گجرات کی خبریں 16/07/2015

Sajid Naqvi

Sajid Naqvi

گجرات (جی پی آئی) گجرات فرینڈز لائنز کلب کی طرف سے عید الفطر کے مبارک موقع پر جھونپڑیوں میں جا کر بچوں میں عید گفٹ تقسیم کئے گئے۔ چیئر پرسن محترمہ حرا شہزادی، صدر گجرات فرینڈز لائنز کلب احسن متین ملک’ جنرل سیکرٹری عامر رضوان گل’ ڈاکٹر رزاق احمد غفاری’ عمر نوخیز شیخ’ اویس اجمل’ ودیگر ممبران نے اپنے دست مبارک سے بچوں میں کپڑے ‘ ٹافیاں اور کھلونے وغیرہ تقسیم کئے۔ اس موقع پر اہل علاقہ نے گجرات فرینڈز لائنز کلب کے ممبران کے جذبہ کو بے حد سراہا۔
۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) ممتاز سماجی شخصیت حاجی محمد ریاض مرزا’ آف مرغزار کالونی نے اپنی رہائشگاہ پر افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ جس کے مہمان خصوصی حضرت علامہ پیر محمد شاہد چشتی اور پیر سید ہارون شاہ بخاری تھے۔ اس موقع پر اہم شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) مرکزی انجمن تاجران کی طرف سے چوک پاکستان میں روزہ داران کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ چیئرمین مرکزی انجمن تاجران عالمگیر بوبی پہلوان کی زیر نگرانی روزانہ افطاری کروائی جاتی ہے۔ گزشتہ روز مہمان خصوصی مزین حمید بٹ’ شیخ افضال الرحمن شاد’ سید انور علی شاہ’ امتیاز راٹھور’ افتخار شاکر’ سیٹھ ظہیر عباس صراف’ صدر انجمن تاجران گلزار مدینہ روڈ چوہدری نعیم آف چناب موبائل تھے۔ اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے عہدیداران کی کثیر تعداد موجود تھی۔ جنہوں نے اپنے ہاتھوں سے لوگوں کو افطاری تقسیم کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) انجمن امامیہ رجسٹرڈ گجرات کے زیر اہتمام امام بارگاہ فرزند علی شاہ میں عید الفطر کے موقع پر نماز کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ممتاز عالم دین علامہ محمد مولانا نوید مہدی صاحب نماز پڑھائیں گے اور دعا کروائیں گے۔ صدر انجمن امامیہ جاوید اقبال شاکر و دیگر نے تمام مومنین کو شرکت کی دعوت دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) کیا، مسلم لیگ ن کے راہنما حاجی ناصر محمود، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، چیف ایگزیکٹو زیب بلڈرز حاجی اورنگزیب بٹ، ڈ ی او سی وقار خان، اے سی احمد رضا سرا، ٹی ایم او خرم ترہنگی اور بڑی تعداد میں معززین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے زیب فری دسترخوان کا قیام نہایت قابل تحسین اقدام ہے اس سے ضرورت مند اور مستحق افراد باعزت طریقے سے کھانا کھا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی حکومت نے ہمیشہ مخیر حضرات کی طرف سے دسترخوانوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ گجرات کے مخیر حضرات نے ماہ رمضان المبارک کے دورا ن بھی بڑی تعداد میں مدنی دسترخوان قائم کئے جن سے بڑی تعداد میں مستحقین نے استفاد ہ کیا اور اس امر پر زور دیا کہ مخیر حضرات عام دنو ں میں بھی دسترخوان قائم کرنے کے لئے آگے آئیں۔ مسلم لیگ ن کے راہنما حاجی ناصر محمود نے زیب دسترخوان کے قیام کو سراہتے ہوئے حاجی اورنگزیب بٹ کی کاوشوں کو سراہا ۔ چیف ایگزیکٹو زیب بلڈرز حاجی اورنگزیب بٹ نے بات چیت کرتے ہوئے بھر پور حوصلہ افزائی پر ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ اور مسلم لیگ ن کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ضلع کونسل اور جنرل بس اسٹینڈ کے سامنے زیب فری دسترخوان پر روزانہ ہزارو ں افراد باعزت طریقے سے کھانا کھاتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ زیب فری دسترخوان کو مزید وسعت دی جاتی رہے گی۔ اس سے قبل افتتاحی تقریب میں آمد کے موقع پر ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ، حاجی ناصر محمود ، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا اور دیگر معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ خیر و برکت کے لئے بکروں کی قربانی بھی دی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ ضرورت مند افراد کی مدد کرکے عید کی خوشیوںکو دوبالا کیا جا سکتا ہے، مخیر اور صاحب ثروت افراد کو اس سلسلے میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے دارالامان اورہلال احمر سنٹر میں خواتین اور مستحق افراد میں عید گفٹس تقسیم کرنے کے موقع پر اظہار خیا ل کرتے ہوئے کیا، ڈی او سی وقار خان،ڈی او سوشل ویلفئر امجد کلیر، چوہدری اشرف ریحانیہ، چوہدری محمد ارشد، نثار الدین ساجد راٹھور، خادم علی خادم، بابر بھیا و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی او نے دارالاما ن میں مقیم تمام خواتین میںکپڑے اور مٹھائی جبکہ ہلا ل احمر کی طرف سے 50مستحقین میں راشن تقسیم کیا۔ لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ معاشرے میں ایک دوسرے سے ہمدردی اور خلوص کے جذبات کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے اس مقصد کے لئے ہمیں اپنے ہمسائیہ میں ایک دوسرے کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے۔ انہوںنے دارالامان میںمقیم خواتین کے لئے عید تحائف کا انتظام کرنے پر سوشل ویلفیئر کے ڈی او امجد کلیر ، مینجر صنعت زار محمد ارشد اور انکی ٹیم کو بھی زبردست سراہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) ضلعی حکومت نے خدمت کارڈ کے اجراء کے لئے تینوں تحصیلوں میں تین سنٹرز قائم کر دیے ہیں، پہلے مرحلے میں معذور افراد کو خدمت کارڈ جاری کئے جائیں گے اس مقصد کے لئے تمام عمل ون ونڈو آپریشن کے ذریعے مکمل کیا جائیگا۔ ان خیالات کااظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ڈی او سی وقا ر خان، اسسٹنٹ کمشنر احمد رضا، ای ڈی او چوہدری محمد اصغر، ڈاکٹر اعجاز حیدر، ڈی او سوشل ویلفیر امجد کلیر ، نادرا آفیسر محمد اشفاق، بنک آف پنجاب کے نمائندہ اسد علی ، و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں ڈی او سی وقار خان کو خدمت کارڈ کے اجرا کے سلسلہ میں فوکل پرسن مقرر کیا جبکہ سنٹرز کے قیام کے لئے ضلع کونسل، ٹی ایچ کیو کھاریاں اور ٹی ایم اے ہال سرائے عالمگیر کی منظوری دی گئی۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ سنٹرز پر انتظامیہ، محکمہ صحت، نادرا اور بنک آف پنجاب کا عملہ بیک وقت موجود ہوگا ، سنٹر ز پر معذور افراد کو لانے کے لئے انتظامات ضلعی حکومت کرے گی جبکہ تمام لوازمات پورا ہونے کے بعد ان افراد کو اسی دن خدمت کارڈ جاری کر دیے جائیں گے جن کے ذریعہ وہ ہر ماہ ایک ہزار روپے حاصل کر سکیںگے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں حکومت مزید مستحق افراد کو خدمت کارڈ جاری کرے گی تاکہ ضرورت مند افراد کی مالی امداد کی جا سکے۔ انہوںنے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوںکو بطریق احسن پورا کریں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے جعلی اور زائد المعیاد ادویات فروخت کرنے پر پندرہ میڈیکل سٹور مالکان اور عطائیوں کے خلاف کیسز ڈرگ کورٹ بھجوانے کی منظور ی دے دی ہے۔ ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس زیر صدارت ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ منعقد ہوا جس میں ای ڈی او ہیلتھ اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر مجموعی طور پر 16کیسز پیش کئے گئے جن کی سماعت کے بعد بورڈ نے ان کیسز کو عدالتی کاروائی کے لئے ڈرگ کورٹ کو بھجوانے کے احکامات جاری کر دیے۔ بورڈ نے ایک میڈیکل سٹور مالک کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے مستقبل میں ڈرگ قوانین کے مطابق کاروبار کرنے کی ہدایت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) گیس چوروں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران سوئی نادرن گیس پائپ لائنز گجرات کی ٹیم نے کھاریاں میں چھاپہ مار کر مین گیس پائپ لائن کے ساتھ دو انچ اور ایک انچ کے پائپ لگا کر غیر قانونی نیٹ ورک کے ذریعے بڑی مقدار میں گیس چوری پکڑ لی اور موقع پر لگے 10غیر قانونی گھریلو میٹرز منقطع کر کے ملزمان کے خلاف تھانہ ایف آئی اے میں مقدمہ درج کر ادیا گیا ہے۔ جنرل مینجر سوئی نادرن گیس گجرات احسان اللہ بھٹی نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ باالمقابل اصغر کالونی کھاریاں میں ثاقب رضا ولد محمد خان نامی شخص بڑی مقدار میں گیس چوری کرکے محکمہ کو بھاری مالی نقصان پہنچا رہا ہے جس پر انچارج کسٹمر سروسز رحمت اللہ کی زیر قیادت خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ریڈ کرکے گیس چوری کا سراغ لگا لیا۔ انہوںنے بتایا کہ ملزمان نے سوئی نادرن گیس پائپ لائن کی مین لائن سے ڈائریکٹ کنکشن کرکے سوئی گیس کے 10گھریلو میٹر لگا رکھے تھے جہاں عرصہ دراز سے گیس سپلائی کی جا رہی تھی جس سے محکمہ کو بھاری نقصان ہو رہا تھا۔انہوںنے بتایا کہ غیر قانونی میٹرز کو فوری طور پر اتار کر قبضہ میں لے لیا گیا ہے جبکہ اندراج مقدمہ کے بعد ایف آئی اے نے کاروائی کا آغاز کر دیاہے۔ دریں اثناء سینئیر جنرل مینجر سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لاہور نے سوئی گیس چوروںکے نیٹ ورک کو بے نقاب کر نے پر ریجنل جی ایم احسان اللہ بھٹی اور انکی ٹیم کو شاباش دی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا نے چار گرانفروشوں پر 6ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیاہے۔ ڈی سی او لیا قت علی چٹھہ کی ہدایت پر کریک ڈائون کے دوران اے ڈی سی نے دودھ اور دیگر اشیا مہنگے داموں فروخت کرنے پر عارف گل، شہباز ، ارشد اور نثار پر جرمانہ عائد کر دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) یجنل الیکشن کمشنر /ڈی لیمیٹشن اتھارٹی چوہدری مسرور احمد بجاڑ کی پریس ریلیز کے مطابق تحصیل گجرات کی یونین کونسلوں یونین کونسل نمبر 1تا 58کی حلقہ بندیوں کے خلاف پیٹشنز کی سماعت 22جولائی، میونسپل کارپوریشن گجرات کی تمام یونین کونسلوں اور تحصیل گجرات کی میونسپل کمیٹیوں کی حلقہ بندیوں کے خلاف پیٹشنز کی سماعت 23جولائی اور تحصیل کھاریاں اور سرائے عالمگیر کی یونین کونسلوں کی نئی حلقہ بندیوں کے خلاف پیٹشنز کی سماعت 24جولائی بمقام دفتر ریجنل الیکشن کمشنر کرن اسٹریٹ گل روڈ گوجرانوالہ میں ہوگی۔ تمام درخواست گذاروں، رسپانڈنٹس کو ہدایت کی ہے کہ پیٹشنز کی سماعت کے لئے بروقت دفتر میں حاضر ہوں۔