گجرات کی خبریں 11/01/2016

Gujrat

Gujrat

گجرات (جی پی آئی) محکمہ سوئی گیس نے چالیس سال بعد رامتلائی روڈ پر اپنی لائن کو اپ گریڈ کر دیا۔ انچارج ٹیکنیکل سمیع اللہ کی نگرانی میں تین انچ سے چھ انچ کے پائپ ڈال دئیے گئے۔ جس سے شہر بھر میں گیس کا پریشر بہتر ہو جائے گا۔ اور شہریوں کو اس سے سہولت میسر آ سکے گی۔ چالیس سال سے اس لائن کی اپ گریڈیشن کیلئے کوئی اقدامات نہ کئے گئے تھے۔ جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ یاد رہے کہ اپ گریڈیشن کے سلسلہ میں گزشتہ روز دن بھر سوئی گیس بند رکھی گئی۔

……………………………………….
………………………………………

گجرات (جی پی آئی) گجرات شہر گندگی سے اَٹ گیا۔ شہریوں کو بے پناہ مشکلات کا سامنا۔ ٹی ایم اے کے افسران دفتروں میں بیٹھ کر حاضریاں لگا رہے ہیں جبکہ شہری کوڑے کرکٹ سے پریشان اور بے حال ہو چکے ہیں۔ کوڑا اٹھانے والی گاڑیاں علی الصبح کوڑا اٹھانے کی بجائے دوپہر میں کام کرتے دکھائی دیتے ہیں جس سے ٹریفک کے مسائل بھی بڑھ جاتے ہیں۔ عوامی حلقوں نے ڈی سی او گجرات سے مطالبہ کیا ہے کہ کارپوریشن کی حالت بہتر بنائی جائے اور صبح اور شام کے اوقات میں گندگی کو اٹھانے کے اقدامات کئے جائیں۔ تاکہ شہر ”خوبصورت گجرات” کا منظر پیش کر سکے۔

……………………………………….
………………………………………

گجرات (جی پی آئی) انگلینڈ کے ممتاز اینکر پرسن سید کاشف سجاد ترمذی نے گزشتہ روز جی پی آئی دفاتر کا دورہ کیا ۔ چیف ایڈیٹر جی پی آئی ڈاکٹر رزاق احمد غفاری اور ایڈیٹر ذوالفقار علی باجوہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر رزاق احمد غفاری نے سید کاشف سجاد کو پاکستان میں صحافیوں کو در پیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ جبکہ ذوالفقار علی باجوہ نے ان کو پاکستان صحافت کی ٹیکنالوجی بارے گفتگو کی۔

……………………………………….
………………………………………

گجرات (جی پی آئی) زندگی میں کامیابی کیلئے تحقیق بے حد ضروری ہے۔ روز بروز ہونے والی ریسرچ سے استفادہ کرنے والے افراد ہی کامیاب ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر وحید احمد ڈین سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سرحد یونیورسٹی پشاور نے سپورٹس سائنسز سوسائٹی گجرات کے زیر اہتمام سرحد یونیورسٹی کے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس ایک مشکل مضمون ہے۔ جس میں پریکٹیکل ریسرچ کام آتی ہے۔ روز بروز جو نئی تحقیقات ہو رہی ہیں اس کے بارے میں طلباء کو آگاہ کرنا چاہئے تاکہ وہ اس سے مستفید ہو سکیں۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر منڈی بہائوالدین چوہدری ناصر نے کہا کہ سپورٹس میں سب سے زیادہ اہمیت مینجمنٹ اور ریسرچ کی ہے۔ زندگی میں کامیابی کیلئے ہمیں چاہئے کہ اپنے کھلاڑیوں کو بہترین ٹریننگ دیں کیونکہ کسی بھی کھیل میں آدھے سے زیادہ کوچ کھیلتا ہے۔ کیونکہ کوچ کی اپنی ٹیم کی تمام کمی و بیشیوں کا ذمہ دار ہوتا ہے اس لئے کوچ کو اپنی تربیت مکمل کرنی چاہئے۔ فزیکل انسٹریکٹر پروفیسر طارق محمود زمیندارہ کالج نے کہا کہ کھلاڑیوں کو چاہئے کہ وہ اپنی تربیت کی جانب خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ پاکستان کار وشن کر سکیں۔ صدر فزیکل ہیلتھ سائنس سوسائٹی شیخ ابرار سعید نے کہا کہ ہم کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ ان کی بہترین تربیت کا اہتمام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر شکیل سرور نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے طلباء اپنے سٹوڈنٹس کی بہتر تربیت کرنے کے قابل ہو سکیں۔ اس لئے انہیں بہتر انداز میں تربیت دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر تجمل وڑائچ محمد ارشد’ نے بھی خطاب کیا اور طلباء کو اسناد و شیلڈز دی گئیں۔

……………………………………….
………………………………………

گجرات (جی پی آئی) 18ویں سالانہ محفل میلاد النبی ۖ ”انوار کی بارش” موضع باہووال میں منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت صاحبزادہ پیر سید سجاد حسین شاہ نے کی۔ جبکہ خصوصی خطاب صاحبزادہ غلام بشیر نقشبندی آستانہ عالیہ بائولی شریف حضرت علامہ غلام ربانی تیمور منہاج القرآن لاہور’ صاحبزادہ پیر سید عتیق الرحمن شاہ نے کیا۔ تلاوت پاک کا شرف قاری غضنفر علی نعیمی نے حاصل کیا۔ نقابت کے فرائض سید عنایت حسین شاہ بخاری لاہور’ اور مولانا حبیب شہزاد آف شاہ پور نے حاصل کیا۔ نعت رسول مقبول ۖ سلمان رضا قادری ‘ سید عابد شاہ قادری ‘ سید عمران افگن رانیوال سیداں’ قاری محمد شفیع رزاقی انگلینڈ’ غلام عباس چیچیاں نے حاصل کیا۔ جبکہ محفل کے مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی طاہر اقبال چوہدری وہاڑی’ نصر اقبال چوہدری وہاڑی’ چوہدری عبدالخالق دتیوال’ طاہر عباس وہاڑی’ خاور نذیر تھے۔ جبکہ یہ محفل برائے ایصال ثواب میراں یحییٰ ترمذی’ پیر سید جمال شاہ ترمذی’ پیر سید حیات شاہ ترمذی’ پیر سید غلام رسول شاہ ترمذی’ سید اصغر شاہ ترمذی منعقد ہوئی۔ سید فرخ سجاد آف انگلینڈ’ سید کاشف سجاد انگلینڈ اور میلاد کمیٹی باہووال کے ممبران نے وسیع و عریض انتظامات کئے ۔ ساری رات انوار و تجلیات کی بارش ہوتی رہی۔ عمرہ کی سعادت بذریعہ قرعہ اندازی محمد ساجد آف باہووال نے حاصل کی۔ جبکہ 10 دیگر انعامات بذریعہ قرعہ اندازی بھی دئیے گئے۔

……………………………………….
………………………………………

گجرات (جی پی آئی) محافل نعت کا انعقاد اچھی بات ہے۔ تاہم محبت رسول ۖ کا تقاضا ہے کہ ہم سیرت مبارکہ کو اپنی زندگیوں میں بھی لاگو کریں۔ ان خیالات کا اظہار صاحبزادہ غلام بشیر نقشبندی نے محفل میلاد مصطفیۖ ”انوار کی بارش” کے موقع پر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نبی آخر الزماں کا میلاد منانا باعث رحمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ خوش قسمت ہیں کہ جو محافل نعت کا انعقاد کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کے گھروں میں بھی رحمت کرتا ہے۔ اور ان کے کاروبار میں بھی برکت پیدا ہوتی ہے۔ ممتاز عالم دین حضرت علامہ غلام ربانی تیمور نے کہا کہ معاشرہ میں اچھی باتوں کی تلقین کرنی چاہئے اور نماز کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ ہم لوگ بڑی بڑی محافل کرواتے ہیں لیکن نماز جیسے فرض کو پس پشت ڈالتے ہیں۔ صاحبزادہ سید عتیق الرحمن شاہ آستانہ عالیہ بوکن شریف نے کہا کہ حضرت محمد ۖ کی آمد سے جہالت کے اندھیرے چھٹ گئے۔ مرد و عورت کو برابر کے حقوق ملے’ بیٹیوں کو پائوں کی جوتی کی بجائے سر کا تاج بنایا گیا اور بچیوں کو زندہ درگور کرنے کی رسم کو ختم کر دیا گیا۔ وہ ظالم باپ جو بچیوں کو زندہ درگور کرتے وقت روتا نہیں تھا اب جب بیٹی کی رخصتی ہوتی ہے تو وہ باپ آج آنسوئوں کے سائے میں رخصت کرتا ہے۔ خواتین کو پہلے آکاز کی منڈیوں میں فروخت کیا جاتا تھا۔ نبی پاک ۖ کی آمد سے ان مائوں ‘ ان بہنوں کو عزت ملی۔ سید سجاد حسین ترمذی نے کہا کہ ہم ہر سال اس محفل کو بہتر سے بہتر طریقے سے منعقد کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اور بہتر انداز میں انتظامات کرتے ہیں۔ آئندہ سال مزید بہتر طریقہ سے انتظامات کئے جائیں گے تاکہ آنیوالے دوستوں کو سہولت میسر آ سکے۔ سید کاشف سجاد نے کہا کہ میلاد کمیٹی باہوووال کی انتظامیہ بھی اس بات پر مبارکباد کی مستحق ہے کہ انہوں نے محفل میلاد کے سلسلہ میں شاندار تعاون کیا۔ میں تمام مہمانوں کا شکر گزار ہوں جو اس مبارک محفل میں تشریف لائے اور میں عمرہ کا ٹکٹ حاصل کرنے والوں کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

……………………………………….
………………………………………

گجرات (جی پی آئی) ضلع گجرات میںتین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے پہلے روز 1لاکھ 24ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے ۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر عابد غوری اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندہ ڈاکٹر قیصر نے بتایا کہ 11سے 13جنوری تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے لئے ضلع گجرات میں پانچ سال سے کم عمر 4لاکھ16ہزار 256بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس مقصد کے لئے 824موبائل ٹیمیں، 91فکسڈ پوائنٹس اور 31ٹرانزٹ پوائنٹس مقرر کئے گئے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ پہلے روز 1لاکھ 23ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر تھا تاہم پولیو ٹیموںنے بھرپور محنت کرکے 1لاکھ 24ہزار بچوں کو قطرے پلائے اس دوران کسی بھی والدین نے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے سے انکار نہیں کیا۔ دریں اثنا ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے سول ہسپتال کوٹلہ ارب علی خان کا دورہ کیا انسداد پولیو مہم کاجائزہ لیاجبکہ ڈی سی او کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ریویو کمیٹی جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر صدارت تحصیل ریویو کمیٹی کے اجلاس میں پہلے روز کی انسداد پولیو مہم کی پراگریس کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بہترین کارکردگی پر محکمہ صحت کے افسران اور اہلکاروںکی کارکردگی کو سراہا اور اسی جوش و جذبے سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

……………………………………….
………………………………………

گجرات (جی پی آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینٹر پرویز رشید، وفاقی وزیر امور کشمیر برجیس طاہر، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کوٹلہ ارب علی خان کا دورہ کیا، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ، ایم این اے چوہدری عابد رضا ، ایم پی اے چوہدری شبیر احمد بھی انکے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر ایم این اے چوہدری عابد رضا ، ایم پی اے چوہدری شبیر احمد کی طرف سے وفاقی وزراء اور ڈی سی او گجرات کے اعزاز میںڈیرہ چوہدری عبدالمالک کوٹلہ ارب علی خان پر گرینڈ ظہرانہ دیا گیا جس میں مسلم لیگ ن کے راہنما حاجی اورنگزیب بٹ ، چوہدری تنویر گوندل، یونین کونسلوں کے نومنتخب چیئرمین چوہدری تنویر احمد، لالہ محمد افضل، راجہ شبیر قیصر، ملک اسلم، ڈاکٹر عباس، ملک محمد اقبال، چوہدری محسن لنگڑیال، ملک آصف،کونسلرز اور معززین علاقہ نے بھرپور شرکت کی۔ غیررسمی بات چیت کے دوران سیاسی راہنمائوںنے ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ چوہدری عابد رضا، چوہدری شبیر احمد نے وفاقی وزراء کو اپنے حلقہ میں ترقیاتی منصوبہ جات اور سیاسی صورتحال بارے بھی آگاہ کیا۔

……………………………………….
………………………………………

گجرات (جی پی آئی) عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں مریضوںکو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے جاری منصوبہ جات کا جائزہ لینے کے لئے ہفتہ وار اجلاس ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، صدر چیمبر آف کامرس میاں محمد اعجاز، اورنگزیب بٹ، ای ڈی او فنانس چوہدری اصغر، ڈی ایچ او ڈاکٹر عابد غوری، ڈی اوز محمد یونس، محمد اشفاق ، ایم ایس ڈاکٹر عباس گوندل،، صدر مرکزی انجمن تاجراںجاوید بٹ، صدر پی ایم اے ڈاکٹر مقصود زاہد، انجمن بہبودی مریضاںکے چوہدری سلیم، خادم علی خادم، ٹی ایم او خرم محمود و دیگر بھی موجود تھے۔ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں میڈیکل افسران اور نرسنز کی خالی سیٹوںپر بھرتیوںکے لئے محکمانہ کاروائی کا آغاز کیا جائے ۔ انہوںنے ہدایت کی کہ نواز شریف میڈیکل کالج کی طرف سے کنسلٹنس کی ڈیوٹی کا شیڈول حاصل کیا جائے۔انہوںنے ایم ایس کو ہدایت کی کہ ہسپتال کی تمام خراب مشینوں کی مرمت کا کام ایک ہفتے میں مکمل کیا جائے اسی طرح ڈائیلسز کی تمام چالو مشینوں کو ہر صورت فنکشنل رکھا جائے اس مقصد کے لئے اورنگزیب بٹ ہسپتال انتظامیہ سے قریبی رابطے میں رہیں گے۔ انہوںنے چیئرمین بیوٹیفکیشن کمیٹی کو ہدایت کی کہ لان کی خوبصورتی کا منصوبہ اسی ہفتے مکمل کیا جائے نیزایدھی سنٹر کے لئے عمارت تعمیر کی جائے۔ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ آئندہ چھ ماہ میںنئی ایمرجنسی وارڈ کی تکمیل کے بعد کارڈیالوجی وارڈ کو پرانی ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کر دیا جائے گا۔ انہوںنے اورنگزیب بٹ، ایم ایس اور صدر پی ایم اے پر مشتمل کمیٹی کو سائیکل اسٹینڈ کے لئے مناسب جگہ کے انتخاب کی ہدایت کی۔ڈی سی او نے ٹی ایم اے کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے سامنے روڈ پر ہر طرح کے بورڈ ہٹائے جائیں اور صفائی یقینی بنائی جائے۔ ڈی سی او نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کہ وہ اپنے وسائل سے سی سی ٹی وی کیمروں کو چالو، ایمرجنسی میں گیس کی فراہمی اور ٹیلی فون ایکسچینج کے منصوبے مکمل کریں۔

……………………………………….
………………………………………

گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر ارشد جہانگیر جھوجھہ نے وفد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وکلاء کے وفد میں جہانگیر اختر جھوجھہ، رافع احمد خان اور چودھری محمد اشتیاق گوہر بھی شامل تھے جبکہ اس موقع پر طارق بشیر چیمہ ایم این اے اور ناصر دوگل ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے لاہور بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر ارشد جہانگیر جھوجھہ کو چودھری شجاعت حسین اور پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت نے ہمیشہ وکلاء برادری کے مسائل کے حوالے سے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے، ہم نے عام آدمی کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کیلئے تاریخی اقدامات کئے، ہم نے اپنے دور میں انہیں مثالی سہولتیں، مراعات فراہم کیں، پراسکیوشن کا الگ محکمہ اور کنزیومر کورٹس قائم کی گئیں، یہی وجہ ہے کہ وکلاء اور پاکستان مسلم لیگ کے مابین ہر ایشو کے بارے میں آج بھی رابطہ رہتا ہے۔ ارشد جہانگیر جھوجھہ نے الیکشن میں حمایت اور ہمیشہ وکلاء برادری کا ساتھ دینے پر چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور پاکستان مسلم لیگ سے اظہار تشکر کیا۔