گجرات کی خبریں 30/7/2016

GPI News

GPI News

گجرات(جی پی آئی) برصغیر پاک و ہند کی عظیم روحانی شخصیت حضرت پیر سید ولایت علی شاہ المعروف شہنشاہ ولایت کا 46 واں سالانہ عرس مبارک 31 جولائی بروز اتوار صبح 12 بجے تا نماز عصر منعقد ہوگا۔ جس کی صدارت حضرت پیر سید محمد اشرف شاہ کریں گے جبکہ یہ عرس مبارک زیر سرپرستی صاحبزادہ حافظ نور حسین شاہ منعقد ہو گی۔ خصوصی خطاب ممتاز عالم دین تنویر احمد سیالوی رحمانی’ اور حضرت علامہ محمد اشرف نقشبندی کریں گے۔ نقابت کے فرائض انجمن محمد محمود احمد سرانجام دیں گے جبکہ نعت رسول مقبول شیخ ظفر’ غلام مصطفی پڑھیں گے۔ خصوصی دعا سید اشرف شاہ کریں گے۔ منتظمین میں پیر سید بشیر حسین شاہ’ پیر سید خادم حسین شاہ’ قاری پیر سید سلیمان شاہ’ پیر سید محمد حسین شاہ’ ڈاکٹر سید امیر تیمور سلطانی’ سید عابد شاہ اور سید فہد نور شاہ شامل ہوں گے۔ جبکہ پیر سید شوکت شاہ بھی موجود ہوں گے۔ صبح فجر کے بعد دربار شریف کو غسل دیا جائے گا۔ عقیدت مند دور دراز سے شرکت کریں گے۔ مدرسہ جامعہ مسجد شاہ ولایت سے فارغ التحصیل طلباء کی دستار بندی کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات(جی پی آئی) ٹی ایم اے گجرات اور اعلیٰ حکام کی غفلت کی وجہ سے بھمبر روڈ پر واقع سینٹ سیور چرچ کا تقدس پامال۔ جم خانہ کو بچانے کیلئے گندا پانی چرچ کی جانب موڑ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گجرات جم خانہ کے ساتھ واقع130 سالہ پرانا سینٹ سیور چرچ گندے پانی کی وجہ سے گندگی کی آماجگاہ بن گیا۔ چرچ کی عمارت میں پانی داخل ہو گیا۔ جس سے کارپٹ’ سامان و دیگر سامان خراب ہو گیا۔ جبکہ مسیحی برادری کو عبادت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ممتاز رہنما مستری جلال جاوید’ احسان مسیح سندھو’ اور پادری عرفان نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ مسیحیوں کی عبادت گاہوں کے تقدس کوبحال کیا جائے اور چرچ سے پانی کے اخراج کا بندوبست کیا جائے تاکہ مسیحی برادری اپنی رسومات صحیح طریقہ سے ادا کر سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) ممتاز سماجی شخصیت رانا ثاقب مشرف ناز نے گزشتہ روز ممتاز مذہبی شخصیت سید اظہر نقوی کی وفات پر ان کے گھر جا کر اظہارِ تعزیت کیا۔ اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ رانا ثاقب مشرف ناز نے مرحوم کی خدمات کو بے حد سراہا۔ اس موقع پر سید آصف رضا نقوی’ اور پیر سیدابرار یوسف شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری حسین الٰہی مبارکباد دینے کیلئے سابق نائب ناظم مہر مشتاق احمد کی رہائشگاہ پر گئے اور انکی صاحبزادی کی شادی پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔ چوہدری حسین الٰہی نے چوہدری وجاہت حسین کی جانب سے بھی مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر چوہدری علی ابرار جوڑا’ سابق ایم پی اے خالد اصغر گھرال’ چوہدری اخلاص نیر’ محمد ارشد نت’ حمید اللہ بھٹی’ قاضی سیف اللہ خالد’ مہر یونس ‘ مرزا عمران بیگ ‘ حاجی مہر ممتاز ‘ مہر رضوان’ حاجی احمد مشتاق ‘ مہر عمر ممتاز’ حاجی مہر ممتاز احمد’ سید عمر عبداللہ’ آصف گھمن’ احتشام گھمن بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ضلعی نائب صدر چوہدری علی ابرار جوڑا نے مہر مشتاق احمد کی رہائشگاہ پر چوہدری حسین الٰہی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ق لیگ کو بطور اپوزیشن مزید متحرک ہونے کی ضرورت ہے۔ ضلع گجرات کو لا وارث چھوڑ دیا گیا ہے۔ فروٹ منڈی میں ڈی سی او کو آدھی انچ کا ڈینگی نظر آ گیا مگر شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر نظر نہیں آئے۔ بارش کے سیزن سے پہلے صفائی کیوں نہیں کی گئی۔ بیوٹیفکیشن اور انتظامیہ کی بد ترین کارکردگی کا پول کھل گیا۔ گجرات کے عوام کی تضحیک کی جا رہی ہے۔ تمام حکومتی نمائندے خود بھی اندر سے شرمندہ ہیں نہ کوئی ترقیاتی کام نہ فنڈ صرف فوٹو سیشن ہو رہے ہیں۔ بلدیاتی نمائندے 9 ماہ سے گھر بیٹھے پریشان ہیں۔ سارا شہر جام ہو گیا ہے۔ عوامی نمائندوں کی کوئی شنوائی نہیں ۔ سارا ضلع انتظامیہ کے رحم و کرم پر ہے اور اپوزیشن جماعتیں بھی کردار ادا نہیں کر رہی ہیں۔ جو کہ نہایت ہی افسوس کی بات ہے۔ اس موقع پر چوہدری حسین الٰہی نے کہا کہ کارکن گھبرائیں نہیں پاکستان مسلم لیگ نے کبھی بھی عوام کو اکیلا نہیں چھوڑا ۔ ہم ہمیشہ عوام کے شانہ بشانہ نظر آئیں گے اور اپنے ورکرز کے ساتھ ملکر حکومت مخالف تحریک چلائیں گے۔ اور عوامی مسائل کا خاتمہ کریںگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) ممتاز عالم دین و ناروے کی ممتاز مذہبی شخصیت صاحبزادہ پیر علامہ حافظ سید پیر بلال امتیاز شاہ آستانہ عالیہ کھیپڑانوالہ شریف نے کہا ہے کہ تمام مسائل کا حل دین اسلام پر عمل کرنے میں ہے۔ ہمیں چاہئے کہ اپنے مسائل کے حل کیلئے اسلام کی تعلیمات کی طرف رجوع کریں۔ جب تک ہم صحیح معنوں میں اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا نہیں ہونگے عوامی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ناروے میں لوگوں میں اسلام کی تعلیمات اجاگر کرنے اور دین اسلام کے بارے میں رہنمائی کرنے میں کوشاں ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)معیار تعلیم میں جدت اور ترقی اساتذہ کی اجتماعی کاوشوں کے ذریعے ممکن ہے ۔ انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے فروغ کو جدیدسائنسی علوم کے ارتقاء میں نمایاں اہمیت حاصل ہے ۔ جامعہ گجرات طلبہ کی نوجوان نسل میں تحقیقی رجحانات کے فروغ کے لیے بیش قیمت خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔ ملکی ترقی کے لیے از حد لازم ہے کہ جامعات مقامی ٹیکنالوجی کی ترویج و ترقی کے لیے نوجوان طلبہ میں ذوق و لگن پیدا کرنے کا فریضہ سر انجام دیں۔ اساتذہ اس سلسلہ میں راہنما کردار ادا کرتے ہوئے طلبہ کو جدید خطوط پر استوار سائنسی علوم سے آراستہ کر کے اہم نتائج ومقاصد حاصل کر سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے فیکلٹی برائے انجینئرنگ وٹیکنالوجی کے اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس کے موقع پر کیا ۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم نے مزید کہا کہ معیار تعلیم میں بہتری لائے بغیر کوئی جامعہ بھی علم و دانش کی ترویج و ترقی کا دعویٰ نہیں کرسکتی۔ نوجوان طلبہ کو جدید سائنسی علوم سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں فارغ التحصیل ہونے کے بعد عملی دنیا کے لیے بہترین انداز سے تیار کرنا ہی اصلاً ہماری ذمہ داری ہے ۔ ڈاکٹر ضیاء نے فیکلٹی برائے انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ طلبہ کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی میںکوئی دقیقہ فروگذاشت نہ رکھیں۔ تدریسی امور کو ذمہ داری اور خلوص سے سر انجام دینا ایک بہترین استاد کا کار منصبی اور شیوہ ہے ۔ اساتذہ کے ساتھ اس خصوصی اجلاس میں ڈین فیکلٹی برائے انجینئرنگ و ٹیکنالوجی ڈاکٹر محمد سلمان طاہر بھی ڈاکٹر ضیاء القیوم کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر محمد سلمان طاہر نے کہا کہ فیکلٹی برائے انجینئرنگ و ٹیکنالوجی وائس چانسلر کے تعلیمی وژن کو مد نظر رکھتے ہوئے شعبہ میں تعلیمی و تدریسی سطح پر معیار تعلیم کو بہتر بنانے کی راہوں پر گامزن ہے۔ ہمارا مطمع نظر طلبہ کو جدید تحقیق کی روشنی میں ایسے نظریات و خیالات سے روشناس کروانا ہے جو انہیں معاشرہ کا فرض شناس شہری بننے میں مددگار ثابت ہوں۔ اس خصوصی اجلاس میں فیکلٹی برائے انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے تمام شعبہ جات کے اساتذہ نے شرکت کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یونیورسٹی آف گجرات میں ایڈمشن اب آن لائن ہو گا
گجرات(جی پی آئی)جامعہ گجرات میں آن لائن ایڈمشن کا آغاز جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ آئن لائن ایڈمشن کے آغاز سے جامعہ گجرات میں نئے دور کی شروعات ہونگی۔ اس منصوبہ کا مقصد داخلہ حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو غیر ضروری کاغذی کاروائی سے نجات دلانا اور داخلہ کے عمل میں سہولت و شفافیت پیدا کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے جامعہ گجرات کی نئی ویب سائٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ اساتذہ کسی بھی تعلیمی ادارہ کی تشکیل و ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ طلبہ کی بہترین تعلیمی و فکری راہنمائی کرتے ہوئے اساتذہ اصلاً ملکی ترقی میں ہاتھ بٹانے کا فریضہ سر انجام دیتے ہیں۔ جدید تعلیم کا فروغ دور حاضر میں ترقی یافتہ قوموں کا شیوہ بن چکا ہے کیونکہ علم ہی وہ طاقت ہے جو آج کی جدید قوموں کی بے پناہ ترقی کی خشتِ اولیں ہے ۔ اعلیٰ تعلیمی مقاصد و نتائج سے بھرپور طریقہ سے فیضیاب ہونے کے یے ہمیں قومی سطح پر تعلیم و تعلم کے نظام کو از سر نو منظم کرنے کی ضرورت ہے ۔ جامعہ گجرات کو صحیح معنوں میں ایک ورلڈ کلاس یونیورسٹی بننے کی راہوں پر گامزن کرنے کے لیے جامعہ گجرات کی نئی ویب سائٹ ممد و معاون ثابت ہو گی ۔ اطلاعات کی بر وقت ترسیل کامیابی کا پہلا زینہ ہے ۔ رجسٹرار جامعہ گجرات ڈاکٹر طاہر عقیل، فیکلٹی ڈین، مختلف شعبہ جات کے ڈائریکٹروں، چیئرپرسن اور صدور نے اس موقع پر بھرپور شرکت کرتے ہوئے آئن لائن ایڈمشن کے منصوبہ اور نئی UOG ویب سائٹ میں مزید بہتری متعارف کروانے کے لیے اپنی آراء و تجاویز سے مستفید کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)ٹی ایم اے گجرات کے زیر اہتمام خصوصی صفائی مہم جاری ہے، گذشتہ روز ٹی ایم اے کے سینٹری سٹاف نے ہلکی اور بھاری مشینری کی مدد سے یونین کونسل نمبر 4کے علاقوں سے کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کا خاتمہ اور سیوریج نالوں کی صفائی کے عمل میں حصہ لیا جبکہ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے عرفان علی کاٹھیا، ایم پی اے حاجی عمران ظفر کے ہمراہ صفائی کے عمل کی نگرانی کی، حاجی ناصر محمود ، چیئرمین یوسی 4مرزا جمشید اقبال ٹی ایم او خرم محمود ترہنگی، چیف آفیسر عظمت فرید اور یونین کونسل چیئرمین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ اور دیگر افسران و عوامی نمائندوںنے شاہدولہ روڈ ، گلا اسلامیہ سکول و دیگر یوسی کے علاقہ جات کا معائنہ کیا اور صفائی کے کام میں مشغول اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔ حکومت پنجاب کی ہدایات پر انسداد ڈینگی پروگرام کے تحت جاری خصوصی صفائی پروگرام کے تحت یونین کونسل نمبرچار کی صفائی میں ٹی ایم اے کے 4سو سے زائد سینٹری ورکرز نے حصہ لیا جبکہ ٹریکٹرز، مزدا، سوزوکی پک اپ، ایکسویٹرز سمیت تمام چھوٹی بڑی مشینری بھی استعمال کی گئی اور عرصہ دراز سے پڑے کوڑے کے ڈھیروں کا صفایا کر دیا گیا اسی طرح سیوریج سسٹم کی صفائی کے بعد نکاسی آب کا مسئلہ بھی حل کر دیا گیا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ٹی ایم اے کے افسران اور عملہ کو شاباش دی اور کہا کہ انکی بھرپور محنت سے گجرات کو خوبصور ت اور صاف ستھرا شہر بنانے کا خواب پورا ہو سکے گا اس کے ساتھ صفائی مہم سے ڈینگی کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔ انہوںنے ہدایت کی کہ ٹی ایم اے صفائی کے ساتھ تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائے خصوصا ایسے تمام تھڑے جو سیوریج نالوںکی صفائی میںرکاو ٹ ہیںانکو مسمار کر دیا جائے نیز شاہدولہ روڈ پر ایک پلی بنائی جائے تا کہ سیوریج کا پانی باآسانی گزر سکے۔ اس سے قبل ایڈمنسٹریٹر عرفان علی کاٹھیا اور ٹی ایم او خرم محمود نے ڈی سی او کو صفائی مہم کے بارے میں بریفنگ دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)ڈی او انڈسٹری اکرام الحق کی زیر نگرانی ٹیم نے کم پٹرول فروخت کرنے پر جی ٹی ایس چوک میں واقع ٹوٹل پٹرول پمپ کی نوزل سیل کر دی ہے۔ عوامی شکایات پر ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر انسپکٹر رضوان کی قیادت میں ٹیم نے جی ٹی روڈ پر واقع مذکور ہ پٹرول پمپ کی چیکنگ کی جہاںصارفین کو کم مقدار میںپٹرول فراہم کیا جارہا تھا جبکہ پیمانہ مجموعی طور پر 10ملی لٹر کم تھی ۔ مذکورہ نوزل کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور پمپ انتظامیہ کے خلاف مزید کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی وزارت اعلیٰ سیدمراد علی شاہ کیلئے اس حوالے سے بھی بڑا اعزاز ہے کہ ان کے والد محترم سید عبداللہ شاہ بھی وزیراعلیٰ سندھ رہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مراد علی شاہ عوام کو درپیش مسائل باالخصوص امن و امان کو بہتر بنانے کو اوّلیت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نئے وزیراعلیٰ نے پارٹی مفادات سے بالاتر ہو کر اپنے فرائض انجام دئیے تو ہماری جماعت ان کا بھرپور ساتھ دے گی بصورت دیگر اپنی پرانی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے عوامی مسائل و مطالبات کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔#