گجرات کی خبریں 16/11/2015

Gujarat

Gujarat

گجرات (جی پی آئی) محکمہ ہیلتھ اور ٹی ایم اے گجرات کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے ضلع گجرات کا پوش علاقہ ماڈل ٹائون آوارہ اور خارش زدہ کتوں کی آماجگاہ بن گیا۔ ماڈل ٹائون مختلف مقامات پر یہ کتوں کثرت میں موجود ہیں۔ اور بیماریوں کا سبب بن رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹائون میں جگہ جگہ آوارہ کتے پائے جاتے ہیں بارہا ٹی ایم اے کے حکام کو آگاہ کرنے کے باوجود ان کتوں کو تلف کرنے کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے جا سکے۔ یہ کتے علاقہ میں بیماری کا باعث بن رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کتوں کو فوری طور پر تلف کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ماڈل ٹائون ویلفیئر سوسائٹی رجسٹرڈ کے صدر چوہدری شہر یار بھدر ‘ سید تسنیم افتخار ایڈووکیٹ ‘ طاہر صادق بٹ ایڈووکیٹ’ چوہدری سجاد حسین باٹھ ایڈووکیٹ’ مرزا لطیف ‘اشفاق احمد رضی ایڈووکیٹ’ اعجاز احمد’ ظفر بٹ’ و دیگر عہدیداران نے مشترکہ بیان میں ڈی سی او گجرات اور ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے گجرات سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں۔

………………………………………………………
………………………………………………………

گجرات (جی پی آئی) پنجاب بھر میں بیت المال کمیٹیاں فعال نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں روپے کے سالانہ فنڈز غریبوں کی پہنچ سے دور ہو گئے۔ ضلع گجرات میں یکم جنوری 2014ء بیت المال کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔ جس کی وجہ سے 50 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز ضائع ہو رہے ہیں۔ جہیز فنڈز ایجوکیشن فنڈز اور مالی امداد کے فنڈز غریبوں کی پہنچ سے دور ہو چکے ہیں۔ اگر یہ کمیٹیاں قائم نہ کی گئیں تو یہ فنڈز واپس چلے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو چاہئے کہ فوری طور پر بیت المال کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کریں اور غریب و مستحق عوام کو فنڈز فراہم کئے جائیں۔

………………………………………………………
………………………………………………………

گجرات (جی پی آئی) ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر نے 99 غیر فعال اور گھوسٹ NGOs’ کی رجسٹریشن کینسل کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع گجرات میں تین سو سے زاہد این جی اوز رجسٹرڈ تھیں جن میں سے ایسی NGO سالہا سال سے متحرک نہ ہیں اور نہ ہی انہوں نے اپنا آڈٹ کروایا ہے انہیں فوری طور پر نوٹس جاری کرنے کے بعد ان کی رجسٹریشن کینسل کر دی گئی ہے اور انہیں کام کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ DO سوشل ویلفیئر امجدفاروق کلیر نے بتایا کہ ضلع گجرات میں حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ایسی این جی او کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے جو کہ سالہا سال سے غیر فعال اور آڈٹ کروانے سے گریزاں ہیں۔ انہیں نوٹس جاری کئے گئے مگر انکی جانب سے کوئی رسپانس نہیں ملا جس کی وجہ سے ان کی رجسٹریشن کینسل کر دی گئی۔ جبکہ مزید 177 این جی اوز کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

………………………………………………………
………………………………………………………

گجرات (جی پی آئی) ضلع گجرات کا اہم ادارہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ وومن ڈویلپمنٹ اینڈ بیت المال افرادی کمی کا شکار ۔ سالہا سال سے سیٹیں خالی پڑی ہیں۔ اس وقت صرف 10 میں سے 2 افسران کام کر رہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق MSO عزیز بھٹی شہید ہسپتال’ سوشل ویلفیئر آفیسر ڈسٹرکٹ جیل گجرات ‘ سپرنٹنڈنٹ دار الامان ‘MSO تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کھاریاں’ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر لالہ موسیٰ ‘ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر کھاریاں’ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر جلالپور جٹاں’ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر گجرات متعلقہ محکمہ کو بارہا لیٹر لکھے گئے مگر ابھی تک کسی بھی افسر کی تقرری کے نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوئے۔ عوام ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ فوری طور پر حکومت پنجاب ان افسران کی تقرری کے نوٹیفکیشن جاری کرے تاکہ عوام کی فلاح کے کام ہو سکیں۔

………………………………………………………
………………………………………………………

گجرات (جی پی آئی) DCO گجرات لیاقت علی چٹھہ کی سربراہی میں سپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ندیم بٹ نے اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نومبر اور ماہ دسمبر کے دوران ضلع گجرات میں مختلف ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے تاکہ نوجوان نسل کی فلاح و بہبو دکیلئے اقدامات کئے جا سکیں۔ نومبر کے آخری ہفتے میں جلالپور جٹاں اسٹیڈیم میں کبڈی میچ ‘ پنجاب پولیس بمقابلہ واپڈا منعقد ہو گا۔ دسمبر کے پہلے ہفتے میں ڈویژنل بیڈ منٹن ٹورنامنٹ منعقد ہوگا۔ نومبر ہی میں والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ 22 نومبر کو شہباز شریف پارک میں ٹیپ بال انٹر وویلج ٹورنامنٹ جبکہ 22 نومبر کو ہی چلڈرن پارک میں کراٹے چیمپئن شپ ‘ 7 دسمبر کو ظہور الٰہی اسٹیڈیم میں ہارڈ بال کرکٹ ٹورنامنٹ ‘ 10 دسمبر کو جامع سکول گجرات میں فٹ بال چییپئن شپ جبکہ نومبر کے آخری ہفتے میں ہی یونیورسٹی آف گجرات میں سپیشل بچوں کا میگا ایونٹ سپورٹس فیسٹیول منعقد ہو گا۔ ندیم بٹ نے کہا کہ ان پروگراموں کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اور عوام کو سپورٹس کے حوالہ سے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گے۔

………………………………………………………
………………………………………………………

گجرات (جی پی آئی) سنگت فائونڈیشن اور فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کے زیر اہتمام لوکل گورنمنٹ کے انتخابات کے سلسلہ میں انتخابی اصلاحات اور ڈسٹرکٹ گورننس گروپ کا کردار کے حوالہ سے تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی۔ جس میں سنگت فائونڈیشن اور فافن کے ڈسٹرکٹ گورننس گروپ کے ممبران نے بھر پور شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوارڈی نیٹر سنگت فائونڈیشن شہناز رفیق نے ڈسٹرکٹ گورننس سپورٹ گروپ کے کردار اور کام کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی ۔ ایڈووکیسی اور قوانین کے مؤثر نفاذ اور اور معلومات تک رسائی کے دستیاب قوانین کے حوالہ سے اظہارِ خیال کیا۔ اس موقع پر افتخار بھٹہ ‘ ڈاکٹر رزاق غفاری’ ارسلان’ نوازش علی نوازش نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ اور ڈسٹرکٹ گورننس گروپ کو فعال بنانے کے سلسلہ میں تجاویز دیں۔

………………………………………………………
………………………………………………………

گجرات (جی پی آئی) دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس گجرات بلا شبہ معیارِ تعلیم کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہا ہے ۔ یہ اپنے طلباء و طالبات کو ایک اچھا انسان بنانا چاہتا ہے ان خیالات کا اظہار پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی آف ایجوکیشن کے پروفیسر ڈاکٹر مہر سعید اختر نے گزشتہ روز دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس کے دورہ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ایسے تعلیمی ادارے موجود ہیں جو خدمت خلق کیلئے کام کرتے ہیں اور اپنی صلاحیتیں عوام الناس کے مسائل کے لئے صرف کرنا اپنا فریضہ سمجھتے ہیں۔ شہزاد شفیق جیسے لوگ غنیمت ہیں ۔ ہم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ڈاکٹر پروفیسر رضوان اکرم رانا آج مجھے دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس کا دورہ کر کے مجھے دلی خوشی محسوس ہوئی ہے جہاں پر دینی و دنیاوی دونوں تعلیم کا نظام موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیمی ادارے اپنے نظام کو اصلی تقاضوں سے ہم آہنگ کریں تاکہ عوام کے مسائل کا حل بھی ہو اور بچوں کو انکی ضرورت کے مطابق تعلیم بھی مل سکے۔ شہزاد شفیق نقشبندی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم بچوں کو ایسی تعلیم فراہم کریں جس میں نہ صرف انہیں دنیاوی تعلیم ملے بلکہ دینی تعلیم بھی مل سکے۔ 70 سے زائد طلباء و طالبات کے حفظ قرآن کی نعمت سے بھی بہرہ مند ہو چکے ہیں۔ جبکہ 1000 سے زائد طلباء و طالبات کو فری تعلیم بھی دی جا تی ہے۔ ہم نے اس ادارے کو کمائی کا ذریعہ نہیں بنایا بلکہ اس ادارے کے ذریعے عوام کی بے لوث خدمت کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ شہزاد شفیق نے کہا کہ ہم اپنے وسائل کے مطابق عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور آئندہ بھی اسی طرح کام کرتے رہیں گے۔ ہم اپنے بچوں کے والدین کے بھی شکر گزار ہیں جو ہمارے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

………………………………………………………
………………………………………………………

گجرات (جی پی آئی) ہزاروں طلباء وطالبات کو تعلیم فراہم کرنے والے والے ادارے یونیورسٹی آف گجرات میں پہنچنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے یونیورسٹی آف گجرات کو جانے والی صرف دو کلومیٹر لمبی سڑک موہنجو دوڑو کے کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے۔ اور طلباء و طالبات کو یونیورسٹی پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نئی گاڑیاں کھٹارا بن رہی ہیں۔ علاقہ کے لوگوں کی مشکلات بڑھ چکی ہے۔ کیا یونیورسٹی آف گجرات ضلع گجرات یا پنجاب کی حدود میں نہیں ہے؟ کیا اس علاقہ سے حکومت کو ریونیو نہیں ملتا۔ عوامی حلقوں نے میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خود اس سڑک کا دورہ کریں اور عوامی مسائل کا جائزہ لیں اور جلد از جلد اس سڑک کو تعمیر کروایا جایئے۔

………………………………………………………
………………………………………………………

گجرات (جی پی آئی) اونٹ رے اونٹ تیری کونسی کل سیدھی کے مصداق ۔ ٹی ایم اے گجرات بے مہار ہو گئی۔ گجرات شہر میں مسائل کے انبھار لگ گئے۔ مصروف ترین چوک شہنشاہ ولایت چوک (پرنس چوک) گندے پانی میں ڈوب گیا۔ گزشتہ کئی دنوں سے سیوریج کا نظام درست نہ ہونے کی وجہ سے عوامی مسائل میں اضافہ ہو گیا۔ بجائے سیوریج کے نظام کو درست کرنے کے ، ڈیزل اور پٹرول کی کھپت پڑھانے کیلئے سکنگ مشینیں لگا دی گئی ہیں۔ جس سے ٹریفک کے مسائل بھی شدید اضافہ ہو گیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بند نالوں کو کھولا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ اور سیوریج کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل کیا جائے۔ سیوریج بند ہونے کی وجہ سے سکول آنے والے بچوں اور نمازیوں کو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

………………………………………………………
………………………………………………………

گجرات (جی پی آئی) محکمہ آثار قدیمہ اور محکمہ اوقاف کی غفلت کی وجہ سے انگریزوں کے دور میں بنائی جانے والی قبریں خستہ خالی کا شکار ہو کر CIA سٹاف کیلئے خطرہ بن گئیں۔ تفصیلات کے مطابق دربار شاہ جہانگیر و کامرس کالج کے ساتھ واقع انگریزوں کی قبریں جو کہ محکمہ اوقاف اور محکمہ آثار قدیمہ کے حوالے ہیں ان میں صفائی اور تزئین و آرائش نہ ہونے کی وجہ سے قبروں پر جنگل سا سماں ہے۔ اور زہریلے جانور و جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بن سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی CIA سٹاف کی حساس بلڈنگ واقع ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ یہاں پر فوری طور پر صفائی اور بہتری کے اقدامات کئے جائیں تاکہ یہ ورثہ محفوظ رہ سکے۔

………………………………………………………
………………………………………………………

گجرات (جی پی آئی) جامعات ملکی ترقی میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ جامعہ گجرات اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے ذریعے قومی ترقی میں اپنا کردار بطریق احسن نبھا رہی ہے۔ طلبا و طالبات کو تعلیمی سہولتیں بہم پہنچانے کے لیے جامعہ گجرات میں ترقی و توسیع کاکام ہمہ وقت جاری ہے۔ میری کوشش ہے کہ طلبا و طالبات کو جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ رکھا جائے۔ ان خیالا ت کااظہار وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے اکڈیمکس بلاک کی تعمیر و توسیع کے لیے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جامعہ گجرات میںطلبا و طالبات کی روز افزوںبڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے اس کی تعمیر و توسیع کا کام جاری ہے اور اس مقصد کے لیے جامعہ گجرات میں جدید طرز کی عمارات کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ پی بلاک کی تعمیر و توسیع کا منصوبہ تقریباً92ملین روپے کا ہے اور یہ اٹھارہ ماہ میں مکمل ہو گا۔ اس منصوبہ کی خاص بات یہ ہے کہ جامعہ گجرات اس منصوبہ کو اپنے وسائل اور فنڈنگ کے ذریعے پایۂ تکمیل تک پہنچائے گی۔جامعہ گجرات کا ورکس ڈیپارٹمنٹ اس منصوبہ کی نگرانی کرے گا۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں صدر شعبۂ اسلامیا ت ڈاکٹر محمد نواز نے اجتماعی دُعائے خیر کرواتے ہوئے اس بات کا اظہار کیا کہ جامعہ گجرات دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے اور خدائے بزرگ و برتر یہاں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو زندگی میں اعلیٰ کامیابیوں سے سرفراز فرمائے۔ سنگ بنیاد رکھنے کی اس تقریب میں چیئرمین شعبۂ آرکیٹیکچرڈاکٹرعبدالرحمان، ڈائریکٹرSADAآصف شریف ڈپٹی ڈائریکٹر ورکس رانا ندیم اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹرP&Dفہیم اسلم، انجینئر عدنان خادم ورکس ڈیپارٹمنٹ، ملک محمد شعیب، غفار محی الدین اور نعمان منظور نے شرکت کی۔

………………………………………………………
………………………………………………………

گجرات (جی پی آئی) یوسی 12سے یوتھ کونسلر کے ممبرپر نوجوان راہنما کامران بٹ نے چیئرمین محمد یوسف گل کو درخواست جمع کرودی :تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز یوسی 12کے علاقہ ڈھکی دروازہ کی نوجوان راہنما کامران بٹ نے دوست احباب اور اہم راہنماؤں کی مشاورت سے نومنتخب چیئرمین یوسی 12محمد یوسف گل کے مرکزی رابطہ دفتر میںیوتھ ممبر کیلئے درخواست جمع کروادی جبکہ کامران بٹ نے یوتھ ممبر کی درخواست جمع کروانے کہ بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر یوسی 12سے یوتھ ممبر منتخب ہوا تو انشاء اللہ تعالیٰ علاقہ کی نوجوان نسل کو تباہ ہونے سے بچانے اور ان کے مستقبل کیلئے یوسی 12کی نومنتخب قیادت کی زیرنگرانی ایک اہم قردار ادا کروں گا جس پر چیئرمین محمد یوسف گل اور مکمل قیادت کو نوجوانوں کے مسائل حل کروانے پر فخر ہوگا اور میںاپنی قیادت اورن لیگ کے منشور کے مطابق نوجوانوں کی خدمت کا مشن جاری رکھوں گاجبکہ درخواست جمع کروانے کے بعد کامران بٹ نے نوجوان قیادت کے ہمراہ محمد یوسف گل کو یوسی12سے بھاری اکثیریت سے منتخب ہونے پر مبارک باد بھی پیش کی۔