گجرات کی خبریں 1/4/2017

GPI

GPI

گجرات (جی پی آئی) آستانہ عالیہ غوث یگانہ چھالے شریف میں موضع ماجرہ شمالی میں ہونے والی عظیم الشان محفل نعت میں کام کرنے والے خدامان غوث یگانہ کے لئے عمرہ کے ٹکٹ کی قرعہ اندازی کی گئی۔ سجادہ نشین آستانہ عالیہ غوث یگانہ چھالے شریف صاحبزادہ پیر سید انتصار الحسن شاہ سروری قادری کی زیرنگرانی صاحبزادہ پیر سید اسرار الحسن شاہ سروری قادری نے قرعہ اندازی کی۔ جوکہ موضع مالووال کے ایاز احمد کا نام نکلا ۔ جسے حاجی امجد علی آف ماجرہ شمالی کی طرف سے عمرے کا ٹکٹ دینے کا اعلان کیا گیا۔ اس سے قبل ماجرہ شمالی میں پانچ خوش نصیبوں کو عمرے کے ٹکٹ اور 14 افراد کو روزگار کے لئے چنگ چی رکشے دیئے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ پیر سید انتصار الحسن شاہ سروری قادری نے کہا کہ جو لوگ محنت کرتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے انہیں اس کا ثمر ملتا ہے اور آستانہ عالیہ غوث یگانہ چھالے شریف کے جو افراد محافل میلاد میں دن رات ڈیوٹی دیتے ہیں انہیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے انعام ملا ہے۔ حاجی امجد علی آف ماجرہ شمالی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس شاندار پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر خصوصی نعت نصیر بٹ نے پیش کی۔ ملکی ترقی و سلامتی کے لئے دعائیں کی گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات( جی پی آئی)آستانہ عالیہ نقشبندیہ گھمکول شریف کے خادم سجاد احمد کے والد محترم محمد شریف رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ مرحوم کو سینکڑوں سوگواران کی موجودگی میں ان کے آبائی گاؤں موضع دولت نگر میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں آستانہ عالیہ نقشبندیہ گھمکول شریف سے تعلق رکھنے والے عقیدت مندوں نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی اور مرحوم کو دربار عالیہ گھمکول شریف کے مخصوص ذکر کے ساتھ لحد میں اتار ا گیا۔ قبرستان کی فضا درود و سلام اور اللہ ہو کی صداؤں سے گونج اُٹھی۔ دربار عالیہ کی طرف سے خصوصی طور پر علامہ خالد اقبال اور محمد عثمان نے نمائندگی کی جبکہ بزم غلامان گھمکول شریف ضلع گجرات کے چوہدری ندیم عباس ملہی نے مرحوم کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور فلسفہ ٔ موت و حیات بیان کیا اور وابستگان گھمکول شریف کی طرف سے اہلخانہ سے تعزیت کی۔ نماز جنازہ میں راجہ پرویز اسلم ، عمران سہیل وڑائچ، ذبیح اللہ بٹ، چوہدری نصر اقبال بھمبر، حاجی الیاس فردوس میرج ہال، چوہدری عبدالرحمٰن ککرالی، احسان گلیانہ، صوفی عارف، صوفی نادر، صوفی عنایت، ماسٹر انصر، ڈاکٹر طارق محمود، محمد یوسف اچھرہ، مولوی اصغر کوٹلہ و دیگر شریک ہوئے۔ مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے ختم قل بروز اتوار 2 اپریل صبح 10 بجے جنوبی مسجد دولت نگر میں ہو گا اور ٹھیک 11 بجے دعا کی جائے گی۔ تمام وابستگان گھمکول شریف شریک ہوں۔
٭٭٭
گجرات( جی پی آئی)گورنمنٹ کملی والا گرلز ہائی سکول عارف چوک نور پور پڈھا میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سینئر ہیڈ مسٹریس روبینہ ناصر نے کی جبکہ مہمان خصوصی ممتاز ماہر تعلیم ، سینئر ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ کرسچن ہائی سکول محترمہ رضیہ نسیم تھیں۔ اس موقع پر مسلم لیگی راہنما محترمہ سمیرا ملک ، محمد الیاس راجپوت، کونسلر محمد عرفان بٹ و دیگر نے شرکت کی۔بچیوں نے خوبصورت ٹیبلو ، ملی نغمات وغیرہ پیش کئے۔ کلاس نرسری تا ہشتم کے طلباء میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ نرسری جماعت میں اول لائبہ، سیکنڈ زینت طارق، مہوش بی بی، سوئم جنت آصف، آمنہ امتیاز ، جنت فردوس، پریپ میں اول ہادیہ نعیم، دوئم وانیا ثاقب،مائرہ ندیم، سوئم ریحہ رشید ،شفاء عباس، کلاس اول میں اول پوزیشن عروج فاطمہ، دوئم کنزہ نبیل، سوئم عائشہ بی بی ، کلاس دوئم اے میں اول اقصیٰ محمود، دوئم رمشہ اعجاز، حفضہ عمران، سوئم عائشہ افضل،کلاس دوئم بی میں اول ماہ نور، دوئم علیزہ ارشد، سوئم نوشین سجاد ، کلاس سوئم میں اول آمنہ شہزادی، دوئم اقراء ایمان، علیہا آصف، سوئم رمیزہ ام سلیم، کلاس چہارم میں اول اریبہ ، دوئم عائشہ ایمان، سوئم اقراء معروف، کلاس چہارم بی بی میں اول علیشا، دوئم زینب بی بی، سوئم بنت زہرہ، ششم میں اول تحریم قاسم، دوئم سمین قاسم، سوئم حفضہ اشفاق، کلاس ششم بی میں اول ملائکہ جمیل، دوئم سماویہ ظفر، سوئم خدیجہ اعجاز، کلاس ہفتم اے میں اول نور فاطمہ ، دوئم سویرا جاوید، سوئم صالحہ شہزادی، کلاس ہفتم بی میں اول فضیٰ فراز ، دوئم مقدس فاطمہ، سوئم پاکیزہ اشرف رہیں، اس موقع پر طلباء و والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات( جی پی آئی) حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق گورنمنٹ کملی والا گرلز ہائی سکول میں طالبات کی بہترین تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار سینئر ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ کملی والا گرلز ہائی سکول محترمہ روبینہ ناصر نے سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے طالبات کو بے پناہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ بہتر انداز میں اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ اس سلسلہ میں والدین کا فرض ہے کہ وہ بچیوں کی تعلیم و تربیت کے سلسلہ میں حکومت سے تعاون کریں تاکہ بچیاں تعلیم حاصل کر سکیں۔ بچیوں کو بُکس حکومت کی طرف سے دی جا رہی ہیں۔ ممتاز ماہر تعلیم محترمہ رضیہ نسیم نے کہا کہ کملی والا گرلز ہائی سکول ایک معیاری تعلیمی ادارہ ہے جہاں پر طلباء کی بہترین تعلیم و تربیت کیلئے تربیت یافتہ اساتذہ کام کرر ہے ہیں اور مجھے اس پروگرام میں آکر دلی خوشی ہوئی ہے۔ سمیرا ملک نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق کملی والا گرلز ہائی سکول میں روبینہ ناصر کی قیادت میں ٹیچر دن رات محنت کر رہے ہیں اور ہمارا تعاون ان کے ساتھ ہے۔ جنرل کونسلر محمد الیاس راجپوت نے کہا کہ کملی والا گرلز ہائی سکول کی سابقہ کارکردگی بھی قابل تحسین ہے اور متحرمہ روبینہ ناصر نے آکر چار چاند لگائے ہیں اور ہم ان کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور مزید تعاون سے اس ادارے کو مثالی بنائیں گے۔
٭٭٭
گجرات( جی پی آئی) گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائی سکول گجرات میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں سینئر ہیڈ ماسٹر اکرام اللہ صفدر نے بچوں میں انعامات تقسیم کئے اور کہا کہ گورنمنٹ کمپیر ہینسو ہائی سکول مثالی تعلیمی ادارہ ہے جو ہر میدان میں طلباء کی بہترین راہنمائی کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔ اساتذہ کی محنت کی وجہ سے طلباء کو بے پناہ سہولیات میسر ہیں۔ اس ادارے کو مثالی بنایا جا رہا ہے۔اس ادارے کے ہونہار طالب علم سارم نے جماعت نہم کے امتحانات میں گوجرانوالہ بورڈ میں اول پوزیشن حاصل کر کے ادارے کا نام بلند کیا ہے جس پر ہم اسے خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ہونہار طلباء کی سرپرستی کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)جامعہ گجرات کے شعبہ زوالوجی کے زیر اہتمام طلبا و طالبات کے اختراعی و تخلیقی منصوبہ جات کی پراجیکٹ نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ اس نمائش میں طلبہ نے غذائی افادیت و انہضام کے حوالہ سے پھلوں اورسبزیوں کے خواص، اہمیت اور فوائد کے حوالہ سے اپنے مختلف منصوبہ جات پیش کیے۔ اس پراجیکٹ نمائش میں شعبہ زوالوجی کے تقریباً45طلبا و طالبات نے پھلوں اور سبزیوں کی انسانی زندگی میں اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے ناظرین کی توجہ اس امر کی جانب دلائی کہ متوازن غذا انسانی صحت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ چیئر پرسن ڈاکٹر سمیرا افشین نے کہا کہ خوارک انسانی جسم و ذہن کو صحت مند بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ مختلف اقسام کی سبزیوں او رپھلوں کا استعمال انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتے ہوئے بیماریوں سے بچائو کے لیے ڈھال کا کام کرتا ہے۔ اس پراجیکٹ نمائش کے ناظرین میں مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد شامل تھی۔ طلبہ و اساتذہ نے پراجیکٹ نمائش کے ذریعے سبزیوں و پھلوں کی اہمیت و افادیت اجاگر کرنے کے عمل کو ثمر آور اور مفید قرار دیا۔
۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)جامعہ گجرات کی کلاکار کری ایٹو آرٹ سوسائٹی نے اپنی کامیابی کا جھنڈا گاڑتے ہوئے پہلا انعام جیت لیا۔ کلاکار آرٹ سوسائٹی کے کوارڈینیٹر ہارون حبیب اور فرقان بھٹی، بھٹی آرٹ فلم کی جانب سے پیش کردہ سماجی فلم ”بڑا آدمی” کے سلسلہ میں پہلے انعام کے مستحق ٹھہرائے گئے۔ سماجی فلم بڑا آدمی کے ذریعے ایک ایسے بے روزگار نوجوان کی داستان حیات پیش کی گئی ہے جو پاکستان کے ایک چھوٹے سے قصبہ میں اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے سخت جدوجہد کر رہا ہے ۔ دوسری جانب جامعہ گجرات کے ہی ایک طالب علم محمد علی نے دو نوجوان لوگوں کی اتفاقیہ ملاقات کی کہانی کو بیان کرتے ہوئے اپنی فلم ”برسات میں” کے ذریعے دوسرا انعام حاصل کر لیا ۔ وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سماجی موضوعات پر سبق آموز فلمیں پیش کرتے ہوئے ہم سماجی سدھار کے عمل کو مہمیز کر سکتے ہیں۔ پردہ سکرین پر دکھائی جانے والے مناظر ہمارے ذہنوں پر انمٹ نقوش چھوڑتے ہیں۔ جامعہ گجرات کے طلبہ کی تعمیر کردار اور شخصیت سازی ہمارا اولین فریضہ ہے۔ نوجوان طلبہ نے سماجی موضوعات پر سبق آموز فلمیں پیش کرتے ہوئے معاشرتی و سماجی مثبت تشکیل میں اپنا فریضہ بخوبی نبھانے کی کوشش کی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)ضلع گجرات کے معروف تعلیمی ادارے گورنمنٹ زمیندارپوسٹ گریجویٹ کالج بھمبرروڈ گجرات میںممتازماہرتعلیم سابق پرنسپل زمیندارکالج پروفیسرخادم حسین کے خصوصی تعاون سے لاکھوں روپے مالیت سے نئی تعمیرہونیوالی ”خادم حسین میڈیکل کیئرسنٹر” کا افتتاح گزشتہ روز پروفیسرخادم حسین،پرنسپل پروفیسرعبیداللہ نے اپنے دست مبارک سے نقاب کشائی اور فیتہ کاٹ کرکیا۔اس موقع پرممتاز ماہرین تعلیم،ڈاکٹرزودیگرافراد کی کثیرتعداد موجود تھی۔جبکہ خیروبرکت کیلئے پروفیسرڈاکٹرسید محمداسماعیل نے دعا کرائی ،جبکہ پرنسپل پروفیسر عبیداللہ نے پروفیسرخادم حسین اوردیگرمعززمہمانوں کومیڈیکل کیئرسنٹرکے مختلف شعبہ جات کاخصوصی وزٹ کرایا اورڈاکٹرسلیمان نے مریضوں کاچیک اپ بھی کیا۔افتتاحی تقریب میں شرکت کرنیوالوں میں نمایاںڈپٹی میئرچوہدری آصف رضامہمدہ،سرجن ڈاکٹراکرام، صدر پی ایم اے گجرات ڈاکٹرزاہد مقصود،ڈاکٹرمحمدعباس طاہرگوندل،ڈپٹی ڈائریکٹرکالجز نوید الحسن خان،پرنسپل سائنس کالج چوہدر ی عارف، حکیم صابرعلی شاہ،سکن سپیشلسٹ ڈاکٹراظہرچوہدری،وائس پرنسپل پروفیسرغلام عباس،پروفیسرچوہدری ارشد ، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال بٹ،پروفیسرظفرہاشمی،پروفیسر ڈاکٹرمحمود اخترجمیل،پروفیسرچوہدری طارق محمود،پروفیسرطارق کھوکھر،پروفیسراکرم خان ، عامر اسلم ، گل نواز،صہیب خاں سمیت دیگرافراد موجود تھے۔اختتام پرپرنسپل پروفیسرعبیداللہ کی جانب سے معززمہمانوں کے اعزازمیں پرتکلف استقبالیہ دیاگیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) گزشتہ روز ظہور الہٰی اسٹیڈ یم میں سالانہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات کے زیر اہتمام سپورٹس میلہ اختتام پذیر ہو گئے، 7واں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ میلہ گوندل ٹائیگرز نے اپنا نام کر لیا اورپہلا ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات فٹ بال ٹو رنامنٹ آخری روز تیسری پوزیشن کیلئے فٹ بال میچ ڈی بی اے ونرز 4بمقابلہ ڈی بی اے سپر ائیٹ 0سے جیت لیا اُس کے بعد 8ٹیموں نے کوارٹر فائنل ہوئے جس میں پہلا کو ارٹر فائنل ساجد دنیار لور کو ہرا کرگوندل ٹائیگرز سیمی فائنل میں پہنچ گئی، دوسری کو ارٹر فائنل وحید تھنڈرز کو ہرا کر مرل ہاکس سیمی فائنل میں پہنچ گئی، تیسری کو ارٹر فائنل سلولرزکوہرا کر مفتی ایگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئی، چوتھا کو ارٹر فائنل دھوتھر لائنرکو ہرا کر راجہ وار ئیرز سیمی فائنل میں پہنچ گئی اُس کے بعدپہلا سیمی فائنل گوندل ٹائیگرز بمقابلہ مفتی ایگلز میں ہو ئے جس میں گوندل ٹائیگرز نے جیت کر فائنل میں پہنچ گئی ،دوسری سیمی فائنل مرل ہاکس بمقابلہ راجہ ایون میں ہو گا ، راجہ ایون جیت کر فائنل میں پہنچ گئی فائنل سے پہلا سیمی فائنل میں رنر اپ ٹیموںمفتی ایگلز بمقابلہ مرل ہاکس کا تیسری پوزیشن میچ ہو ئے جس میں مفتی ایگلز نے جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کر لیا جس کے بعد فائنل راجہ ایون بمقابلہ گوندل ٹائیگرز میں ہوا جس میں گوندل ٹائیگرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی انہوں نے 5اورز میں 114 سکورکیا اُن کے مقابلہ میں راجہ ایون نے صرف62سکور کر سکی ، جس میں یہ فائنل گوندل ٹائیگرز جیت گئی۔ اس کے بعد فٹ بال کا فائنل میچ ہوا عمران الیوان نے0=1 کے مقابلہ میں ارجمند الیون کو ہرا دئیے جس میں عمران الیوان نے پہلا ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات فٹ بال ٹو رنامنٹ جیت لیا، سپورٹس میلہ کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ گجرات صدر بار صابر علی چیمہ اور جنرل سیکرٹری عرفان اﷲ بانٹھ ، خالد مرل ایڈووکیٹ، ندیم شہزاد کوکب ایڈووکیٹ ، آصف میراں ایڈووکیٹ ،چوہدری شمشاد ملہی ایڈووکیٹ، الیاس بارو ایڈووکیٹ، حسن وڑائچ مرل، چوہدری رخسار احمد ایڈووکیٹ، راجہ حنیف ایڈووکیٹ ، طاہر صادق بٹ ایڈووکیٹ، عمران اشرف ڈھلوں ایڈووکیٹ، قمر ضیاء وڑائچ ایڈووکیٹ ، وقاص اصغر مولا ایڈووکیٹ، ودیگر مہمان گرامی تھے اور آخر میں انعامات تقسیم کے گئے۔ انعامات تقسیم سے پہلا قرآن پاک کی تلاوت ڈاکٹر مہر احسان نے کی اور نعت رسول مقبول ناصر لیاقت نے پڑھی اور اس کے بعدمحمد ازجمند شہزاد ایڈووکیٹ نے مہمانوں کا شکریہ ا دا کیا،ڈسٹرکٹ گجرات صدر بار صابر علی چیمہ اور جنرل سیکرٹری عرفان اﷲ بانٹھ ودیگر مہمان گرامی نے کرکٹ اور فٹ بال میں پہلی ، دوسری اور تیسری نمبر پرآنے والے ٹیموں اور بیسٹ بیسٹمین، بیسٹ باؤلر، مین آف دی میچ، مین آف دی سیریز ودیگر کا انعامات تقسیم کیا جس کے بعدمحمد ازجمند شہزاد ایڈووکیٹ، شہباز وھننگ ایڈووکیٹ،ڈاکٹر احسان ایڈووکیٹ نے مہمان گرامی کو خصوصی شیلڈ زپیش کی، ٹورنامنٹ کمیٹی میں محمد ازجمند شہزاد ایڈووکیٹ، شہباز وھننگ ایڈووکیٹ،ڈاکٹر احسان ایڈووکیٹ ، ناصر لیاقت،بلا ل بٹ ایڈووکیٹ، امانت بٹ ایڈووکیٹ شامل تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)ضلع کونسل گجرات نے ضلع کی تمام یونین کونسلوں میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 20بیس لاکھ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ ممبران نے ایوان کی کاروائی چلانے کیلئے بائی لاز بھی متفقہ طور پر منظور کر لئے ہیں، ضلع کونسل کا اجلاس زیر صدارت وائس چیئرمین چوہدری شعیب رضا منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے خصوصی شرکت کی، چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر، وائس چیئرمین چوہدری فلک شیر بھی موجود تھے جبکہ نوابزادہ طاہر الملک، غلام رسول شارق و دیگر ممبران نے بھی اظہار خیال کیا۔اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ سنٹرز کے حوالے سے شہریوں کی مشکلات کا ادراک ہے، تینوں تحصیلوں میں وسیع قطعہ اراضی پر لینڈ ریکارڈ سنٹرز کی تعمیر شروع ہو چکی ہے، انہوںنے ممبران کیطرف سے پٹواریوں کے دفاتر میں دستیاب نہ ہونے کا سخت نوٹس لیا اور اسسٹنٹ کمشنرز کو اس حوالے سے مناسب اقدامات کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے بطور ایڈمنسٹریٹر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں ایک خاتون کے پوسٹمارٹم میں تاخیر کی انکوائری کی ہدایات جاری کرتے ہوئے اے سی گجرات سے رپورٹ طلب کر لی۔ ڈپٹی کمشنر نے ممبران کو یقین دلایا کہ لیٹ اندارج تاریخ پیدائش کے حوالے سے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جائے گا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور منتخب عوامی نمائندے باہم تعاون سے ضلع کے عوام کے مسائل حل کرینگے۔ چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر نے چوہدری عدیل احمد وڑائچ کی قرار داد پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع کونسل ٹیکسوں کے نفاذ سے قبل تمام یونین کونسلوں کا سروے کرائے گی اور ڈیٹا بیس اکٹھا کرکے ٹیکسوںکے نفاذکا فیصلہ کیا جائے گا۔ چیئرمین ضلع کونسل نے ممبران کو بتایا کہ صفائی کا نظام بہتر بنانے کے لئے ہر یونین کونسل میں ایک ٹریکٹر ٹرالی فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے ، انہوںنے ممبران پر زور دیا کہ کوٹلہ ارب علی خان کی طرح اپنے علاقوں میں شہریوں کے تعاون سے صفائی کا نظام بہتر بنایا جائے۔انہوںنے بتایا کہ لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ ضلع گجرات میں مزید 23موبائل ڈسپنسریاں فراہم کرے گا جبکہ ہر گائوں میں دو دو افراد کو تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں حکومت پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین ضلع کونسل کو ماہانہ 40ہزار روپے ، وائس چیئرمینوں کو ماہانہ 30ہزار روے اعزازیہ اور ٹرانسپورٹ اخراجات ادا کرنے کی منظوری دیدی۔ ہائوس نے متفقہ طور پر چیف انجیئنرآبپاشی سرگودھا سے مطالبہ کیا کہ نہر اپر چناب سے ملحقہ ڈرینز کی بھل صفائی کی جائے تاکہ گرد و نواح کی زرعی زمینوں کو سیم زدہ ہونے سے بچایا جاسکے۔ایوان نے ممبر ضلع کونسل ریحانہ ، گلی والہ کی قرار داد منظور کرتے ہوئے موضع نسوالی میں سرکاری سکول کی خالی عمارت میں صنعت زار کی طرز پر ادارہ قائم کرنے کا مطالبہ کیا، ہائوس نے متعلقہ اداروں سے ضلع بھر میں تمام بند عمارتوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں تاکہ انہیں مفاد عامہ کیلئے استعمال میں لایا جاسکے۔ اجلاس میں یونین کونسل حسن پٹھان، کسوکی میں بی ایچ یو کے قیام، مڈل سکول سرسالہ، بوائز پرائمری سکول کسوکی اور گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول ہریاوالا کو اپ گریڈ کرنے کی قرار داد منظور کر لی گئی ۔دریں اثنا ء چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر نے ضلع کونسل کی خواتین ممبران اور اقلیتی ممبران کے وفود سے بھی ملاقاتیں کی اور اعلان کیا کہ تمام خواتین اور اقلیتی ممبران کو بلا تفریق ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے دس دس لاکھ روپے کے فنڈز دیے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے ایم پی اے حاجی عمران ظفر کے ہمراہ سندس فائونڈیشن کا دورہ کیا ، خون کے امراض میں مبتلا بچوں سے ملاقات کی اور ادارے کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔سندس فائونڈیشن آمد پر چیئرمین سند س فائونڈیشن حاجی سرفراز احمد، ایڈمن آفیسر طارق رشید چوہدری ، ایگزیکٹو آفیسر عمران خان ، پبلک ریلیشنز آفیسر میر فضل عباس نے انکا استقبال کیا جبکہ بچوں نے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔چیئرمین سندس فائونڈیشن حاجی افضل نے ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا اور ایم پی اے حاجی عمران ظفر کو بتایا کہ سندس فائونڈیشن میں اس وقت گجرات، نواحی اضلاع سے تعلق رکھنے والے تھیلیسیمیاکے 350ہومیوفیلا کے 250جبکہ کینسر کے 100سے زائد بچوں کو خون کے عطیات فراہم کر رہا ہے ، ادارے کو ماہانہ 1500بیگ سے زیادہ خون کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ خون کے عطیات کیلئے یونیورسٹی، کالجزسمیت مختلف اداروں میں بلڈ کیمپ لگائے جاتے ہیں جبکہ سندس فائونڈیشن کے پاس خون کے ٹیسٹوں کیلئے جدید ترین طبی آلات موجود ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے سندس فائونڈیشن کی طرف سے دکھی انسانیت کی خدمت کو زبردست سراہا اور کہا کہ یہ ادارہ خون کے امراض میں مبتلا بچوں اور انکے والدین کیلئے روشنی کی کرن ہے۔ انہوںنے اعلان کیا کہ وہ آئندہ بھی سندس فائونڈیشن کا دورہ کریں گے اور خود بھی خون کا عطیہ دیں گے۔ایم پی اے حاجی عمران ظفر نے سندس فائونڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ پنجاب حکومت ادارے کو اپنا بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کی پریس ریلیز کے مطابق ایچ ٹی /ایل ٹی لائنوں کی منتقلی و تبدیلی اور دیگر ضروری ترقیاتی کاموں کی وجہ سے 10,06,04,03اور12اپریل کو132کے وی گرڈ اسٹیشن شاہین آباد کے گلشن آباد، کلائمکس آباد ،انڈسٹریل اور لوہیانوالہ بائپاس فیڈروں جبکہ 132کے وی کینٹ گرڈ اسٹیشن کے انکم ٹیکس، گارڈن ٹائون، فورسٹ کالونی اور فرنس نمبر8فیڈروں سے بجلی کی سپلائی صبح 9سے سہ پہر3بجے تک منقطع رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی)جمیتہ علماء اسلا م کے رکن صوبائی شوریٰ حافظ محمدرفیق عابد علوی اور حافظ عمران احمدنے صدسالہ یوم تاسیس کے عالمی اجتماع کے سلسلہ میںمنعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمیتہ علماء اسلا م کے صد سالہ یوم تاسیس کاعالمی اجتماع مورخہ 7,8,9اپریل کوپشاور میںہورہا ہے پاکستان میںقر آن وسنت کی روشنی میں حقیقی تبدیلی اوروطن عزیزمیںاسلا می نظام کے نفاذکاپیش خیمہ ثابت ہوگااوراس سے ملک کی سیاست کارخ تبدیل ہوگا۔اس موقع پر قاری منصوراحمد، مولانایونس اختر، مولانامحمدیونس ، مولاناعطاء الرحمن تونسوی، مولاناعاشق الٰہی ، مولانامفتی اسدمدنی، قاری مظہر حسین قاسمی، قاری محمدشفیق اعوان، مولاناموسیٰ، مولاناعمران فاروقی، مولاناعدیل احمدنے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی)صدرالخدمت فائونڈیشن پنجاب رائو محمدظفر نے کہا ہے کہ الخدمت فائونڈیشن وزیرآبادنے ڈیڑھ کروڑروپے کے فنڈسے محنت کشوںکو بلا سود چھوٹے قرضے فراہم کرنے کاآغازکردیا ہے۔ اسکیم کامقصدچھوٹے کاروبارکرنے والے مردوخواتین کوسپورٹ کرکے انہیںمعیارزندگی بہتربنانے کاموقع فراہم کرناہے۔ وہ الخد مت فائونڈیشن کے زیراہتمام اسلا می مائیکرو فنانس مواخات پروگرام کے تحت بلا سودچھوٹے قرضے دینے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ صدارت صدرالخدمت فائونڈیشن محمدمشتاق بٹ نے کی۔ اس موقع پر احمدخاںترین، خالد انور، شاہد انور، احمدقدیر، ڈاکٹر حبیب اللہ اورحافظ حسین احمدنے بھی خطاب کیا۔ انہوںنے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن پاکستان بھرمیںمواخات پروگرام کے تحت 8500سے زائد افرادمیں25کروڑسے زائدرقم بلاسودمائیکروفنانس کی صورت میںقرضے فراہم کرچکی ہے ایسے حالات میںجہاںکروڑوںلوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پرمجبورہیں۔ الخدمت فائونڈیشن کی یہ کاوش محنت کشوںکے لئے امیدکی کرن ثابت ہوئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ وزیرآبادالخدمت فائونڈیشن کایہ پراجیکٹ تحصیل بھرکے لئے خوشحالی اورتعمیروترقی کاسنگ میل ثابت ہوگا۔ الخدمت بلا تحفیص صرف میرٹ کی بنیادپرمستحق افرادکی خدمت پریقین رکھتی ہے۔ صدرالخدمت فائونڈیشن محمدمشتاق بٹ نے کہا کہ الخدمت وزیرآبادمیں800خاندانوںمیںماہانہ ساڑھے پانچ لاکھ کے وظائف تقسیم کررہی ہے۔ ڈیڑھ سویتیم بچوںکی کفالت ، مریضوں، طالبعلموںکی امداد، 3ایمبولینسیں، 5میڈیکل سنٹرخدمات سرانجام دے رہے ہیںجبکہ عیداوررمضان گفٹ کے ذریعے خدمات کاسلسلہ جاری ہے ۔ انہوںنے کہا کہ قرضے کے حصول کے لئے200درخواستیںموصول ہوئی ہیںمیرٹ کے مطابق عمل درآمدکیا جائے گا۔ انہوںنے مخیرحضرات سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میںتعاون کریں۔ تقریب کے اختتام پرچیک تقسیم کئے گئے۔
۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) ڈاکٹر غلام مرتضیٰ قاضی کو19ویںگریڈمیںترقی مل گئی سیکرٹری ہیلتھ نے نوٹیفیکیشن جاری کردیاایڈیشنل ایم ایس کارڈیالوجی تعینات۔ معروف معالج ڈاکٹر غلام مرتضیٰ قاضی کوطبی شعبہ میںگراںقدرخدمات پرسیکرٹری ہیلتھ پنجاب نجم شاہ نے 19ویں گریڈمیںترقی دیکرایڈیشنل ایم ایس کارڈیالوجی وزیرآبادکے آرڈرجاری کردئے ڈاکٹرغلام مرتضیٰ قاضی نے چارج سنبھال لیا۔صدر انجمن تحفظ حقوق عوام افتخاراحمدبٹ، جماعت اسلا می کے صابر حسین بٹ، مسلم لیگی رہنمامہرطاہر جاوید مٹھو، صدرفوٹوجرنلسٹ ایسوسی ایشن محمداشرف نثار، ڈاکٹرسیدرضا سلطان ، سیف اللہ بٹ، چیئرمین رحمانی آرگنائزیشن محمدیوسف مومن، ندیم صادق تارڑ، منورآغا پٹھان ، شیخ صلا ح الدین، چیئرمین یوسی میرمحمدلطیف، عبد القیوم بھٹی ودیگرنے مبارکبا دی۔
۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) پی ٹی آئی پی پی 104کے امیدوارراجہ محمداعجاز اللہ خان نے کہا ہے کہ ایماندارقیادت ہی ملک کوبحرانوںسے نکا ل سکتی اورترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن کرسکتی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ہی یہ صلاحیت رکھتی ہے کہ ملک میں غربت کو کم سے کم سطح پرلے جاکر عام آدمی کے خاندان کو حقیقی قوت دی جائے تا کہ وہ ملک کی ترقی کے لیے خلوص نیت سے کام کرے۔را جہ محمد اعجاز اللہ خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے تمام کارکنان علاقائی ،برادری ازم ، فرقہ واریت کی سیاست کی بجائے قائد عمران خاںکی کامیابی کے لیے ابھی سے کمر کس لیں انشاء اللہ آئندہ الیکشن میںپی ٹی آئی ہی کامیابی حاصل کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستانی قیادت کاعالمی اسلامی عسکری اتحادمیں شمولیت کا فیصلہ قابل تحسین اقدام ہے۔ جنرل راحیل شریف کا عالمی اسلامی عسکری اتحاد کا سربرا ہ بننا پاکستان اور پاکستانی عوام کیلئے قابل فخر ہے۔ اسلامی عسکری اتحاد مسلم ممالک میں استعماری قوتوںکی سازشوں کے خاتمے کا ذریعہ بنے گا۔ اسلامی عسکری اتحاد میں شامل تمام مسلم ممالک نے پاکستانی عسکری قیادت کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا ہے۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں علمائ،خطباء ،آئمہ نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ،مرکزی سرپرست مولانا رفیق جامی (فیصل آباد )،وائس چیئرمین مولانا عبید الرحمن ضیاء (کمالیہ)،مولانا یار محمد عابد (بہاولپور)،مولانا شاہنواز فاروقی (گوجرانوالہ)،مفتی عبد الرشید (کوئٹہ)،مفتی فضل الرحمن (میر پورآزاد کشمیر)،پیر جی خالد محمود قاسمی (فیصل آباد)،علامہ شبیر احمد عثمانی(چکوال)،مولانا عبد الرزاق ہزاروی(کراچی)، مولانا حق نواز خالد (ٹوبہ ٹیک سنگھ)،مولانا عبد المنان عثمانی (اوکاڑہ)، مولانا حسان صدیقی (دیپالپور)،مولانا یحی سراج(اسلام آباد)،مولانا ثناء اللہ حسینی (راولپنڈی)،حافظ محمد صدیق (اٹک)، قاری وقار احمد عثمانی(سرگودھا)، مولانا منظور احمد طاہر (ساہیوال)، مولانا سید انور (وزیرستان)،مولانا محمد یوسف (بلوچستان)،مولانا عبد العزیز (مظفر آباد)،مولانا عبد الجبار رحیمی (وہاڑی)،مولانا محمد عباس (خانیوال)،مولانا ظہیر عباس (قصور)،مولانا عتیق الرحمن (نارووال)،مولانا تنویر الحسن (مظفرگڑھ)، مولانا خلیل احمد سراج(ڈیرہ اسماعیل خان)، مولانا شعیب الرحمن قاسمی (لاہور)، مولانا محمد عادل (ایبٹ آباد)،مولانا رفیع اللہ خان (میانوالی)، مولانا قاسم عمار (چنیوٹ)،مولانا عبد العلیم (جھنگ)،مولانا ابوبکر سعید (رحیم یارخان)،مولانا عبد الرحیم فاروقی(منڈی بہائوالدین)، مولانا شفیق عثمانی (شیخوپورہ)،مولاناعامر اشرف (سمندری)،مولانا ظفر اللہ عابد (سیالکوٹ)،مولانا عبد الغفور (گوجرانوالہ)،مولانا محمد علی (بھکر) اورمولانا اسماعیل مدنی نے (لودھراں)میں جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اسلامی عسکری اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کا فیصلہ خطے میں پاکستان کی قائدانہ پالیسیوں کا عکاس ہے۔عالمی اسلامی عسکری اتحادمسلم ممالک کوغیر مستحکم کرنے والی قوتوں اور دہشت گردی کے خلاف مضبوط اتحاد ہے۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہے اور اسے مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہوگا۔ حکومت پاکستان نے اڑتالیس اسلامی ممالک کے عسکری اتحاد میں شمولیت کا فیصلہ کرکے پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ،سعودی عرب کو اسلامی ممالک کے عسکری اتحاد کو مضبوط بنانے کیلئے اپنا قائدانہ کردار اداکرنا ہوگا اور مظلوم مسلم امہ کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانا ہوگی اور یہ اسلامی عسکری اتحاد فرقہ واریت کی بنیاد پر نہیں بلکہ امت مسلمہ کی وحدت کیلئے قائم ہوا ہے اور ہم یہ امید رکھتے ہیں کہ مزید اسلامی ممالک بھی اس اتحاد میں شامل ہوکر اس اتحاد کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں گے۔ انہوں نے پارا چنار میں ہونے والے بم دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی اسلام ہرگز اجازت نہیں دیتا ۔ وطن عزیز میں بے گناہ انسانیت کا خون بہانے والے اسلام اور پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں دہشتگردی اور تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی ایجنڈے پر سرگرم افراد کی سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھنی چاہئے۔
۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے مرکزی امام بارگاہ پاراچنار کے باہر ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا جاری رہنا آپریشن ردالفساد اور نیشنل ایکشن پلان پر سوالیہ نشان ہے۔میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کو خون میں نہلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے بغیر ملک میں امن قائم نہیں کیاجاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی رحمتہ اللہ علیہ کے آبائی شہر پاراچنا رمیں دہشت گرد تنظیموں نے بار بار حملے کئے ، جس میں ہزاروں افراد اب تک شہید ہوچکے ہیں۔ حتیٰ کہ پاراچنار کا چار سال تک محاصرہ جاری رہا اور لوگوں کو پشاور جانے کے لئے افغانستان سے گذر کر جانا پڑتا تھا۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ محب وطن قوتیں اسلامی رواداری کی حمایتی ہیں کہ شرپسندکسی بھی مذہب و مسلک کے نمائندے نہیں۔ ان ناسوروں کے خاتمے کے لئے کارروائیاں مزیدتیزکرنا ہوں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی، نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی اور سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے کہا ہے کہ پاراچنار میں ایک بار پھر عوام پر بم دھماکے کی شکل میں ظلم وستم سے ثابت ہوگیا کہ آپریشن ردالفساد بھی ناکام ہوتا جارہا ہے۔ کیونکہ اس کے آغاز کے بعد بھی لاہور،دربار لعل شہباز قلندر سیہون شریف اور پاراچنار میں دھماکوں میں سینکڑوں بے گناہ لوگ شہید ہوچکے ہیں۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ پاراچنار کے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے، سکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ ان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں دہشت گردی کا مسئلہ عسکری اداروں کے لئے بھی چیلنج ہے جو اب تک کامیاب نہیں ہورہے ۔ یا پھر یہ ردالفساد کاردعمل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) شیعہ علماکونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور شعبہ حج و زیارات کے انچارج علامہ مظہر عباس علوی نے تفتان بارڈر پر زائرین کے سات دن سے روکے جانے کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت عوام کے بنیادی حقوق پورے کرنے میں سستی کا مظاہرہ نہ کرے۔ زائرین کو روکا گیا تو حکمران بھی سفر نہیں کرسکیں گے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت تسلسل کے ساتھ زائرین کو تنگ کرنے کے منفی ایجنڈے پر عمل پیراہے، جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سفری دستاویزات رکھنے والے زائرین کو ایران داخلے سے روکنا ، عملی طور پر قید کردینا اور زیارات سے واپس آنے والوں کو کوئٹہ جانے سے روکنا قابل مذمت فعل ہے۔ علامہ مظہر علوی نے کہا کہ پاکستانی شہری ہونے کے ناطے کسی بھی علاقے کا کوئی بھی شخص سفری دستاویزات کے ساتھ کسی بھی ملک جاسکتا ہے، تو ایران سے جانے سے کیوں روکا جاتا ہے، جو لوگ نجف اشرف، کربلا معلی اور مشہد مقدس جانے کے لئے بارڈر پر روکے گئے ہیں انہیں فی الفور اپنی منزل کی طرف جانے کی اجازت دی جائے اور واپس آنے والوں کے لئے کانوائے تشکیل دے کر اپنے گھروں کو واپس جانے دیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے پاراچنار میںبم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوے اسے غیر انسانی اور غیر اسلامی فعل قراردیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ عسکری ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھر پور کردار ادا کریں۔ ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ علامہ شاہ احمد نورانی کی قیادت میں بننے والے اتحاد ملی یکجہتی کونسل کی کاوشوں سے پاکستان میں فرقہ واریت ہم آہنگی موجود ہے، البتہ دہشت گردی کو ختم نہیں کیا جاسکا جس کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کا حکمرانوں اور ریاستی اداروں سے سوال ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ کیوں نہیں ہوسکا۔جبکہ انٹیلی جینس اداروں کی رپورٹس اور مختلف فوجی آپریشن کامیاب کیوں نہیں ہوسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی(جی پی آئی)تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ عوام کہیں بم دھماکوں میں مررہی ہے تو کہیںہسپتالوںاور سڑکوں پر دھکے کھارہی ہے ،حکمران دہشت گردی ختم کرنے کی بجائے اس کے نام پر سیاست کررہے ہیں۔دہشت گردوں کو ملک بھر میں افراتفری پھیلانے کا موقع حکومت کی نااہلیوںسے ملا،ان خیالات کا اظہار اانہوں نے عادل ہائوس سے جاری بیان میں کیا،انہوں نے کہاکہ لوگوں کو اس وقت انصاف اور روزگارکی ضرورت ہے،ناقص میٹریل سے سڑکوں اور پلوں کو بنانے والوں نے عوام کو نہیں بلکہ ٹھیکیداروں کو خوش کیا،ان منصوبوں سے عوام کو کوئی سہولت یا روزگار نہیں ملا ہے ، انہوں نے کہاکہ نواز لیگ اگلا الیکشن دھمکیوں اور پیسے سے جیتنے کا پلان بنارہی ہے مگر عوام باشعور ہوچکی ہے اور عوام اپنے ووٹ کا سہی استعمال کرتے ہوئے اگلا وزیراعظم عمران خان کو بنانے کی تیاریاں کرچکی ہے ،انہوں نے کہاکہ حکومت نے ایک بار پھر لوڈشیڈنگ ختم کرنے اور امن وامان دلانے کا نعرہ لگانا شروع کردیاہے کوئی ان سے پوچھے کہ یہ پچھلے چارسالوں میں کیا کرتے رہے ہیں،مگر یہ طے ہے کہ ہم حکمرانوں کی زلت سے اس ملک کو آزاد کرواکر ہی دم لینگے۔حکمرانوں کی کارکردگی سے مایوسی کااظہار تو عوام نے پہلے ہی سال کردیاتھا،جبکہ پارہ چنار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم دھماکے میں قیمتی جانوں کی زیاں پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں افسوس کہ کتنا عرصہ بیت چکا ہے کہ بے قصورلوگوں کا خون مسلسل بہہ رہاہے مگر مجال ہے کہ اس حکومت کوعوام کی جانی ومالی نقصان سے کوئی فرق نہیں پڑتاہو۔