گجرات کی خبریں 09/06/2015

Gujrat

Gujrat

گجرات (جی پی آئی) مورا سکالر شپ سکیم کے تحت گورنمنٹ نواب ممتاز ڈگری کالج دولت نگر میں چار لاکھ 36 ہزار پانچ سو روپے کے چیک طالبات میں تقسیم کئے گئے ۔ اس تقریب کی صدارت پرنسپل خالدہ اشرف نے کی۔ جبکہ مہمان خصوصی چیئرمین ضلعی زکوٰة کمیٹی چوہدری تنویر گوندل تھے۔ اس موقع پر علاقہ کی سیاسی و سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جن میں چوہدری محمد زمان ڈوگہ ‘ چوہدری محمد سلیم ٹھاکر’ قاری محمد شفیع نوشاہی’ ڈاکٹر انصر ملک’ چوہدری بدر’ چوہدری محمد آصف’ چوہدری زوار علی’ چوہدری محمد اعظم’ چوہدری زاہد حسین زرگر’ ملک احسان سبحانی’ چوہدری امجد’ ڈاکٹر امجد چوہدری’ ڈاکٹر قیصر’ ڈاکٹر عبدالرزاق مہر’ چوہدری عبدالمالک’ چوہدری نذیر احمد’ چوہدری محمد اصغر’ چوہدری جاوید سلطان’ و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر طالبات میں چیک تقسیم کئے گئے۔
…………………………
…………………………
گجرات (جی پی آئی) خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی تعلیمی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو بے پناہ سہولیات مل رہی ہیں۔ گجرات میں ضلعی زکوٰة کمیٹی نے اپنے فرائض احسن طریقہ سے سرانجام دینے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین ضلعی زکوٰة کمیٹی چوہدری تنویر گوندل نے گورنمنٹ نواب ممتاز ڈگری کالج برائے خواتین دولت نگر میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اور میرے خاندان نے جمہوریت کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں۔ 14 ایف آئی آر کا سامنا کیا اور میرے چھوٹے چھوٹے بھتیجے بھی جیلوں میں رہے۔ میرے زہن میں صرف غریب عوام کی خدمت تھی اور میں نے ہر طرح سے کوشش کی کہ غریب عوام کے مسائل حل ہوں۔ میں علاقہ کے MPA ‘ MNA ایز کے ساتھ تعلیمی اداروں میں جاتا اور تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تعلیمی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ NA 104 کے تمام تعلیمی اداروں کے مسائل حل کئے جا رہے ہیں اور اس ادارے کے مسائل کو بھی حل کیا جائیگا۔ پرنسپل خالدہ اشرف نے کہا کہ چیئرمین چوہدری تنویر گوندل کی کاوشوں سے طالبات کو ان کا حق مل رہا ہے۔ دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے اقدامات کے تحت ہمارے ادارے میں چار دیواری اونچا کرنے کی ضرورت ہے۔ جبکہ کالج میں کمپیوٹر لیب کی بھی ضرورت ہے۔ مخیر حضرات تعاون کریں۔ اس موقع پر والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔
…………………………
…………………………

گجرات (جی پی آئی)ورلڈپنجابی فورم،روزن ادبی فورم اورپریس کلب گجرات کے باہمی اشتراک سے ”میاں محمدبخش کانفرنس”11جون بروز جمعرات3:00بجے بعدازدوپہرپریس کلب گجرات میں ہوگی ،صدارت ملک کے معروف دانشور،چیئرمین ورلڈپنجابی کانگریس،سابق چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان ،فخرزمان کرینگے جبکہ مہمانانِ خصوصی پروفیسرخالد ہمایوں اورڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹربابرجاویدڈارہونگے،نظامت کے فرائض افضل راز(میزبان کانفرنس)سرانجام دینگے ،اظہارخیال کرنے والوں میں ڈاکٹرانکل سام،رانا منصورامین،چوہدری اسماعیل چیچی،اشفاق ایاز،احسان چھینہ جبکہ منظوم خراجِ عقیدت اقبال بالم،استادخموش قالندری،استادشریف فیاض چشتی پیش کرینگے اورچوہدری شیردل ترنم سے سیف الملوک بھی پیش کرینگے ،احباب خبرکو ہی دعوت نامہ سمجھ کر تشریف لائیں اورمحفل کی رونق کو دوبالا کریں
…………………………
…………………………

گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ اربن علاقوں کے ساتھ دیہی علاقو ں میں انفراسٹرکچر کی بہتری سے ترقی کا سفر تیز ہوگا، گجرات میں اربوں روپے لاگت سے جاری میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے ضلع ترقی یافتہ اضلاع کی صف میں شامل ہو جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع گوچھ میں کڈھالہ ملکی روڈ سمیت علاقہ میں 28کروڑ روپے لاگت سے سٹرکوں اور نالوںپر پلوںکی تعمیر کے منصوبہ جات کے سنگ بنیاد کے موقع پر خطاب اور6.4کروڑ روپے لاگت شاہدولہ روڈ کے معائنہ کے موقع پر کیا، مسلم لیگ سندھ کے سیکرٹری جنرل سینٹر نہال ہاشمی، ایم این اے چوہدری عابد رضا، ایم پی اے چوہدری شبیر احمد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا،مسلم لیگ ن کے راہنما حاجی ناصر محمود، چوہدری اشرف ریحانیہ، ای ڈی او فنانس اینڈ پلاننگ چوہدر ی محمد اصغر، ڈی او روڈز آصف میر ، اور دیگر افسران بھی اس موقع پرموجود تھے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ حکومت نے شاہین چوک جی ٹی روڈ پر ڈیڑھ ارب روپے لاگت سے فلائی اوور کی منظوری دے دی ہے ، دوارب روپے سے شہباز پور پل کی تعمیر سے گجرات کا سیالکوٹ اور لاہور موٹروے اور ائیرپورٹ سے ہوجائے گا، اسی طرح گجرات میں 92ایکڑ اراضی پر گوجرانوالہ ڈویژن کا سب سے بڑا پارک، جلالپور جٹاں اور کوٹلہ ارب علی خان میں اسٹیڈیم کی تعمیر ، کھاریاں اور سرائے عالمگیر میں واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن کے منصوبہ جات پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوک پاکستان تا گلیانہ روڈ اور دیگر میگا پراجیکٹس بھی پائپ لائن میںہیں۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں اور اگر کہیں کرپشن یا ناقص میٹریل استعمال ہو تو انہیں آگاہ کیا جائے ایسے عناصر کو نشان عبرت بنا دیا جائیگا۔ شاہدولہ روڈ کے معائنہ کے موقع پر ڈی سی اونے ٹی ایم اے اور ریونیو عملہ کو ہدایت کی کہ سٹرک کی تعمیر سے قبل روڈ سے تجاوزات کا سو فیصد خاتمہ یقینی بنایا جائے اس مقصد کے لئے بلاتاخیر آپریشن کیا جائے۔ا نہوںنے ہدایت کی کہ روڈز ڈیپارٹمنٹ تمام متعلقہ محکموںکو آگاہ کرے کہ وہ سٹر کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں ہٹا لیں نیز اگر اس علاقہ میں انکا کوئی پراجیکٹ ہو تو اسے فوری مکمل کیا جائے۔ ڈی سی او نے شہریوںکی نشاندہی پر سٹرک پر استعمال کئے جانیوالے پتھر کے حوالے سے بھی ماہرین سے مشاورت کی ہدایت کی۔
…………………………
…………………………

گجرات (جی پی آئی) رکن قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا ، ایم پی اے چوہدری شبیر احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کروڑوں روپے لاگت این اے 107پی پی 115کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں سے عوام کی تقدیر بدل کر رکھ دے گی و ہ دن دور نہیں جب عوام کے تمام دیرینہ مطالبات پورے ہوں گے اور علاقہ تعمیر و ترقی کے لحاظ سے نہ صرف گجرات بلکہ دیگر علاقوںکے لئے بھی ایک مثال بن جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے موضع گوچھ میں کڈھالہ ملکی روڈ، پلوں اور دیگر سٹرکوںکی افتتاحی تقریب کے موقع پر بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری عابد رضا نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام کے درست فیصلے نے انہیں اور مسلم لیگ ن کی حکومت کو اس قابل بنایا کہ حلقہ کے عوام کی خدمت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ انکے والد اوربھائی نے علاقہ میں امن اور ترقی کا خواب دیکھا تھا انکے اس مشن کو آگے بڑھانے اور علاقہ کی محرومیوںکے خاتمہ کے لئے خدمت کا سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے عوا م دوست بجٹ پیش کیا ہے جس سے ہر شعبہ زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ا نہوں نے کہا کہ چاروں صوبوںکے عوام میاںنواز شریف سے بھرپور محبت کرتے ہیں جسکا واضع ثبوت گلگت بلتستان کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی واضع کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس تیزی سے این اے 107میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں وہ دن دور نہیں جب علاقہ کے عوام کے تمام دیرینہ مطالبات پور ے ہو جائیں گے۔ ایم پی اے چوہدری شبیر احمد نے کہا کہ دوسالہ دور میں علاقہ میں سکولز، کالجز، کھاریاں اور سرائے عالمگیر کے لئے ترقیاتی پیکج سمیت کروڑوں روپے لاگت سے منصوبہ جات میں سے متعدد مکمل ہو چکے جبکہ باقی پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کڈھالہ ملکی روڈ سمیت اٹھائیس کروڑ روپے لاگت سے سڑکوں اور پلوںکی تعمیر سے علاقہ کا نقشہ بدل جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ انکا اور انکے خاندان کا دامن ہر طرح کی کرپشن سے پاک ہے اور وہ ہر ظلم کے آگے دیوار کی طرح کھڑے ہوں گے اور حلقہ کو تعمیر و ترقی کے لحاظ سے مثالی بنا دیا جائے گا۔
…………………………
…………………………

گجرات (جی پی آئی) مسلم لیگ ن کے راہنما سینٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ گجرات میں ایسے حکمران بھی گذرے ہیں جنہوںنے کاغذی منصوبے بنائے ، انہوںنے اقتدار میں رہ کربھی عوام کی سیاسی تربیت نہیںکی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ عام انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف کو ووٹ دے کر درست فیصلہ کیا جبکہ حکومت علاقہ میں ترقیاتی کاموںکا جال بچھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوںنے گوچھ میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے عوام درست فیصلے کرتے رہے تو ماضی میںلوٹ مار کرنیوالے کبھی واپس نہیں آئیں گے۔ انہوںنے کہا کہ عوام کی درست فیصلے کی وجہ سے پہلی بار گلگت بلتستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت بنے گی۔ سینٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں شہری عوام عام انتخابات کی طرح مسلم لیگ ن کا بھر پور ساتھ دیں تاکہ ترقی کا سفر تیزی سے مکمل کیا جاسکے۔
…………………………
…………………………

گجرات (جی پی آئی) گجرات فرینڈز لائنز کلب کی جنرل باڈی میٹنگ میں سال 2015-16 ء کیلئے عہدیداران کا چنائو مکمل ۔ اجلاس کی صدارت صدر گجرات فرینڈز لائنز کلب عمر اقبال نے کی۔ اس موقع پر اتفاق رائے سے لائن احسن متین ملک بلا مقابلہ صدر لائن عامر رضوان گل جنرل سیکرٹری ‘ فنانس سیکرٹری رضوان احمد منتخب ہو گئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ‘ شیخ عمر نوخیز’ بلال سیٹھی’ حراء شہزادی و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر احسن متین ملک نے کہا کہ گجرات فرینڈز لائنز کلب کی تاریخ خدمت کے کے کاموں سے بھری پڑی ہے’ جس طرح گزشتہ سال ہم نے دن رات کام کر کے خدمت خلق کے نئے باب رقم کئے اسی طرح آئندہ سال بھی خدمت کرتے رہیں گے۔ اور گجرات فرینڈز لائنز کلب کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں گے۔ نئی ٹیم جذبوں سے سرشار ہے ۔ اس موقع پر سابق صدر عمر اقبال نے کہا کہ جس طرح میرے ساتھ دوستوں نے تعاون کیا اس پر میں شکر گزار ہوں اور ہم اسی طرح کام کرتے رہیں گے۔ نو منتخب جنرل سیکرٹری عامر رضوان گل نے کہا کہ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں۔ اور ٹیم ورک پر کام کرتے ہوئے کامیابی حاصل کریں گے۔
…………………………
…………………………
گجرات (جی پی آئی) اے ڈی سی /سپیشل پرائس مجسٹریٹ عرفان علی کاٹھیا نے دہی، چینی اور چنے مہنگے داموں فروخت کرنیوالے 3گرانفروشوںکے خلاف مقدمات درج کر دیے ہیں جبکہ ایک گرانفروش پر 2ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیاہے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر کریک ڈائون کے دوران اے ڈی سی نے مختلف علاقوں میں اچانک چیکنگ کی اس دوران چنے مہنگ داموں فروخت کرنے پر فضل حسین ، دہی مقررہ قیمت سے زائد پر فروخت کرنے پر الیاس اور چینی اور گھی مہنگا فروخت کرنے پر اویس کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر ادیے جبکہ گرانفروش طالب حسین پر چینی مہنگے داموں فروخت کرنے پرجرمانہ عائد کر دیا گیا۔
…………………………
…………………………

گجرات (جی پی آئی) اسسٹنٹ کمشنر میاں اقبال مظہر کی زیر قیادت ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے پنجاب سیلز ٹیکس کے نادہندہ ایک میرج ہال اور 3ہوٹلز کو سیل کر دیا ہے۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کو نشاندہی کی تھی کہ ملن میرج ہال نزد فروٹ منڈی، سوات ہوٹل ، اے ایف سی قمر سیالوی روڈ اور چناب بار بی کیو نزڈ دریائے چناب کو اتھارٹی نے رجسٹرڈ کیا ہوا ہے لیکن انکی انتظامیہ نے نہ تو ریٹرن فائل کیا ہے اور نہ ہی اپنے ذمہ سیلز ٹیکس ادا کیا ہے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر اے سی گجرات میاں اقبال مظہر کی قیاد ت میں ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ پنجاب سیلز ٹیکس ذکا اللہ، ریونیو آفیسر گلزار احمد اور پولیس کی نفری کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے چاروں نادہندہ ہوٹلز کو سیل کر دیا۔
…………………………
…………………………
گجرات (جی پی آئی) خوبصور ت گجرات پراجیکٹ کے تحت یونیورسٹی آف گجرات کے تعاون سے رحمانیہ پل کے ساتھ قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے خوبصورت پینٹگز بنائی جائیں گی، جبکہ سٹرک کے اطراف شجرکاری اور ایل ای ڈی لائٹس بھی نصب کی جائیں گی کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ گیارہ جون کو دورہ گجرات کے موقع پر منصوبہ کا افتتاح کریں گے ۔ یہ فیصلہ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، چیئرمین بیوٹیفیکشن کمیٹی اورنگزیب بٹ، یونیورسٹی آف گجرات کے ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیرز محمد یعقو ب نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پل کے ساتھ لگائے گئے پتھروں پر یونیورسٹی کے طلبہ قائد اعظم سمیت قومی ہیروز کی تصاویر، قومی پرچم، موجودہ قیادت کی تصاویر بنائیں گے اس مقصد کے لئے اورنگزیب بٹ یونیورسٹی کے طلبہ کو تمام سہولیات فراہم کریں گے۔ اجلاس میں کٹھالہ انڈر پاس کی دیواروںپر بھی ضلع کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے پینٹگز کے حوالے سے غور کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔