ہیں اور ان کی ترقی و ترویج کے لیے کوشش اجتماعی قومی فریضہ ہے۔ جامعہ گجرات میں اس دو روزہ قومی کانفرنس کا اہتمام مرکز برائے السنہ و علوم ترجمہ نے ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے تعاون سے کیا تھا اور ملک بھر سے ممتاز ماہرین لسانیات، اساتذہ، دانشوروں اور مختلف جامعات کے طلبہ نے شرکت کرتے ہوئے ترجمہ سے وابستہ سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ کانفرنس کے اختتامی دن کُل دو اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ پہلے اجلاس کی صدارت کا فریضہ بلوچستان سے تشریف لانے والے ممتاز استاد و دانشور ڈاکٹر عرفان بیگ نے سرانجام دیا جبکہ ڈاکٹر طارق رحمان، ڈاکٹر کنول زھرا، ڈاکٹر خضر نوشاہی اور ڈاکٹر محمد اقبال بٹ نے ترجمہ کے حوالہ سے مختلف موضوعات پر اپنے مقالہ جات پیش کیے۔ ڈاکٹر طارق رحمان نے قرآن حکیم کے فارسی تراجم کے حوالہ سے تاریخی ولسانی پہلوئوں پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر عہد کے سیاسی و سماجی حالات مختلف زبانوں سے تراجم پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں۔ ایک بہترین مترجم کا بنیادی فریضہ ایک زبان کے متن کو دیانتداری سے دوسری زبان میں تشکیل دینا ہے۔ ڈاکٹر کنول زھرا نے ترجمہ اور قومی زبان کے نو آبادیاتی تناظر کے حوالہ سے کہا کہ زبان اور قومی شناخت کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ مختلف ترجمہ شدہ متوّن کے ثقافتی و تہذیبی پہلوئوں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ نوآبادیاتی دور میں تراجم کو اذہان کی تسخیر کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر خضر نوشاہی نے فارسی زبان و ادب کی اہمیت، افادیت و ضرورت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم تہذیب کے ادراک اور برصغیر پاک وہند کے ماضی کو سمجھنے کے لیے فارسی زبان کی اہمیت واضح ہے۔ مسلمانوں کی متعدبہ علمی میراث فارسی زبان میں ہے۔ ڈاکٹر عرفان بیگ نے بلوچی زبان پر فارسی اثرات کو واضح کیا۔ ڈاکٹر محمد اقبال بٹ نے فن ترجمہ کی ضرورت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ترجمہ نئے علم کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ترجمہ نگاری ضمنی علمی سرگرمی نہیں بلکہ علم کی تشکیل کا ذریعہ ہے۔ دوسرے اجلاس کی صدارت کا فریضہKPKسے ڈاکٹر نصراللہ وزیر نے سرانجام دیا جبکہ صاحبزادہ احمد ندیم نے اُردو میں قرآنی تراجم و تفاسیر کے حوالہ سے تحقیقی مقالہ پیش کیاانہوں نے کہا کہ ترجمہ مہارت و محنت کا مرہون منت ہے۔ کوئی بھی ترجمہ حرف آخر کی حیثیت نہیں رکھتا، ترجمہ میں بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے۔ قرآن پاک کے ترجمہ کے لیے اکیس علوم سے واقفیت ضروری ہے۔ صدر مرکز برائے السنہ و علوم ترجمہ ڈاکٹر غلام علی نے کہا کہ ترجمہ نگاری ایک سماجی و ثقافتی عمل ہے۔ نوآبادیاتی دور میں مقامی زبان کے ادب کو ایک خاص مقصد اور منصوبہ کے تحت یورپی زبانوں میں منتقل کیا گیا کیونکہ استعماری طاقتوں کے لیے مقامی لوگوں کے کلچر کو سمجھنا ضروری تھا۔ ڈاکٹر نصراللہ وزیر نے کہا کہ مقامی و علاقائی زبانوں کی ترقی و ترویج ہی وفاق پاکستان کی مضبوطی کی علامت ہے۔راجہ عتیق انور نے کہا کہ ہماری مقامی و علاقائی زبانیں صوفیانہ روایت کو فروغ دیتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمہ کی علامت ہیں۔ اس دو روزہ قومی کانفرنس میں یہ تجویز بھی پیش کی گئی کہ پاکستان کی مختلف مقامی و قومی زبانوں کو ایک دوسرے کے صوبوں میں بطور مضمون پڑھانے سے قومی یکجہتی میں اضافہ ہو گا۔ فروغ کا اعادہ کرتے ہوئے ایک یاد گاری کیک کاٹنے کا اہتمام کیا گیا۔ اس خصوصی تقریب میں ملک بھر سے ماہرین لسانیات، دانشوروں ، اساتذہ اور مختلف جامعات کے طلبہ نے شرکت کی۔ اس یادگاری کیک کو کاٹنے کی تقریب میں معروف دانشور وتجزیہ نگار وسعت اللہ خاں، معروف کالم نگار یاسر پیرزادہ، گل نوخیز اختر، حبیب اکرم، بلوچستان اورKPKسے معروف ماہرین لسانیات ڈاکٹرعرفان بیگ اور ڈاکٹر نصراللہ وزیر، صاحبزادہ احمد ندیم، صدر مرکز برائے السنہ و علوم ترجمہ ڈاکٹر غلام علی، ڈائریکٹر پریس و میڈیا شیخ عبدالرشید ، چیف لائبریرین کاظم سید، مختلف شعبہ جات کے صدور، چیئرپرسن واساتذہ کے علاوہ طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترجمہ کا عمل زبانوں کی علمی حیثیت کو بارآور بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ موجودہ گلوبلائزیشن کے حوالہ سے مختلف زبانوں میں تراجم کی اہمیت از حد بڑھ چکی ہے۔ جامعہ گجرات کا مرکز برائے السنہ و علوم ترجمہ قومی زبانوں کی ترقی و ترویج اور علوم ترجمہ کی سرگرمیوں کو وسیع بنانے کے لیے اہم خدمات سرانجام دیتے ہوئے ملکی یکجہتی کی علامت بن کر اُبھر رہا ہے۔ یاد رہے کہ دنیا بھر میں ہر سال 30ستمبر کوعالمی یوم ترجمہ منایا جاتا ہے جس کا مقصد دنیا بھر کی زبانوں میں مختلف علوم و فنون کا ترجمہ کرنے والے مترجمین کی انتھک کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہنا ہوتاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے کیبل پر حکیموں اور عطائیوں کے اشتہارات چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے، جعلی ادویات کی فروخت اور لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عطائیوں کے خلاف کریک ڈائون مزید سخت کیا جائے گا، یہ فیصلہ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر الطاف حسین ، تینوں تحصیلوں کے ڈرگ انسپکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں جعلی ، زائد المعیاد ادویات کی فروخت ، عطائی ڈاکٹروں کے خلاف 29کیسز کی سماعت کی گئی اور متعدد کے خلاف مقدمات پراسکیوشن کیلئے عدالت کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا، دیگر کو ضمانتی بیان حلفی داخل کرانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کیبل نیٹ ورک پر عطائی ڈاکٹروں، دواخانوں کے اشتہارات کو بھرمار ہے اور یہ افراد لوگوں کو مالی نقصان پہنچانے کے ساتھ انکی صحت سے بھی کھیل رہے ہیں۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ہدایت کی کہ کسی کیبل آپریٹر کو ایسے اشتہارات چلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کاروائی ہوگی۔ انہوںنے محکمہ صحت کے افسران اور ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ جعلی ادویات کے دھندے میں ملوث کسی بھی فرد سے ہرگز کو ئی رعایت نہ کی جائے۔ انہوںنے کہا کہ گجرات میں سرکاری ہسپتالوں میں بہترین سہولیات دسیتاب ہیں ضلع میں کسی بھی عطائی ڈاکٹر کو کام کرنے کی ہز گز اجازت نہ دی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ، سوشل سکیورٹی اور اولڈ ایج بینفٹس ڈیپارٹمنٹ محنت کشوں اور انکی فیملیز کی رجسٹریشن کا عمل تیز کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈسٹرکٹ ویجلینس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ای ڈی او سی ڈی چوہدری محمد اصغر ، ڈی او لیبر عضنفر علی ، لیبر راہنما پیرزادہ امتیاز سید ، صدر بھٹہ مالکان چوہدری محمد ریاض ، محمد علی و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈی سی او نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومت پنجاب نے بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں، بھٹہ مزدوروں کے بچوں کیلئے سکولز بنانے کے ساتھ انہیں وظیفہ ، وردی اور کتابیں مفت دی جارہی ہیں ۔ا نہوںنے واضع کیا کہ کسی بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر پائی گئی تو مالک ، منشی اور بچے کے باپ کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا۔ انہوںنے لیبر ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ بھٹہ خشت مالکان اور لیبر یونین کیساتھ ملکر مزدوروں کو مقررہ اجرت کی فراہمی یقینی بنائیں ۔ انہوںنے کہا کہ بھٹہ خشت پر قائم کئے جانیوالے سکولوں میں طلبہ و طالبات کی حاضری یقینی بنائی جائے وہ خود بھی ان تعلیمی اداروں کا دورہ کریں گے۔ اجلاس میں شرکاء نے بھٹہ خشت مزدوروں کی بہتری کیلئے مختلف اقدامات تجویز کئے۔
…………………..
گجرات(جی پی آئی) ڈی ایس پی ٹریفک عبدالغنی کی زیر قیادت ون ویلنگ ، روڈ سیفٹی ، ٹریفک قوانین سے آگاہی کے حوالے سے واک کا انعقاد کیا گیا ، شرکاء نے ڈی ایس پی ٹریفک کے دفتر سے جی ٹی ایس چوک تک مارچ کیا ۔ انچارج ایجوکیشن ونگ رائو محمد ارشد ، ملک جاوید اختر اعوان ، احسن اے ایس آئی ، فضل عباس اے ایس آئی ، نعیم بٹ ، سہیل ارشد ، حاجی مستنیر ، عبدالرحمان ، روبیل ،و دیگر نے شرکت کی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈی ایس پی ٹریفک عبدالغنی نے کہا کہ ون ویلنگ نہایت خطرناک اور جان لیوا کھیل اور سنگین جرم ہے حکومت پنجاب کے قوانین کے تحت ون ویلنگ کرنے والے کے خلاف تھانہ میں مقدمہ درج کروایا جائے گا جس میں ملزم کو 6ماہ قید اور 5ہزار روپے جرمانہ کی سزا ہو سکتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں ، موٹر سائیکل پر 2سے زائد افراد کا سوار ہونا جرم ہے ، کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل اور گاڑی چلانے کیلئے ہرگز نہ دی جائے انہوں نے کہا کہ ڈرائیور حضرات دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنائیں ، گاڑی چلاتے وقت موبائل فون کا استعمال ، سرخ اشارے پر نہ رکھنا قانوناً جرم ہے ۔ ہمیشہ دائیں طرف سے اوورٹیکنگ کی جائے اور انڈکیٹر استعمال کیا جائے انہوں نے کہا کہ بغیر لائسنس ، اوورلوڈنگ ، چارجنگ گاڑی چلانا جرم ہے ڈرائیورز حضرات کمرشل گاڑیوں کے روٹ پرمٹ ، فٹنس سرٹیفکیٹ کی بروقت تجدید کروائیں ، کسی حادثہ کی صورت میں 1122اور 15پر اطلاع کریں ،
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے اسلامی مہینہ محرم الحرام مقدس نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے یزیدکی اسلام کے خلاف ناپاک جسارت کے خلاف قیام کربلا اور ان کے باوفا ساتھیوں کی کربلا میں شہادت کی یاد دلاتا ہے۔ محرم الحرام یزیدیت کے خلاف درس دیتا ہے، ہمیں حسینیت کا پیر و کار بننا ہے، کسی کو تفرقے کا موقع نہ دیں۔ علما کو چاہیے کہ وہ محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنائیں۔ہجری سال کے اس پہلے مہینے میں اتحاد امت نظر آنا چاہیے جو ہر سال حج بیت اللہ کے موقع پر نظر آتاہے کہ شیعہ سنی، اہلحدیث، حنبلی ،مالکی اور دیوبندی کی کوئی تفریق نہیں رہتی۔ آستانہ حسینی سرکار ملتان روڈ پر خطبہ جمعہ میں پیر معصو م نقوی نے کہا کہ حضرت امام حسین سب مذاہب اور مسالک کے ہیں، کسی ایک فرقے کے نہیں، اس لئے ان کی عظیم قربانی کی یاد کے مہینے میں فرقہ پرستی، بغض و عناد اور کفروشرک کے نعروں سے گریز کیا جائے۔ تمام کلمہ گو مسلمان ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کی آمد کے ساتھ ہی شرپسند عناصر متحرک ہوجاتے ہیں، تاکہ فرقہ واریت کو ہوا دی جاسکے، لیکن تمام مکاتب فکر یکجہتی کا مظاہرہ کرکے ایسے شرپسندوں کو ناکامی اور شرمندگی سے دوچار کردیں کیونکہ ہم سب امت واحدہ ہیں،جو ایک خدا، ایک رسول پر ایمان رکھتی اور کعبہ کی طرف منہ کرکے نماز پڑھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جوایک لاکھ چوبیس ہزار انبیا علیہم السلام ، آسمانی کتب اور پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلٰہ وسلم کے آخری نبی ہونے پر ایما ن رکھتے ہیں وہ مسلمان ہیں ، ان کی عزت و تکریم کا خیال رکھنا ہم سب کا فرض ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نارووال(جی پی آئی)شہادت فاروق و حسین سے اسلام کو سر بلندی میسر آئی ۔خلیفۂ دوئم سیدنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ چراغ امت اور مصلحِ دین تھے ۔22قرآنی آیات کا نزول آپ کی مرضی پر ہونا اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ مزاجِ عمر رضی اللہ عنہ مزاجِ خدا کے کتنا قریب تر تھا ۔ گستاخِ رسول ۖ کو قتل کر کے حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے ثابت کر دیا کہ عشقِ رسول ۖ و ناموسِ رسالت پر سودے بازی اور مصلحت پسندی نہیں ہو سکتی ۔ جبکہ نواسۂ رسول سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنے جذبہ سے یزیدی فکر کو کربلا کی ریت تلے ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا ۔امام حسین رضی اللہ عنہ کا دوسرا نام دین ہے ۔شاہ کربلا نے دشمنِ اسلام پر یزید پلید کو بتا دیا کہ یہ سرکٹ تو سکتا ہے مگر کسی فاسق کے سامنے جھک نہیں سکتا ۔ آج پھر فکر حسینی علیہ السلام اور فکر یزیدی کی جنگ ہے ۔دہشت گرد یزیدی ہیں جبکہ اپنے خون سے ملک و ملت کا دفاع کرنے والے حسینی علیہ السلام ہیں۔ ہم فکرِ فاروق و حسین رضی اللہ عنہما کو عام کر کے یزیدی سوچوں پر ضربیں لگاتے رہیں گے ۔ان خیالا ت کا اظہار مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک اویسیہ پاکستان و چیئرمین ادارہ تاجدار یمن پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی سجادہ نشین مرکز اویسیاں نارووال نے مرکزی جامع مسجد حنفیہ نقشبندیہ رضویہ چوبارہ میں دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ و شہید اعظم علیہ السلام نے ہمیں قوم کا اصلا ح اور فلاح کا درس دیا ۔سوادِ اعظم اہلسنت پاکستان بنانے والے اور بچانے والے ہیں ۔پاک فوج وطن عزیز کے تحفظ کے لئے پر عزم ہے اور پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کا فریضہ سر انجام دے گی ۔ بھارت نے اگر جنگ مسلط کرنے کی غلطی کی تو پاش پاش ہو جائے گا۔ پاکستان ہماری جان اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ ہمارے کشمیری بھائیوں پر بھارت نے جو ظالم و ستم ڈھائے ہیں اور ڈھارہا ہے جس طرح پاکستان میں دہشت گردی کر رہا ہے پوری پاکستانی قوم بھارت سخت نفرت کرتی ہے ۔پاکستانی قوم کو چاہیے کہ بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کرے ۔ بھارتی فلمیں دیکھنا اور بھارتی تہذیب و ثقافت کو اپنا نابند کرے ۔پاکستان کی ترقی اور بقا ہماری ترقی و بقا کی ضامن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جذبہ حب الوطنی عین ایمان ہے ۔پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے کی آنکھ نکال دی جائے گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نارووال(جی پی آئی)معروف عالم دین و تحریک اویسیہ پاکستان ضلع سیالکوٹ کے صدر حافظ محمد لقمان اویسی کے تایا جان ملک مقبول احمد مرحوم قضائے الہٰی سے انتقال کر گئے ان کی نماز جنازہ آستانہ عالیہ کلی شریف پر ادا کی گئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔ حافظ محمد لقمان اویسی سے ملک بھر سے پیر سید منور حسین شاہ جماعتی سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت امیر ملت علی پور سیداں شریف، پیر غلام رسول اویسی سجادہ نشین آستانہ عالیہ اویسیہ علی پور چٹھہ شریف، علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی سجادہ نشین مرکز اویسیاں نارووال، پیر محمد عارف ہزاروی سجادہ نشین درگاہ عالیہ حضرت شیخ القرآن وزیر آباد، پیر محمد ظہور واصف بڈیانوی سجادہ نشین واصفی آستانہ بڈیانہ شریف، چوہدری محمد یعقوب اویسی ایڈووکیٹ صد ر تحریک اویسیہ پاکستان ضلع نارووال، حافظ محمد عرفان اسلام اویسی صدر بزم رضائے محمد ۖ ضلع نارووال، قاری محمد ارشد اویسی ناظم تحریک اویسیہ پاکستان ضلع نارووال ،محمد عاصم بشیر اویسی ،علامہ محمد ریاض الدین صدیقی ، قاری محمد یوسف بٹ نقشبندی، محمد سجاد اویسی ، علامہ یامین مدنی چیئرمین امن فورم انٹرنیشنل اور دیگر علماء و مشائخ نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعا مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوات(جی پی آئی)اینٹی کارلفٹنگ سیل کے انچارج سب انسپکٹرمحمدعمر خا ن نے کہاہے کہ سوات میں چوری کی گاڑیوں کا سدباب کرنے کیلئے سیل بڑے سائنٹفک طریقے سے گاڑیوں کی چیکنگ کررہاہے جس کے دورا ن اب تک چوری کی سینکڑوں گاڑیاں پکڑی جاچکی ہیں جنہیں قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد اصل مالکوںکے حوالے کردیا گیا ہے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ محکمہ پولیس نے ڈویژن بھر میں چوری کی گاڑیوں کو پکڑنے اورگاڑیوں کی چوری کا سلسلہ ختم کرنے کیلئے کمپیوٹر ائزڈطریقہ اپنالیا ہے جس کے تحت بڑی آسانی سے چوری کی گاڑیو ں کا پتہ لگایاجاتا ہے،انہوں نے کہاکہ ہماری ٹیم بڑے مہذب اندازمیں مشکوک گاڑیوں کو روک کر ان کی چیکنگ کرتی ہے اورجو گاڑی غیر قانونی یا چوری کی ہو اس کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لاتی ہے اوریہ سلسلہ چوری کی گاڑیوں کے مکمل خاتمہ تک جاری رہے گا ،انہوںنے کہاکہ ظاہری بات ہے کہ گاڑیاں چوری کرنا ایک جرم ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ ان گاڑیوں کو بڑی وارداتوں کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے لہٰذہ محکمہ پولیس نے اس سلسلے کو رکواناوقت کا اہم ترین تقاضا قراردیا اور اس ضمن میں عملی اقدامات اٹھاناشروع کردئے جو کہ تاحال جاری ہے اور جاری رہے گا ،انہوںنے کہاکہ چوری کی گاڑیوں کے مکمل خاتمہ تک ہمیں عوام اور خصوصاََ میڈیا کے تعائون کی اشد ضرورت ہے لہٰذہ انہیں کہیں بھی کوئی مشکوک گاڑی نظر آئے تو اس کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ اس کیخلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان اور سعودی عرب کیخلاف امریکہ اور بھارت کی سازشوں کا ہر سطح پر مقابلہ کریں گے۔ سعودی عرب اور عرب ممالک کی طرف سے پاکستان کی مکمل تائید و حمایت کے اعلان کے بعد سعودی عرب کے خلاف قانون سازی کی گئی ۔ بھارتی جنگی جنون جلد ختم ہوجائے گا۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد دارالعلوم حنفیہ لبرٹی مارکیٹ لاہور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر حافظ شعیب الرحمن ،مولانا محمد مشتاق لاہوری،مولانا اسلم قادری،مولانا عبد القیوم بھی موجود تھے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ شام ،عراق،لیبیائ،کی تباہی کے بعد اب امریکہ اور اس کے حواریوں کا ہدف سعودی عرب اور پاکستان ہیں۔بھارتی جارحیت کو امریکہ سرپرستی حاصل ہے اور پاکستان کی حمایت سے روکنے کیلئے سعودی عرب کیخلاف امریکہ میں قانون سازی کی گئی ہے جسے ملت اسلامیہ مسترد کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ 9/11کے بعد پورا عالم اسلام دہشتگردی کا شکار ہے۔سعودی عرب کو عدالت میں لیجانے کی قانون سازی سے قبل امریکہ ،افغانستان سے لیکر کیوبا تک کے بے گناہ انسانوں کے بہنے والے خون کا حساب دے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ،بھارت اور ان کے حواری جان لیں کہ ان کی پیدا کردہ مشکلات مسلم امہ کے اتحاد کو کمزور نہیں کرسکتیں۔سعودی عرب اور پاکستان کی سلامتی و استحکام ایک دوسرے کے ساتھ مربوط ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارتی جارحیت اور امریکی قانون سازی کیخلاف فوری طور پر اسلامی سربراہی کانفرنس کا اجلاس بلایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی اور عالمی صورتحال پر 5اکتوبر کو اسلام آباد میں ”وحدت امت کانفرنس”منعقد ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے کوئی کمزور یا طفیلی ریاست نہیں جس پر حملہ کرنا آسان ہو۔پاکستان پرجارحیت بھارت کی آخری غلطی ثابت ہو گی۔بھارت ہوش کے ناخن لے کیونکہ دونوں ملکوں کے مابین جنگ کی صورت میں اس خطہ کے علاوہ دنیا بھر کے عوام متاثر ہونگے جبکہ بھارت دنیا کے نقشے سے مٹ جائے گا۔ پاکستان کو عالمی برادری میں تنہا کرنے، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی میں ہماراپانی روکنے، پسندیدہ ریاست قرار دینے کا اعلامیہ واپس لینے اورسرجیکل سٹرائیک کی دھمکیاں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی گیدڑ بھبکیاں ہیں۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ مسلح افواج ہرقسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ سپہ سالار جنرل راحیل شریف پر عوام اعتماد کرتی ہے اور انکے عزم نے ساری قوم کا حوصلہ بڑھایا ہے۔ ہمیں ملکی دفاع، سالمیت اور خودمختاری پڑوسی ملک سے تجارت سے زیادہ عزیز ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔انھوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کی برامدات کو تباہ کرنے کیلئے اپنے برامدکنندگان کو خفیہ سبسڈی دیتا ہے، پاکستان میں علیحدگی کی تحریکوں کی حمایت کی جا رہی ہے، دہشت گردی کی مدد جاری ہے جبکہ اسکی جانب سے بیس سال قبل پاکستان پسندیدہ ریاست قرار دیا جانا ایک ڈرامہ تھا۔محصولاتی و غیر محصولاتی رکاوٹوں کی وجہ سے ایم ایف این سے پاکستان کو کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ تجارت کو توازن ہمیشہ بھارت کے حق میں ہی رہا۔انھوں نے کہا کہ بھارت اور کئی ممالک کو پاکستان کی ترقی اور اقتصادی راہداری منظور نہیں اسلئے سازشوں کا جال بنا جا رہا ہے۔ پاکستان فوری طور پر بھارت سے ہر قسم کے تجارتی تعلقات پر فوری نظر الثانی کرے اور اسے افغانستان کیلئے زمینی راستہ نہ دیا جائے کیونکہ اس سے ملک میں را کے ایجنٹوں کا عمل دخل بڑھ جائے گا اوردہشت گردی میں اضافہ ہو گا۔ پاکستان دہشت گرد نہیں بلکہ اسکا شکار ہے اور ہزاروں جانیں اور اربوں ڈالر کے نقضانات بھگت چکاہے۔ بھارت دہشت ملک ہے جس کا ثبوت کشمیرمیں نہ ختم ہونے والے مظالم ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ق لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصررمضان گجر نے کہا ہے کہ حکومت کی مایوس کن کارکردگی سے عوام مایوس ہوچکے ہیں عوام طفل تسلی نہیں بلکہ اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں ۔حکومت کے معاشی ترقی کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں ملکی ترقی کے حکومتی دعوئوں میں کوئی صداقت نہیں حکومت کی جانب سے 2018میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا وعدہ جھوٹی تسلی کے سوا کچھ نہیں کیونکہ بین الاقوامی توانائی کے ادارے کی پاکستان کے متعلق رپورٹ میں واضح کردیا گیا ہے کہ 2018میں بھی مکمل لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ممکن نہیں کیونکہ بجلی کی پیداوار کے ساتھ ساتھ بجلی کی طلب میں بھی کئی گناہ اضافہ ہوجائے گا ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ناصر رمضان گجر نے کہا کہ حکومت کالا باغ ڈیم سمیت سستی بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو نظر انداز کرکے توانائی حل میں غیر سنجیدگی کا مظاہر ہ کررہی ہے۔توانائی بحران بڑے ڈیموں کی بروقت تعمیر مکمل نہ کرنے سے ہوا اب بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ کے خلاف ورزیوں اور دریائوں کے پانی روکنے سے پاکستانی زمین بنجر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارت کی کنٹرول لائن پر فائرنگ اور پاکستانی فوجیوں کی شہادت کے بعد حکومت کو بھارت کے ساتھ تجارت ختم کردینے کا اعلان کرنا چاہیے تھا لیکن حکمرانوں کی طرف سے ایسا اعلان نہ کرکے قوم کو مایوس کیا گیا ہے کیونکہ حکمرانوں کے بھارت میں کاروبار متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بھارت کو راست جواب دیا جائے پاکستانی قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ ہے ۔