گجرات کی خبریں 02/02/2016

Gujrat

Gujrat

گجرات (جی پی آئی) سٹیزن فرنٹ کی سپریم کونسل کا ماہانہ اجلاس آج 3 فروری بروز بدھ بعد از نماز عشاء حافظ نواب دین ہائوس ، طفیل سٹریٹ جلالپور روڈ گجرات میں منعقد ہو گا۔ اجلاس کی صدارت ضلعی صدر چوہدری علی ابرار جوڑا کریں گے۔ اجلاس میں تنظیمی رپورٹ ‘ حاضری رپورٹ اور مالی امور کی رپورٹ پیش کی جائے گی جبکہ یوم یکجہتی کشمیر بارے لائحہ تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ تمام اراکین سپریم کونسل حاضری کو یقینی بنائیں۔
………………………………………
………………………………………

گجرات (جی پی آئی) عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں تعینات میڈیکل آفیسر ڈاکٹر فلک شیر کے انکل کی وفات پر سماجی کارکن مہر فاروق خالد نے اظہارِ افسوس کیا اور مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ انہوںنے سوگواران کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔ اور کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
………………………………………
………………………………………

گجرات (جی پی آئی) تبلیغ دین کی عالمی تنظیم تبلیغ اسلامی کے زیر اہتمام چلنے والا مدرسہ جامعہ مدینة الاسلام گجرات گزشتہ روز بڑی گیارہویں شریف کا اجتماع منعقد ہوا۔ جس میں مختلف مقابلہ جات ہوئے۔ جس میں خصوصی بیان حضرت علامہ مولانا محمد آصف صدیقی نے کیا۔ آخر میں رقعت انگیز دعا و ذکر قادریہ کیا گیا۔ پوزیشن ہولڈرز بچوں کو انعامات دئیے گئے۔ جس میں پہلا مقابلہ حفظ قرآن کا ہوا۔ بچوں نے سٹیج پر آکر بہت خوبصورت آواز میں قرآن پاک پڑھا۔ جس میں پہلی پوزیشن زین علی قادری’ دوسری پوزیشن غلام محی الدین ہاشمی اور تیسری پوزیشن حبیب الرحمن نے حاصل کی۔ دوسرا مقابلہ ترجمہ القران ہوا جس میں بچوں نے پورے اجتماع کے سامنے آکر قرآن پاک کا مختلف جگہوں سے ترجمہ کیا۔ جس میں پہلی پوزیشن محمد رمضان قادری اور دوسری پوزیشن محمد کاشف بٹ اور تیسری پوزیشن احمد رضا قادری نے حاصل کی۔ تیسرا مقابلہ علم صرف کا ہوا جس میں پہلی پوزیشن اقبال حیدر اور دوسری پوزیشن محمد وقار اور تیسری پوزیشن عبدالغفار قادری نے حاصل کی۔ علامہ صدیقی نے بچوں کی بہت اچھے طریقے سے رہنمائی فرمائی ۔ آخر میں لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا۔
………………………………………
………………………………………

گجرات (جی پی آئی) صدر پاکستان مسلم لیگ (ق) محمد حنیف حیدری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یو سی 1 میں جعل سازی کے ذریعے کامیاب ہونیوالوں کا جو حشر دو ماہ کے اندر ہی ہو گیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ اور ان کی دال جوتوں میں بھٹ رہی ہے۔ نام نہاد چیئرمین اور دیگر ان کی کابینہ آپس میں چھینا جھپٹی کر رہے ہیں۔ اس کی بھی مثال نہیں ملتی اور نوبت یہاں تک آ گئی ہے کہ ایک دوسرے کے خلاف پرچے کروائے جا رہے ہیں ایسے لوگ عوامی خدمات کیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ یو سی 1 میں دو ہزار جعلی ووٹ کاسٹ کیا گیا اور ہم یہ بات بھی جانتے ہیں کہ پیپر کس پریس سے چھپے ہیں اور کس طرح عوامی مینڈیٹ کو لوٹا گیا ہے۔ ہم نے سارے معاملات کا جائزہ لے کر عدالتوں سے رجوع کر لیا ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ ہم اپنے موقف کو ثابت کریں گے اور اس جعل ساز ٹولے اور عدالتوں کے ذریعے نا اہل کروائیں گے۔
………………………………………
………………………………………

گجرات (جی پی آئی) دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس میں نئے سیشن کیلئے داخلوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ڈائریکٹر دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس شہزاد شفیق نے کہا ہے کہ طلبہ و طالبات کو تعلیم کے حصول کے سلسلہ میں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ماہرین تعلیم بچوں کی تعلیم و تربیت کا مشن احسن طریقہ سے سرانجام دے رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں تمام کلاس رومز میں CCTV کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور بچوں کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ مذہبی تعلیم کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ اور شعبہ حفظ کیلئے کوئی اضافی فیس مقرر نہیں کی گئی۔
………………………………………
………………………………………

گجرات (جی پی آئی) وارڈ نمبر1 سے جنرل کونسلر تنویر بٹ عرف بھولا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت ناکام ہو چکی ہے’ وارڈ نمبر 1 میں ترقیاتی کام کروانے کے دعوے دار کوئی بھی ترقیاتی کام شروع نہ کروا سکے۔ جعل سازی سے بننے والا ٹولہ انشاء اللہ جلد اپنے انجام کو پہنچے جائے گا۔ بڑے بڑے دعوے کرنے والوں کی جوتوں میں دال بٹ رہی ہے۔ ایسے افراد نے عوام کی کیا خدمت کرنی ہے۔ نہوں نے کہا کہ ق لیگ ہی محب وطن جماعت ہے اور چوہدری برادران نے جو کام اپنے دور میں کئے۔ ان کی مثال نہیں ملتی۔ ذرا غور کیا جائے تو ضلع گجرات کیلئے جو کام چوہدری پرویز الٰہی نے کئے ان کی کوئی مثال نہ ہے۔ اگر ان کا ایک ہی یونیورسٹی آف گجرات کا جو تحفہ گجراتیوں کو دیا ہے وہ رہتی دنیا تک عوام یاد رکھیں گے۔ خدمت ایسی ہونی چاہئے جو رہتی دنیا تک قائم رہے۔ اب انشاء اللہ ق لیگ کی حکومت دوبارہ آئے گی اور عوام خوشحال ہوں گے اور ملک ترقی کرے گی۔
………………………………………
………………………………………

گجرات (جی پی آئی) ممتاز ماہر تعلیم سید سعادت حسین شاہ جو گزشتہ روز رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے تھے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے ختم قل آج صبح 8 بجے امام بارگاہ قصر ابو طالب مدینہ سیداں میں منعقد ہوگا۔ ممتاز عالم دین علامہ اصغر یزدانی خطاب کریں گے جبکہ ٹھیک ساڑھے 8 بجے دعا کی جائے گی۔ تمام دوست احباب سے شرکت کی استدعا کی جاتی ہے۔
………………………………………
………………………………………

گجرات (جی پی آئی)ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر ہرگز برداشت نہیں ، بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو حصول تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت ، انتظامیہ اور بھٹہ خشت مالکان کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈسٹرکٹ ویجلینس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں، ای ڈی او فنانس و کمیونٹی ڈویلپمنٹ چوہدری اصغر، ڈسٹرکٹ پبلک پراسکیوٹر بابر جاوید ڈار، ڈی او لیبر غضنفر علی، مزدور راہنما پیز زادہ امتیاز سید، اے ڈی پی پی اشتیاق احمد اعوان، ای او آئی بی کے خالد پرویز، علی مرتضی، نائب صدور بھٹہ خشت ایسویسی ایشن محمد ریاض، محمد افضل، میجر (ر) افتخار علی و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے نافذ کئے جانیوالے نئے قوانین کے مطابق ڈی سی او ، ڈی پی او ، اسسٹنٹ کمشنر ز، ڈی ایس پیز نے ابتک 89بھٹہ خشت کی اچانک چیکنگ کی اور چائلڈ لیبر ثابت ہونے پر 12مقدمات درج ، 3بھٹہ خشت سیل کئے گئے ہیں ، چیکنگ کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور اگر کسی بھٹہ خشت پر کمسن بچوں سے مزدوری لی گئی تو مالکان کو سزا و جرمانہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوںنے کہا کہ ضلع بھر کے بھٹہ خشت پر ابتک 48نان فارمل سکول قائم کئے جا چکے ہیں جن میں 1500سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں تاہم اس امر کو یقینی بنانا ہوگا کہ کسی بھی بھٹہ خشت مزدور کا بچہ سکول سے باہر نہ رہے خواہ اسکی فیملی نے کتنی ہی مختصر مدت کے لئے وہاں قیام کیوں نہ کرنا ہو۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے لیبر دیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ تمام نان فارمل سکولوںمیں زیر تعلیم بچوں کی لسٹ آویزاں کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے قانون کے تحت بھٹہ مالکان اگر کسی مزدور کو پیشگی دیتے ہیں تو اسکا تحریری معاہدہ کرنا ہوگا جو ایک مخصوص مدت سے زیادہ نہیں ہوگا جبکہ اسکی کاپی متعلقہ انسپکٹرز کو بھی فراہم کرناہوگی۔ ڈی سی او نے سوشل سکیورٹی اور اولڈ ایج بینفٹس کے افسران کو ہدایت کی کہ محنت کشوںکی رجسٹریشن کا عمل تیز کیا جائے جبکہ مزدوروںکے بچے جنکے ابتک پیدائش سرٹیفکیٹ نہیں بنے انکی لسٹ فراہم کی جائے تاکہ انکے ناموں کا انداراج کرایا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)میرج ہال مالکان ون ڈش قانون پر عمل درآمد یقینی بنائیں، رات دس بجے تک شادی کے فنکشن ہر صورت ختم کر دیے جائیں خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے میرج ہالز ایسویسی ایشن کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس کی قیادت صدر چوہدری سہیل وڑائچ ، جنرل سیکرٹری چوہدری عدنان افتخار نے کی جبکہ صدر مرکزی انجمن تاجراں جاوید بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ون ڈش قانون اور رات دس بجے شادی کے پروگرام ختم کرانے کے لئے واضع ہدایات ہیںقانون پر عمل درآمد نہ کرنیوالوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور انکے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ انہوںنے واضع کیا کہ مارکی اور کھلے مقامات پر شادی کے پروگرامز کا انعقاد کرنیوالوں کے لئے بھی ون ڈش اور رات دس بجے تک پروگرام ختم کرنیکا قانون اسی طرح ہی لاگو ہوتا ہے اگر ایسے پروگرامز کے آرگنائزرز قانون شکنی میں ملوث ہیں تو انکے بارے اطلاع دی جائے ۔ ڈی سی او نے ہدایت کی کہ میرج ہالز مالکان اپنی الگ پارکنگ کے انتظامات یقینی بنائیں تاکہ سٹرکوں پر گاڑیاں کھڑی ہونے سے شاہراہوں پر ٹریفک بلاک نہ ہو۔ صدر مرکزی انجمن تاجراں جاوید بٹ ، میرج ہالز ایسویسی ایشن کے عہدے داروں نے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کو یقین دلایاون ڈش اور رات دس بجے تک شادی کے پروگرام ختم کرنے کے قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)اپنا روزگار سکیم کے تحت گاڑیاں حاصل کرنے کے لئے بوگس ڈرائیونگ لائسنس جمع کرانیوالے 63افراد کے خلاف مقدمات درج کر ادیے گئے ہیں جبکہ 18درخواست گذار جنکے کوائف کی تصدیق نہیں ہو سکی انہیں انکی درخواستیں بھی مسترد کر دی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس سیکرٹری آر ٹی اے انجم ریاض سیٹھی، ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف، صدر مرکزی انجمن تاجران جاوید بٹ، آئی ٹی آفیسر دانش مرزا، بنک آف پنجاب کے افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہ کل 1166درخواستوں میں سے 1139کے کوائف کی جانچ پڑتا ل کرائی جا چکی ہے، ان میں سے 1060کے کوائف درست پائے گئے ہیں انہیں گاڑیوںکی فراہمی کے لئے متعلقہ اتھارٹی کو سفارش کر دی گئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ دوران چیکنگ 63 درخواست گذاروں کے ڈرائیونگ لائسنس بوگس پائے گئے جن پر مقدمات درج کرا دیے گئے ہیں جبکہ 29کے کریمنل ریکارڈ کی وجہ سے انکی درخواستیں مسترد کی گئیں۔ انہوں نے کہا درخواست گذاروں کے کوائف کی تصدیق پر سیکرٹری آر ٹی اے ، ای ڈی او ایجوکیشن، آئی ٹی آفیسر ، ٹریفک پولیس کو بھی سراہا ۔ انہوںنے بنک آف پنجاب کے افسران کو ہدایت کی کہ جن درخواست گذاروں کے کوائف کی تصدیق ہو چکی اور انہیں ابتک گاڑیاں فراہم نہیں کی گئیں انہیں جلد ڈیلیوری کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کے دورہ چیمبر کے موقع پر ممتاز کاروباری شخصیات نے کڈنی سنٹر کی تعمیر کے لئے لاکھوں روپے کے عطیات جمع کر ادیے ہیں۔ عظیم فلاحی منصوبہ کی تعمیر کے لئے جن شخصیات نے عطیات دیے ان میں صدر چیمبر آف کامرس میاں اعجاز نے 2لاکھ روپے، کرامت حسین نے 5لاکھ روپے، احمد حسن مٹو نے 1لاکھ روپے، شیخ ابرار سعید نے 50ہزار روپے کے عطیات جمع کرائے۔ ادریس سیٹھی نے بھی کڈنی سنٹر کے لئے عطیہ کا چیک دیا۔ ڈی سی او نے کار خیر میں حصہ لینے پر تمام کاروباری شخصیات کو خراج تحسین پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی سردار وقاص حسن موکل نے تبلیغی جماعتوں پر پابندی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی ہے۔ مجوزہ قرارداد کے متن کے مطابق ”یہ ایوان حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں تبلیغی جماعتوں پر پابندی کی شدید مذمت کرتا ہے جبکہ یہ تبلیغی جماعتیں فرقہ واریت سے پاک ہیں اور دہشت گردی سے روک کر امن کا درس دیتی ہیں اور ان کے کام میں کوئی متنازعہ بات نہیں۔ پوری دنیا میں تعلیمی اداروں کے اندر دین کا کام کر رہی ہیں جس کا عملی مظاہرہ رائے ونڈ اجتماع کی وجہ سے لاکھوں انسانوں کی زندگی میں خوشگوار انقلاب کا آنا ہے۔ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں یہ پابندی نہ صرف ناقابل فہم بلکہ مذہبی جذبات برافروختہ کرنے کے مترادف ہے۔ لہٰذا یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ مذکورہ پابندی کو فی الفور واپس لیا جائے۔” #