گجرات کی خبریں 24/11/2015

GPI News

GPI News

گجرات (جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام 33 ویں سالانہ عظیم الشان اہل حدیث کانفرنس اختتام پذیر۔ کانفرنس کی صدارت ممتاز عالم دین سید الطاف الرحمن شاہ سابق مدرس مسجد نبوی ۖ نے کی۔ جبکہ خصوصی حضرت علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری’ حضرت علامہ محمد یوسف پسروری ‘ حافظ ضیاء الرحمن ضیائ’ حافظ محمد ابراہیم محمدی’ حافظ فیصل اشرف شیخ و دیگر نے کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سید ثناء اللہ شاہ رانیوال سیداں نے سرانجام دئیے۔ محمد منشاء قادری نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ اس کانفرنس میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے علماء کرام نے شرکت کی۔ جس کا اہتمام حضرت علامہ سید الطاف الرحمن شاہ نے کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین وحید مراد مرزا’ سابق کونسلر لیاقت علی بٹ’ طارق سلامت’ و دیگر موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) بزم جمیل پشاور کے زیر اہتمام یوم مجدد الف ثانی کے سلسلہ میں شیخ محمد ارشد کی رہائشگاہ پر عظیم الشان یوم مجدد الف کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت سجادہ نشین آستانہ عالیہ شرقپور شریف صاحبزادہ میاں ولید احمد جواد مجددی نقشبندی شرقپوری نے کی۔ اس موقع پر علماء و مشائخ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ جن میں سید اقبال حسین شاہ سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت لیونے بابا ، سید لیاقت حسین شاہ گیلانی سجادہ نشین حضرت شاہ قبول اولیاء ، سید شمشاد علی شاہ سجادہ نشین حضرت آخوند پنجو بابا ، حضرت خواجہ محمد سلیم جنیدی سجادہ نشین حضرت شیخ جنید پشاوری ، انجینئر سید محمد نعمان قادری ‘ علامہ سید زاہد اقبال شاہ ‘ صاحبزادہ محمد شہزاد شفیق نقشبندی’ سید شیر بادشاہ ‘ ڈاکٹر رزاق احمد غفاری و دیگر معززین موجود تھے۔ نقابت کے فرائض محمد شاہد ودود قادری نے سرانجام دئیے۔ ہدیہ نعت سید محمد عثمان شاہ گجرات ‘ انعام اللہ ‘ غلام یاسین ‘ قاری فواد حسین’ سریر الدین ایوبی’ احمد حسین’ عابد نور اشرفی’ ملک ارسلان و دیگر نے پیش کیا۔ اس موقع پر لنگر کا وسیع انتظام تھا۔
……………………
گجرات (جی پی آئی) حضرت امام ربانی مجددی الف ثانی کی قربانیوں اور کوششوں سے آج برصغیر پاک و ہند میں اسلام اصل شکل میں موجود ہے۔ جب بھی کسی نے اسلام کی تعلیمات سے انحراف کیا اسی وقت اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ بندوں نے اسلام کی حفاظت کیلئے آواز بلند کی۔ بادشاہ اکبر نے اسلام کے خلاف جب اقدامات شروع کئے اور اپنے ”اکبری دین” کو متعارف کروایا۔ تو حضرت مجدد الف ثانی نے فوری طور پر اس کا راستہ روکا۔ اور مسلمانوں کو اسلام کی اصل تعلیمات سے آگاہ کیا۔ حضرت میاں محمد جمیل شرقپوری نے پاکستان میں حضرت مجدد الف ثانی کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کئے اور ملک بھرمیں مجدد الف ثانی تقریبات کا آغاز کیا۔ ملک میں فوری طور پر یوم مجدد الف ثانی کو قومی سطح پر منایا جائے اور ملک کو صحیح معنوں میں اسلامی اسٹیٹ بنایا جائے۔ جو لوگ پاکستان کو سیکولر بنانا چاہتے ہیں ان کے خواب کبھی پورے نہیں ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار صاحبزادہ میاں ولید احمد جواد مجددی نقشبندی شرقپوری سجادہ نشین آستانہ عالیہ شرقپور شریف نے پشاور میں عظیم الشان مجدد الف ثانی کانفرنس کے موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کیا۔ انجینئر سید محمد نعمان قادری نے کہا کہ ہم اہل سنت و الجماعت سے تعلق رکھتے ہیں اور آج اس ملک میں سنیوں کے نام پر جو افراد سرگرم ہیں وہ اسلام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ پشاور میں ہر طرف نجدیت اور وہابیت کی یلغار ہے۔ دہشتگرد ملک کو نشانہ بنا رہے ہیں ان دہشتگردوں نے امریکہ کو پہلے افغانستان اور پاکستان کی راہ دکھائی اور پھر شام فلسطین کو نشانہ بنایا۔ اب وہ دیگر اسلامی ممالک کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔ پختون غیرت مند قوم ہیں اور یہ کبھی بھی اپنے ملک میں کسی دوسرے کا قبضہ برداشت نہیں کریں گے۔ مولانا محمد ابوبکر قادری نے کہا کہ شام اور یمن والے عاشق رسول ۖ تھے اسی لئے انہیں دہشتگردوں نے نشانہ بنایا۔ اب دہشتگرد پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ ہم انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور دہشتگردوں کے خلاف سینہ سپر ہوں گے۔ حضرت مجد دالف ثانی کی تحریک ہمیں آج بھی اسلام کیلئے کٹ مرنے کا درس دیتی ہے شہزاد شفیق نقشبندی نے کہا کہ حضرت میاں جمیل احمد شرقپوری مجددی نے پاکستان میں حضرت مجدد الف ثانی کی تعلیمات کو پروان چڑھانے کیلئے کام کیا اور ہمیں جذبہ دیا کہ ہم حضرت مجدد الف ثانی کی تحریک کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے شیخ محمد ارشد کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے شاندار پروگرام منعقد کیا ہے۔
……………………
گجرات (جی پی آئی) فرقہ بندیوں نے اسلام کو بے حد نقصان پہنچایا ہے۔ آج مسلمان ایک دوسرے کو برداشت نہیں کرتے ۔ ایک دوسرے کی مساجد میں نماز پڑھنے سے گریزاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین سید الطاف الرحمن 33ویں سالانہ عظیم الشان اہل حدیث کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو صرف اور صرف محبت ‘ پیار اور کلمہ طیبہ کی دعوت دیتے ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کی حرمت کے احترام کا حکم دیا ہے۔ اور انسان کی اپنی جگہ پر بہت اہمیت ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ملکر چلنا چاہئے۔ ایکدوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونا چاہئے۔ جمعیت اہلحدیث پاکستان صرف اور صرف محبت اور پیار کا درس دیتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو حضرت آدم علیہ السلام کا بیٹا پیدا کیا اور بحیثیت اولاد آدم ہر انسان کی تقویم واجب ہے۔ ہم اس وقت تک سرخرو نہیں ہو سکتے جب تک ہم احترام آدمیت کا خیال نہ رکھیں۔ 33 ویں سالانہ عظیم الشان کانفرنس کا ایجنڈا صرف یہ ہے کہ اسلام کی صحیح تعلیمات کو لوگوں تک پہنچایا جائے۔ علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ اس وقت دنیا میں مختلف فتنے سر اٹھا رہے ہیں۔ سب سے بڑا فتنہ ، فتنہ شہبات ہے اور دوسرا بڑا فتنہ فتنہ شہوت ہے۔ پہلے آدمی برے کاموں کیلئے گھر میں جھوٹ بول کر سینما گھروں اور دیگر جگہوں پر چھپ چھپا کر جاتا تھا مگر اب میڈیا کی وجہ سے ہر بچے کے پاس یہ چیزیں عام ہیں۔ موبائل کی ایک کلک پر یہ چیزیں سامنے آ جاتی ہیں۔ ہم سب کا یہ فرض ہے کہ ہم اس یلغار کو روکیں اور ان بچوں کو سیدھی راہ دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگر ہم اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں تو تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ علامہ محمد یوسف پسروری نے کہا کہ جمعیت اہلحدیث کا پیغام محبت ہے۔ اور مسلمانوں کو ایک جگہ پر اکٹھا کرنا ہے۔ حضرت علامہ سی دالطاف الرحمن کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے اس عظیم الشان پروگرام کے ذریعے لوگوں کو پیغام نبی ۖ پہنچانے کا موقع فراہم کیا۔
……………………
گجرات (جی پی آئی) یونیورسٹی آف لاہور گجرات کیمپس کے زیر اہتمام دو روزہ انٹرنیشنل ملٹی ڈسپلنری کانفرنس کا آغاز ۔ افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ تھے۔ اس کانفرنس میں پاکستان بھر کی مختلف یونیورسٹیوں کے ریسرچ ڈائریکٹرز’ سکالرز ‘ صنعتکاروں نے شرکت کی۔ ریسرچ سکالرز نے اپنے اپنے پیپرز پیش کئے۔ ریسرچ سکالرز نے اپنی تحقیقات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ صدر گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں محمد اعجاز (جی ایف سی فین) ‘ حاجی محمد الیاس (جی ایف سی فین) و دیگر صنعتکار بھی موجود تھے۔
………………………
گجرات (جی پی آئی) امن و امان کا قیام اور انرجی کے بحران کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے گزشتہ روز یونیورسٹی آف لاہور گجرات کیمپس کے زیر اہتمام منعقدہ عظیم الشان ملٹی ڈسپلنری کے افتتاحی سیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا جب موجودہ حکومت نے چارج سنبھالا تو ہر طرف دہشتگردی اور دھماکے ہو رہے تھے۔ انرجی کا بحران اپنے عروج پر پہنچا ہوا تھا ایسے میں موجودہ حکومت نے اپنے عوام کے فلاح و بہبود کیلئے بہترین قدم اُٹھائے ضرب عضب کے تحت ملک میں امن وامان کے قیام کیلئے بہترین کوششیں کیں۔ جس سے ملک میں امن وامان کی صورتحال بہت بہتر ہے۔ اور 2017ء تک امن وامان کا مسئلہ بالکل حل ہو جائے گا۔ اور انرجی کا بحران بھی حل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گجرات اوکاڑہ سے لیکر جہلم تک کا علاقہ بہت خوبصورت علاقہ ہے پاکستان کا 50 فیصد زر مبادلہ اس علاقہ سے حاصل ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے زیادہ تر نوجوانوں کو روزگار ملتا ہے۔ ہم اسے گولڈن ٹرائی اینگل کا درجہ دیتے ہیں۔ اور انٹرنیشنل ملٹی ڈسپلنری میں تحقیق کے ذریعے ہونے والی معلومات سے بہت فائدہ ملے گا۔ موجودہ فیلڈ کے مطابق تحقیقات کی جائے اور مقامی مارکیٹ کے مسائل کو سامنے رکھ کر ریسرچ کی جائے تو ملک ترقی کر سکتا ہے۔ یونیورسٹی آف لاہور کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ ڈائریکٹر یونیورسٹی آف لاہور اسرار احمد شیخ نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد علم کی ترویج ہے ۔ یونیورسٹی آف لاہور مختلف اضلاع میں کام کر رہی ہے 30 ڈگری پروگرام جاری ہیں۔ 30ہزار سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں۔ اس موقع پر محمد اویس ‘ جاوید انجم شیخ’ ڈاکٹر فرمان ‘ ڈاکٹر عدنان قاسم’ ڈاکٹر شاہد لودھی’ و دیگر نے بھی اظہارِ خیال کیا۔
…………………………………
گجرات (جی پی آئی) آستانہ عالیہ غوثیہ فضلیہ کھیپڑانوالہ شریف میں ماہانہ محفل گیارہویں شریف کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سجادہ نشین صاحبزادہ پیر سید محمو دالحسن بخاری قادری حسنی و الحسینی نے کی۔ جبکہ مہمان خصوصی علامہ فیض الحسن تھے۔ اس موقع پر صوفی محمد احسان قادری ‘ صوفی سائیں مشتاق مستانہ’ محمد ایوب قادری’ صوفی صابر حسین’ قاری شفقت اللہ قادری و دیگرنے ہدیہ نعت پیش کیا۔ علامہ مظفر حسین نقشبندی نے خصوصی خطاب کیا۔ حاضرین کیلئے لنگر کا وسیع انتظام تھا۔
……………………
گجرات (جی پی آئی) ایک قدم آگے ، گجرات کے ہونہار طلباء و طالبات انجینئر ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے گجرات میں سہولیات میسر۔ فاران کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی گجرات میں سول ‘ BSC انجینئرنگ ٹیکنالوجی’ اور BSC الیکٹریکل و میکینکل کی کلاسز کا اجراء ہو گیا۔ اب فاران کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے ہی تمام شعبہ جات میں سہولیات میسر آئیں گی۔ یہ ضلع گجرات کا واحد ادارہ ہے جس میں یہ سہولیات میسر کی گئی ہیں۔ نہایت ہی کم فیسز میں یہ سہولت مہیا کی گئی ہیں۔
………………………………
گجرات (جی پی آئی) 10 دن قبل شادی کی تقریب سے اغواء ہونے والے 2 سالہ بتول فاطمہ دُختر ابوبکر کی لاش گھر کے قریب پانی کے تالاب سے مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق دس یوم قبل دو سالہ بتول فاطمہ گھر سے لا پتہ ہو گئی جس کے اغواء کا مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ مگر گزشتہ روز گھر کے قریب ہی واقع تالاب سے بچی کی نعش مل گئی ۔ تفتیشی افسر محمد الیاس کے مطابق بچی کھیلتے ہوئے گھر کے پاس واقع تالاب میں خود گر گئی تھی اور گندے پانی میں ڈوب گئی تھی۔
………………………………
گجرات (جی پی آئی) فیصل آباد سے اسلام آباد پیدل چلنے والا شخص مدینہ ٹائون کا رہائشی محمد افضل پیدل گجرات پہنچ گیا۔ گجرات شاہین چوک میں مقامی لوگوں نے انہیں ویلکم کیا۔ محمد افضل اسلام آباد کیلئے گجرات سے روانہ یاد رہے کہ محمد افضل ن لیگ کا ورکر ہے اور اسلام آباد اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کو ملنے کیلئے فیصل آباد سے اسلام آباد تک پیدل سفر کر رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے دفاع چوہدری جعفر اقبال نے وزیر اعظم کسان پیکج کے تحت دھان کے کسانوں کو ادائیگی کے مرکز ضلع کونسل گجرات کا دورہ کیا اور کسانوں میں معاوضہ کے چیک تقسیم کئے، انہوںنے کاشتکاروں سے ملاقات بھی کی اور ان سے ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ا ے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا ، ڈی او سی وقار حسین خان، اسسٹنٹ کمشنر میاں اقبال مظہر، ریونیو آفیسرز بھی انکے ہمراہ تھے۔ انہوں نے بنک آف پنجاب کے ادائیگی کاونٹرز اور ویری فیکشن کے عمل کا معائنہ کیا اور کسانوں سے فراہم کی جانیوالی سہولیات بارے استسفار کیا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ ضلع گجرات میں وزیر اعظم پیکج کے تحت14782کسانوںکو وزیر اعظم پیکج کے تحت ادائیگیوں کا عمل جاری ہے اور ابتک مجموعی طور پر 6912کسانوں کو ساڑھے 11کروڑ روپے کی ادائیگی کی جا چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کسانوںکو مراکز ادائیگی پر لانے کے لئے باقاعدہ ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ،ادائیگی مراکز پر چائے سے انکی تواضع کی جاتی ہے اور ادائیگی کے بعد انہیں انکے دیہات تک واپس پہنچایا جا تا ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ کسانوں کی سہولت کے لئے مراکز میں بائیو میٹرک مشینوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے دفاع چوہدری جعفر اقبال نے نے کسانوں کی سہولت کے لئے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے تاریخی زرعی پیکج سے کسانوںکی مشکلات کا ازالہ ہوگا اور وہ معاشی مشکلات سے آزاد ہوکر آئندہ فصل کاشت کر سکیںگے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کے اقدامات سے زرعی انقلاب کی راہ ہموار ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام کنگ چنن اور علی پور کی ٹیموں کے درمیان والی بال ٹورنامنٹ کا فائنل میچ آج سہ پہر تین بجے شہباز شریف پارک میں ہوگا ۔ ڈ ی سی او لیاقت علی چٹھہ، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ایم پی اے حاجی عمران ظفر اور مسلم لیگ ن کے راہنما چوہدری رضا علی وڑائچ میچ کے مہمانان خصوصی ہوں گے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) سپیشل پرائس مجسٹریٹ /اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا نے گرانفروشوں کے خلاف کاروائی کے دوران 3ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر ادیے ہیں جبکہ 6گرانفروشوں پر جرمانے عائد کر دیے گئے ہیں۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر کریک ڈائون کے دوران اے ڈی سی نے کم وزن روٹی فروخت کرنے، گوشت اور چنے کے زائد نرخ وصول کرنے پر ثنا اللہ، آصف بٹ، رفیق کے خلاف مقدمات درج کر ادیے ۔ کاروائی کے دوران عامر، ناصر، صڈام، ریاض وغیر ہ پر ساڑھے 11ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ایم پی اے نوابزادہ حیدر مہدی، مسلم لیگ ن کے راہنما و نومنتخب چیئرمین نوابزادہ طاہر الملک، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سید وقار نقوی نے مقامی سیاسی شخصیت محمد عالم قادری کے اہلیہ محترمہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وہ گذشتہ روز انکے گھر گئے اور مرحومہ کے ایصال ثواب اور مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت اور پسماندگان کو صبر جمیل کے لئے دعا کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) اے سی کھاریاں افشاں رباب نے جی ٹی روڈ پر چیکنگ کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات اور حفظان صحت کے اصولوں کا خیال نہ رکھنے پر میاں جی ہوٹل کو سیل کر دیا ہے ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ اور ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی گجرات عرفان علی کاٹھیا کی ہدایت پر کاروائی کے دوران اے سی کھاریاں نے جی ٹی روڈ پر واقع میاں جی ہوٹل کی چیکنگ کی جہاں صفائی کا نظام نہایت غیر معیاری تھا، کھانے کی جگہ پر مکھیاں تھیں، فریج میں موجود گوشت کی حالت نہایت خراب جبکہ ملازمین کے ہیلتھ کارڈ بھی نہ تھے اسی طرح ملازمین کے کپڑے بدلنے کے لئے الگ جگہ بھی نہ تھی ۔ جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اے سی کھاریاں کھاریاں نے مذکورہ ہوٹل کو سیل کر دیا ہے اور اس حوالے سے پولیس کو بھی رپورٹ بھجوادی گئی۔ دریں اثنا ڈی ڈی او ایچ ڈاکٹر محمد علی مفتی نے صفائی کے ناقص انتظامات پر طاہر بٹ سویٹس اور وی آئی پی فروٹ چاٹ اینڈ دہی بھلے جلالپور جٹاں کو سیل کر دیا ہے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کامیاب کاروائی پر اے سی کھاریاں اور ڈی ڈی او ایچ کو شاباش دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ دیہی علاقوںمیںواقع سرکاری ہسپتالوںکی کارکردگی میں بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ضلع گجرات کے 73بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹرز تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ ڈی ایچ کیو ، ٹی ایچ کیو، رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت میں وافر مقدار میں ادویات فراہم کر دی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رورل ہیلتھ سنٹر کڑیانوالہ، سانتل، اجنالہ کے دورہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ایم پی اے نوابزادہ حیدر مہدی ، مسلم لیگ ن کے راہنما و نومنتخب چیئرمین نوابزادہ طاہر الملک، ڈی ایچ او ڈاکٹر عابد غوری، ڈاکٹر محمد علی مفتی، چوہدری اکرم سانتل، ہارون رشید بٹ، مرزا عقیل بیگ، ملک راشد اعوان اور بڑی تعداد میں معززین علاقہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ رورل ہیلتھ سنٹر کڑیانوالہ کے دورہ کے موقع پر ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا، انہوں نے بتایا کہ 90ملین روپے لاگت سے آر ایچ سی کی نئی بلڈنگ کی تعمیر جاری ہے،منصوبے پر 50فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ باقی کام جون تک مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تعمیر کے لئے معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ بعدا زاں انہوں نے آر ایچ سی کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا ۔بی ایچ یو سانتل اور اجنالہ کے دورہ کے موقع پر ڈی سی او نے ان ہسپتالوں کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا ، مریضوں سے علاج معالجہ اور ادویات کی مفت فراہمی کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے میڈیکل افسران کو ہدایت کی کہ وہ مخیر حضرات پر مشتمل انجمن بہبودی مریضان تشکیل دیں تاکہ اگر کو ئی دوائی دستیا ب نہ ہو سکے تو انکی مدد سے مستحق مریضوں کو یہ ادویات فراہم کی جا سکیں۔ انہوںنے ان اداروں کے میڈیکل سٹوروںکا بھی معائنہ کیا اور ادویات کے سٹاک کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ مریضوںکو ہسپتال کے اندر موجود ادویات ہی تجویز کریں۔ بی ایچ یو سانتل کے دورہ کے موقع پر نومنتخب چیئرمین یونین کونسل چوہدری اکرم سانتل نے ادارے کی تعمیر ترقی کے لئے ضلعی حکومت اور محکمہ صحت سے بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) جمعیت علما اہل حدیث پاکستان کے چیرمین اور اے آرڈی کے سابق ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاضی عبدالقدیر خاموش نے پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدرمخدوم امین فہیم کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم ایک بہادر، زیرک اور منجھے ہوئے سیاسیدان سے محروم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم کی جنرل پرویز مشرف کی آمریت کے خلاف جدوجہد اور پیپلز پارٹی سے وفاداری کو سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ان کا کہنا تھاکہ اے آرڈی کے چیرمین کی حیثیت سے امین فہیم نے اس وقت متحرک کردار ادا کیا جب محترمہ شہید بینظیر بھٹو جلاوطنی کے دن گذار رہی تھیں، جمعیت علما اہل حدیث اور مسلم لیگ ن سمیت 16۔ جماعتیں ان کی قیادت میں جنرل مشرف کی آمریت کے خلاف بحالی جمہوریت کی تحریک چلا رہی تھیں۔ عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ سیاسی کارکن مرحوم کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ دھیمے لہجے اور نرم مزاج مخدوم امین فہیم جیسے سیاستدان قوم کو کم ہی نصیب ہوئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی صدر پاکستان مسلم لیگ پنجاب نے راولپنڈی میں80لاکھ تاوان کیلئے اغواء ہونے والے بچے کے قتل پر پنجاب اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کروادیا ۔اپنے توجہ دلائو نوٹس میں انہوںنے کہا ہے کہ پنجاب علاقہ غیر میں تبدیل ہوچکا ہے بچے، خواتین اور بڑے سب غیر محفوظ ہیں حکمران عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکے ہیں بچوں کے اغوائ، خواتین سے زیادتی، قتل و غارت، ڈکیتی، چوری کی وارداتوں میں پنجاب سب سے بازی لے گیا ہے خدیجہ فاروقی نے کہا کہ حال ہی میں قومی اسمبلی میں وزارت داخلہ کی طرف سے جمع ہونے والی رپورٹ میں واشگاف الفاظ میں بتادیا گیا ہے کہ پنجاب میں گزشتہ8سالوں میں جرائم کی شرح بڑھی ہے ۔اندھے قتل ،گھروںمیں ڈکیتیاں ،چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوا اب تو حکمران جماعت کے رشتہ داروں کے گھر بھی چوری کی وارداتوں سے محفوظ نہ ہیںعام آدمی کو کیا تحفظ فراہم ہوگا۔انہوںنے کہا کہ حکمران جماعت پولیس کو اپنے ذاتی مقاصد اور پروٹوکول کے لیے استعمال کرنے کی بجائے انہیں پنجاب کی عوام کے تحفظ کی ذمہ داریاں دے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کنجاہ (جی پی آئی) ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے گجرات عرفان علی کاٹھیا نے ٹی ایم اے یونٹ کنجاہ کو نالوں کی صفائی کے لیے ایک نیا ٹریکٹر ایکسی لیٹر کے ساتھ فراہم کردیا ۔ ٹی ایم اے گجرات نے باضابطہ طور پر ٹریکٹر سی او یونٹ کنجاہ چوہدری ارشاد احمد وڑائچ کے حوالے کردیا جس سے کنجاہ کے عوام کا نالوں کے صفائی کے حوالے سے دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے ۔ مسلم لیگ ن کنجاہ کے صدر میر صلاح الدین ، مسلم لیگ ن کے ممتاز رہنما رانا مقصود احمد ، محمد اصغر انصاری ،احسان فیصل کنجاہی ، مسلم لیگ ن کنجاہ کے نومنتخب کونسلرز آصف عرفان گوندل ، طارق محمود بٹ ، حاجی محمد انور رحمانی ، کنجاہ پریس کلب کے صدر یاورعباس ، جنرل سیکرٹری شہباز سرور بٹ ، سابق صدر عبدالرحمن مرزا اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور عوامی حلقوںنے ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ اور ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے گجرات عرفان علی کاٹھیا اے ڈی سی جی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے جنہوںنے اہلیان کنجاہ کی درخواست پر صفائی کا نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کنجاہ (جی پی آئی) ملک کے نامور شاعر ،ادیب ، دانشور ،بینکار اور مصنف ، سہ ماہی غنیمت کراچی کے چیف ایڈیٹر اکرم کنجاہی نے فارسی کے نامور شاعر غنیمت کنجاہی کے مزار اور شریف کنجاہی لائبریری کے لیے 18ہزار روپے کا عطیہ دیا ۔ جس پر بزم غنیمت و شریف کنجاہی کے صدر منیر چشتی کنجاہی ، منیر صابری کنجاہی ، اصغر میر کنجاہی ،اشرف نازک کنجاہی ، احسان فیصل کنجاہی اور ظفر ادیب نے اکرم کنجاہی کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ ادبی شخصیت کی جانب سے خطیر رقم کا تعاون اہل ادب کے لیے فخر ہے ۔
۔۔۔۔
کنجاہ (جی پی آئی) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج آرٹ اینڈ کلچرمحکمہ اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب کے تحت معروف پنجابی شاعر امین کنجاہی کے ساتھ ایک شام کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت بابا نجمی نے کی جبکہ مہمان خصوصی خالد شریف تھے ۔ امین کنجاہی کی شخصیت اور فن کے حوالے سے اظہار خیال کرنے والوں میں ڈاکٹر حبیب الرحمن ، احسان فیصل کنجاہی ، روحی طاہرہ ، منیر چشتی کنجاہی اور ڈاکٹر صغریٰ صدف شامل تھیں ۔ بابا نجمی نے کہا کہ امین کنجاہی ایک نئی طرز کے شاعر ہیں اور یہی خوبی ان کو دوسرے شعراء و محققین سے ممتاز کرتی ہے ۔ ادارے کی ڈائریکٹر ڈاکٹر صغریٰ صدف نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ فن و ادب سے متعلق شخصیات کے ساتھ علمی مباحث کا اہتمام کیا جائے تاکہ معاشرے میں امن ، برداشت اور باہمی رواداری کے جذبات فروغ پاسکیں ۔امین کنجاہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ کی زبان ، ادب ، فن و ثقافت کے حوالے سے خدمات قابل داد ہیں جس سے لوگوں میں زبان ، ادب اور فن کے حوالے سے حوصلہ پیدا ہوتا ہے ۔ تقریب میں معروف گلوکار سجاد بری نے امین کنجاہی کا کلام ترنم کے ساتھ پیش کیا اور حاضرین سے بھرپور داد وصول کی ۔ اس تقریب میں نقابت کے فرائض ادارے کے ڈپٹی ڈائریکٹر خاقان حیدر غازی نے ادا کیے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) DCO گجرات لیاقت علی چٹھہ صاحب!!سول ہسپتال کھاریاں کاایک اور مسئلہ جو کہ گذشتہ سال پیدا ہوا اور آج تک حل نہ ہو سکا اس کی وجہ سے بھی آنے والے مریضوں اور لواحقین کی مشکلات بڑھ چکی ہیں سول ہسپتال کھاریاں کی کینٹین سال2015ء میں بولی زیادہ ہونے کی وجہ سے بار بار ٹھیکہ کینسل ہوا اب یہاں پر سے ایک مشروب بنانے والی کمپنی کی طرف سے رکھا گیا لوہے کا کھوکھا بھی اٹھا لیا گیا ہے جو کہ انتظامیہ کی ”کارکردگی” پر سوالیہ نشان ہے عوامی حلقوں نے DCO گجرات سے یہ معاملہ بھی حل کروائے گی اپیل کی ہے کہ بولی کم کر کے ٹھیکہ دیا جائے تاکہ یہ کینٹین چل سکے اور مریضوں کی مشکلات کم ہو سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) خبر پر ایکشن…! سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ کھاریاں عمران خان کی زیر نگرانی چھائونی والے قبرستان سے ملحقہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر پر لگی آگ سے اٹھنے والے زہریلے دھوئیں پر قابو پا لیا گیا۔ دھواں ختم کروانے کے لئے چھٹی والے دن بھی کام کروایا جس سے دھواں ختم ہو چکا ہے عوامی حلقوں کا اظہار تشکر۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ای او عمران خان نے کہا کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جاتا ہے یہ جگہ صرف اسی کام کے لئے حاصل کی گئی تھی کہ اس میں کوڑا کرکٹ پھینکا جائے گا آگ لگنے کے وقوعہ پر ہفتہ اور اتوار دو دن مسلسل کام کیا ہے اور دھوئیں کوختم کیا گیا ہے آئندہ بھی اسی طرح فرض سمجھ کر عوامی مسائل حل کرائوں گا۔ مسائل اجاگر کر کے حل کروانے پر عوامی حلقوں نے صحافی برادری کو خراج تحسین پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں محترمہ افشاں رباب نے ہمراہ افسران محکمہ صحت نذیر عباس TORکھاریاں میا ں جی ریسٹورانٹ جی ٹی روڈ کھاریاں کا دورہ کیا ہے۔ ناقص صفائی اور ملازمین کے ہیلتھ کارڈ ز نہ ہونے پر ہوٹل کو سیل کردیا گیا ہے۔ موضع مرزا طاہر کے دورہ کے دوران ریٹ ریسٹ نہ ہونے پر دوکاندار سید جاوید شاہ، محمد ریاض، محمد اختر ، محمد جمیل، محمد عابد ، عبدالغفور ، محمد انصر کو مبلغ 12000/-روپے جرمانہ کا حکم دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) آنے والا وقت بھی انشاء اللہ مسلم لیگ(ن) کا ہی ہے حکومتی کارکردگی اور عوامی نمائندوں کی عوامی مسائل کے حل میں بھرپور دلچسپی ثبوت ہے بلدیاتی الیکشن کے دونوں مراحل میں عوام نے اپنے ووٹوں سے ثابت کیا ہے کہ ملکی تعمیر و ترقی اور فلاح و بہبود کی ضامن جماعت صرف اور صرف مسلم لیگ(ن) ہی ہے بلدیاتی الیکشن یونین کونسل کی سطح پر مسلم لیگ(ن) نے کامیابی کے بعد اب ضلعی سطح پر بھی مسلم لیگ(ن) ہی کامیاب ہو گی۔ ضلع گجرات کا چیئرمین بھی تحصیل کھاریاں سے ہوگا جوکہ چوہدری تنویر احمد کوٹلہ ہوں گے ان کی کامیابی آسمانوں پر لکھی جا چکی ہے ان خیالات کا اظہار ممتاز نوجوان مسلم لیگی راہنمائوں ملک شاذر صدیق ڈوگہ اور راجہ انیس الرحمن مکوال نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ چوہدری تنویر احمد کوٹلہ کامیاب ہو کر ضلع گجرات کو تعمیر و ترقی اور امن و امان کے لحاظ سے مثالی ضلع بنائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) ویلڈن M.S سول ہسپتال کھاریاں ڈاکٹر فاروق بنگش کی ذاتی کاوشوں سے ڈاکٹروں کی مدد سے 60ہزار روپے کی لاگت سے واٹر ٹربائن کو مرمت کروا کر نصب کر دیا گیا سول ہسپتال کھاریاں میں پانی کی قلت کا مسئلہ حل ہو چکا ہے اس سلسلہ میں M.S اور دیگر ڈاکٹروں نے ملکر پر رقم ادا کی ہے۔ عوامی حلقوں کا خراج تحسین۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) معروف قانون دان سابق صدر کھاریاں بار ایسوسی ایشن چوہدری عارف تھوتھال نے صحت یاب ہونے کے بعد گذشتہ روز سے اپنے آفس میں کام شروع کر دیا ہے یاد رہے کہ چوہدری عارف تھوتھال ایڈووکیٹ عارضہ قلب میں مبتلا تھے کامیاب آپریشن کے بعد اللہ تعالیٰ نے صحت یاب کیا ہے گذشتہ روز ایک ماہ کے بعد دوبارہ اپنے دفتر میں کام شروع کر دیا ہے دوست احباب نے ان کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی تھیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (جی پی آئی)بلد یاتی انتخا با ت میںپیسہ کی تقسیم تما م سا بقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے۔15ہزارورپے فی ووٹ تک بولی گئی۔الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی دھجیاںاڑگئیں۔میونسپل کمیٹی وزیرآبادکی 35نشستوںکے انتخا با ت میں25سے 45لاکھ روپے فی امیدوارلگ گئے۔بعض جیتنے اورہارنے والے امیدواربھی کنگا ل ہوگئے۔زیادہ اخراجات کرنے والوںمیںمہرجاوید بابا،فیاض احمدبٹ،عبد الرحمن،محمدعارف،زاہد رفیق منہاس،شعیب ادریس،ملک ذبیع اللہ،اکبراعظم،ارشدمحمودسلیمی شامل جبکہ راجہ سیف اللہ سیفی ، محمدشفیق بلا پہلوان،یاسرعرفات،شہبازمغل ،سیٹھ ندیم ،محمدرضوان سپراء لکشمی لگائے اورووٹوںکی خریدوفروخت کئے بغیرجیتنے والوںمیںشامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (جی پی آئی) بلدیاتی الیکشن میںوزیرآبادمیںشیرکانشان رل گیا۔امیدوارآزاد حیثیت سے الیکشن میںحصہ لینے کوترجیح دیتے رہے۔حکومتی پالیسیاںملک کوغلط سمت کی طرف لے جارہی ہیں۔عمران خاںوفا ق کی علا مت بن چکے ہیںجونئے پاکستان کی تکمیل تک جدوجہدکرتے رہیںگے۔ان خیالات کا اظہارپاکستان تحریک انصاف کے راہنماراجہ عثمان اللہ خان ایڈووکیٹ نے صحافیوںسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی)جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمدہاشمی نے بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کے جرم میں جماعت اسلامی کے علی حسن مجاہداور بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کے صلاح الدین قادر کی پھانسی پرشدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسینہ واجد حکومت ہندوستان کی غلامی میں ملک کی تقسیم کے مخالف سیاستدانوں کوپھانسیاں دے کر روایتی تعصب کا اظہار کرکے اپنے منہ پر کالک مل رہی ہے۔ پہلے ہی جماعت اسلامی کے ر ہنماوں کو نام نہاد جنگی جرائم کے الزام میں پھانسیاں دی گئیں،جوکہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام مشرقی پاکستان کی علیحدگی نہیں چاہتے تھے، مگر جہاں اس وقت کے سیاسی اور عسکری قائدین کی غلطیاںتھیں ،وہیں بھارتی سازشیں بھی کارفرما رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بنگلہ دیش میں ناجائز پھانسیوں کا نوٹس لیں۔ جے یو پی کے سربراہ نے کہا کہ انسانی مظالم سے ہی انقلاب جنم لیتے ہیں، کیونکہ امیر المومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے فرمان کے مطابق حکومت کفر سے باقی تو رہ سکتی ہے، ظلم اور ناانصافی سے نہیں۔دریں اثنا، پیر اعجاز ہاشمی نے معروف شاعر اور ادیب جمیل الدین عالی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اسے ادبی دنیا کے لئے نقصان قراردیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی)وفاق المدارس الشیعہ کے صدر آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی، نائب صدر علامہ نیاز حسین نقوی اور سیکرٹری علامہ محمد افضل حیدری نے بنگلہ دیش میں پاکستان کے حمایتی سیاستدانوں کو پھانسیاں دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے سفارتی ذرائع کے ذریعے احتجاج ریکارڈ کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوںنے جماعت اسلامی اور بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کی قیادت اور مرحومین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور ان کی مغفرت کے لئے دعا کی۔ میڈیا سیل کی طرف سے جاری اعلامیہ میں حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ بنگلہ دیش کی حکمران جماعت پاکستان سے دشمنی میںاخلاقی ، سیاسی اور عدالتی روایات کو پائمال کررہی ہے۔ سیاسی مخالفین کے عدالتی قتل پر عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے ۔انہوں نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے بنگلہ دیش کی صورت حال پر بیان کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ محض بیان بازی کافی نہیں، وزارت خارجہ بھی اپنا کردار ادا کرے اور بیان بازی کی بجائے، بنگلہ دیشی سفیر کو طلب کرکے بے گناہ سیاسی رہنماوں کی محض پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسیوں پر قوم کے جذبات کا اظہار کرے۔ان کا کہنا تھا کہ انسانی ، سیاسی اور جمہوری حقوق کا واویلا کرنے والی عالمی تنظیمیں اور اقوام متحدہ مجرمانہ طور پر خاموش کیوں ہیں؟ انہیں بنگلہ دیشی حکومت پر دباو بڑھانا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
علی پور چٹھہ (جی پی آئی)سائیں فقیر اللہ اویسی رحمة اللہ علیہ سرخیل اولیاء تھے ۔ آپ نے شریعت مطہرہ کی پابندی اور علم دین کی تدریس و تعلیم سے خانقاہ کو آباد کر کے بدرالمشائخ پیر سائیں محمد اسلم اویسی رحمة اللہ علیہ جیسے نگینے تیار کئے ۔ذکر اللہ سے دلوں کی بنجر زمین کو سر سبز و شاداب بنایا ۔ عقیدہ اہلسنت کی پختگی اور عشقِ رسول ۖ کا فروغ آپ کا اوڑنا بچھونا تھا ۔ملک و ملت کو ہمیشہ اتحاد و امن کا درس دیا ۔ حضرت سائیں فقیر اللہ اویسی رحمة اللہ علیہ نے تحریک پاکستان میں قائد اعظم رحمة اللہ علیہ کا ساتھ دے کر عوام کو بتایا کہ پاکستان کا حصول نعمتِ خدا وندی کا حصول ہے ۔آج پھر خانقاہوں سے اُسی عشقِ رسول ۖ ، مذہبی اہم آہنگی اور جذبۂ حب الوطنی کے فروغ کی ضرورت ہے ۔غلامان اولیاء کبھی بھی دہشت گردوں کے ساتھ نہیں دے سکتے ۔ سلسلہ اویسیہ سلاسل روحانیہ میں عشقِ مصطفےٰ ۖ کا عکاس سلسلہ ہے ۔ دنیا و آخرت کی کامیابی ہمیشہ پاکیزہ نسبتوں کی بدولت ہے ۔حکومت وطن عزیز کو فحاشی و عریانی سے پاک کر کے سودی نظام کا خاتمہ کرتے ہوئے اسلامی قوانین کی طرف رجوع کرے تو تمام مسائل کا حل ممکن ہے ۔ان خیالات کا اظہار مرکزی امیر تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر غلام رسول اویسی ،مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی، علامہ خادم خورشیدالاہزری، علامہ رب نواز اویسی، علامہ پیر محمد عارف ہزاروی ،علامہ عبد الحمید ہاشمی سمیت جید علمائے کرام و مشائخ عظام نے 56ویں سالانہ عرس مبارک فنافی اللہ بقا باللہ حضرت پیر سائیں فقیر اللہ اویسی رحمة اللہ علیہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عرس مبارک میں حضرت پیر محمد اسماعیل اویسی سجادہ نشین آستانہ عالیہ اویسیہ اویس نگر فیصل آباد، پیر اسحاق احمد اویسی،پیر میاں غلام اویس اویسی، علامہ شفقا ت احمد نقشبندی،پیر فضل حق اویسی اور سینکڑوں معززین علاقہ مہمامان خصوصی تھے ۔عرس مبارک میں قاری محمد عبد الرشید اویسی ، محمد سجاد اویسی، علامہ حبیب اللہ اسد اویسی ،قاری ذوالفقار اویسی، حافظ محمد عرفان اسلام اویسی، محمد شہباز قمر اویسی، پیرزادہ محمد علی رضا اویسی، حافظ غلام رسول اویسی، صاحبزادہ محمد عمران بشیر اویسی،محمد بوٹا اویسی،مولانا محمد زبیر اویسی، حافظ غلام مصطفےٰ اویسی، قاری محمد ارشد اویسی، حبیب اللہ ناصر اویسی، جان محمد اویسی اور ان کے علاوہ پاکستان بھر سے ہزاروں عقیدتمندان نے شرکت کی ۔اختتام پر ملک و ملت کے استحکام اور قیام امن کیلئے پیر غلام رسول اویسی سجادہ نشین آستانہ عالیہ اویسیہ علی پور چٹھہ شریف نے دعا فرمائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی)کل مسالک ”ورلڈ پاسبان ختم نبوت ”کے زیر اہتمام دینی مدارس و اسلامی این جی اوزپر قدغنیں اورجماعت الدعوة و فلاحِ انسانیت فائونڈیشن کی میڈیا کوریج پر پابندی کیخلاف دینی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس آج 24نومبر دوبجے دن لاہور پریس کلب میں ہوگی۔ نیزاے پی سی میں تمام مکاتب فکر کے علماء دینی ومذہبی راہنما پابندی کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرنے اور قانونی و عوامی جدوجہد کے ضمن میں مشترکہ لائحہ عمل پر مبنی اعلامیہ کا اعلان کرینگے۔
۔۔۔۔۔
ایتھنز (جی پی آئی)یونانی حکومت نے ایتھنزکے تین مختلف علاقہ جات میں واقع تین مساجدکو اگلے سال موسم گرما میں باقاعدہ قانونی حثیت دینے کا فیصلہ کرلیاہے۔ایک یونانی جریدے کاتھے مرینی نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیاہے کہ حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ ایتھنز کے مختلف علاقہ جات میں واقع تین مساجد کو بطور عبادت گاہ کادرجہ دینے کافیصلہ کیاہے جس کے بعد اگلے سال موسم گرمامیں ان کو مسجد کا درجہ حاصل ہوجائے گا۔اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھاہے کہ تینون مساجد میں ایک مسجد پاکستانی تارکین وطن کی ہے جو ایتھنز کے مغربی علاقے میں واقع ہے جبکہ دیگر دومساجد میں ایک ایتھنز کے مرکز کے قریب وکٹوریہ میں بنگلہ دیشی تارکین وطن کی مسجد حمزہ جبکہ تیسری مسجد ایتھنز کی بندرگاہ کے علاقہ پیریامیں یونانی مسلمانوں کی ہے تینوں مساجد نے قانونی درجہ کے لیے یونانی آئین کے مطابق درخواست کی تھی جس کو یونانی حکومت نے منظور کرلیاہے۔ایتھنز رہنے والے پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک کے مسلمان تارکین وطن کی درجنوںمساجد جن کو عمارتوں کے تہہ خانوں میں بنایاگیاہے جن کیے اسلامک مراکزیا لائبریری کے اجازت نامے حاصل کرکے ان کو بطور عبادت گاہ استعمال کیاجاتاہے جبکہ ایتھنز میں باقاعدہ مسجد بنانے کے لیے تمام ترقانونی رکاوٹیں دور کردی گئی تھی تاہم کسی تعمیراتی کمپنی نے مسجدکی تعمیر کے لیے ٹینڈر نہیں دیے حکومت کی جانب سے تین مرتبہ کی کوششوں کے بعد تعمیراتی کمپنیاں تعمیر کے لیے مائل ہوسکی ۔تعمیراتی کمپنیوںکاکہناہے کہوہ مسجد کی تعمیر میں اس لیے دل چسپی نہیں لے رہی کیونکہ ان یونانی عوام کی جانب سے سخت رد عمل کا خدشہ ہے ۔یادرہے تمام تر مراحل ہونے کے باوجود بھی مسجد کی تعمیر تاحال شروع نہیں ہوسکی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی (جی پی آئی)قائداعظم ریزیڈنسی کی انتظامیہ کی نااہلی ،جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر،حالت مخدوش، جھنڈے بوسیدہ،تفصیلات کے مطابق تین روز قبل سابق بھارتی وزیراعظم لال بہادر شاستری کے بیٹے سابق بھارتی وزیرخزانہ انیل کمار شاستری اپنے چار روزہ دورے پر پاکستان آئے ہوئے تھے قائداعظم ریزیڈنسی کا دورہ کرنے کے لیے جب وہاں گئے تو انہوں نے صفائی ستھرائی نہ ہونے اور بوسیدہ جھنڈوں پر تشویش کا اظہار کیا،انتظامیہ سے پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کام کے لیے پیسے نہیں ملتے انچارج نے دھائیاں دی کہ ہمارے پاس تو جھاڑوخریدنے کے لیے فنڈ نہیں ہے آپ چھ سو روپے کے جھنڈے خریدنے کی بات کرتے ہیں،اس دوران کانگریسی لیڈر نے اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے بھی فلیگ ہائوس میں فنڈجاری کرنے اور صفائی ستھرائی کا تذکرہ کیا ہے۔جس پر گزشتہ روزمسلم لیگ سندھ کے صدرحلیم عادل شیخ خود گئے تو انہوں نے موجودہ حالات دیکھ کر خاتون انچارج سے کہا کہ انتظامیہ کو چاہیے تھا کہ اگر کوئی شکایت تھی تو انہیں ڈیپارٹمنٹ سے کرنی تھی یا ہمیں کہتے ،دریں اثناء مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی جانب سے قائداعظم ہائوس کے دورے پربوسیدہ جھنڈے اتار کر اپنے ساتھ لائے ہوئے جھنڈوں کو لگا دیا گیا۔خاتون نے انکشاف کیا کہ یہ عمارت پاکستان بننے سے قبل یہاں موجود ہے مگر آج تک صفائی کے لیے یہاں پر خاکروب اور مالی تک کو نہیں لگایا گیا اور یہ کہ ان کے پاس جھنڈا بدلنے کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں،ان کے لیے یہ اچھی بات ہے کہ کوئی آکر یہاں ہر مہینے نئے جھنڈے لگادے ،ہم نے یہاں پرانے جھنڈے کبوتر اڑانے کے لیے لگا رکھیں ہیں ،جس پر حلیم عادل شیخ نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا اور کہا کہ زندہ قوموں کی نشانی اس کے پرچم ہوا کرتے ہیں،حلیم عادل شیخ نے کہا کہ قائداعظم میوزیم پر لگا بوسیدہ جھنڈا حکمرانوں کا مذاق اڑا نے کے ساتھ ملکی بدنامی کا باعث بنا ہوا تھا ، ،حکومت کے پاس اگر یہاں پر چھ جھنڈے بدلنے کے پیسے نہیں ہیں تو میں قائداعظم کا پیروکار ہونے کے ناطے اورایک پاکستانی ہونے کی حیثیت سے یہ کام ہمیشہ کرنے کو تیار ہوں،ہم یہاں ہر ماہ جھنڈے تبدیل کرنے کے لیے آئینگے ،قائداعظم ہمارے عظیم رہنما ہیں جنھوں نے رہنے کے لیے ہمیں ایک آزاد وطن دیااگر حکومت سے بن نہیں پڑتا تو میں صفائی ستھرائی کے لیے خاکروب اور مالی کا خرچہ اٹھانے کے لیے میں تیار ہوں ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ یہ بابائے قوم کی رہائش گاہ ہے اس کی حفاظت کے لیے انتظامیہ کے پاس خاکروب کو دینے کے لیے پانچ ہزار روپے تک نہیں ہیں ،حکومت جو حکمرانی کے مزے لوٹ رہی ہے وہ اسی قائد کے پاکستان کی وجہ سے ہے ،جو آج ہم بڑے بڑے بنگلوں اور بڑی بڑی گاڑیوں میں گھومتے ہیں وہ سب اسی قائد کی وجہ سے ممکن ہے ،حکومت سندھ فیسٹیول کے نام پرکروڑوں اربوں تو لگا سکتی ہے مگر فلیگ ہائوس میں بوسیدہ پرچموں کو تبدیل کرنے کے لیے ان کی جیب سے چھ سو روپے نہیں نکلتے ،انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا یہ گھر وزیراعلیٰ ہائوس ،گورنر ہائو س اورمنسٹرسیکرٹریٹ سے چند منٹوں کی مسافت پر ہے، مگر ان لوگوں کو یہ سب کچھ دکھائی نہیں دیتا۔حلیم عادل شیخ کے پوچھنے پر ، فلیگ ہائوس میں قائد اعظم کے زیر استعمال تمام اشیاء موجود ہیں ،یہاں پر آئے روز شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد کا آناجانا لگا رہتا ہے جبکہ دنیا ممالک سے تعلق رکھنے والے وزیروں سفیروں کی آمد بھی ہوتی رہتی ہے ،حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کانگریسی لیڈر کے آگے انتظامیہ کو دھکڑے سنانے کی بجائے ہمیں بتایا ہوتا تو یہ رسوائی نہ ہوتی ،انتظامیہ نے کہاکہ اس کام کے لیے 50لاکھ مختص کرنے کا کہا ہے، مزید گفتگو سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ انہیں محکمہ ثقافت اور دیگر متعقلہ افسران کی جانب سے بولنے سے منع کیا گیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں کسی سے کوئی بات نہیں کرینگے ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ شیخ اقبال ،جاوید اعوان ،انیس الدین ،کاشف نظامی ،عامر پٹھان،عیسی ڈومکی ،صدام کبھر و دیگر بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔