گجرات کی خبریں 16/8/2016

Pray

Pray

گجرات (جی پی آئی) پاکستان کے استحکام کیلئے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہو گا اور اس وقت تک پاکستان کے مخالفین کو شکست نہیں دی جا سکتی۔ جب تک پوری قوم یکجان نہ ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار ضلعی صدر سٹیزن فرنٹ چوہدری علی ابرار جوڑا نے یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے مسائل حل کرنے سے پہلے چھوٹے مسائل کا حل ضروری ہے۔ جب تک بنیادی مسائل حل نہیں ہونگے اس وقت تک عوام کو ریلیف نہیں مل سکتا۔ لوڈ شیڈنگ’ صاف پانی کی فراہمی ‘ سیوریج جیسے مسائل حکمرانوں کیلئے ہمیشہ سے چیلنج بنے رہے ہیں حکمرانوں کو چاہئے کہ عوام کی بنیادی ضروریات کی طرف توجہ دیں اور مجھے یہاں بڑے افسوس ک یساتھ کہنا پڑتی ہے کہ حالیہ باروشوں کے دوران ناقص حکمت عملی کی وجہ سے گندہ پانی مساجد میں داخل ہو گیا اور کئی مساجد میں نماز بھی ادا نہیں ہو سکی اور کروڑوں روپے کے کارپٹ و دیگر اشیاء کا بھاری نقصان ہوا ہے۔ حکمران فوٹو سیشن کی بجائے عملی طور پر صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی کوشش کریں تو شاید مسائل کچھ کم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے گجرات کی عوام کو لا وارث سمجھا ہوا ہے اس لئے وہ بحجائے کام کے آرام کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری عامر چوہدری ‘ فنانس سیکرٹری راجہ محمد اعجاز’ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ارشد چوہدری’ سینئر نائب صدر مہر مشتاق احمد’ نائب صدر سیٹھ علی اصغر’ نائب صدر مہر عامر علی ‘ ڈاکٹر رزاق احمد غفاری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں سانحہ کوئٹہ و دیگر شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور استحکام پاکستان کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ آخر میں تمام شرکاء کو پر تکلف ریفریشمنٹ بھی کروائی گئی۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی) حلقہ ارباب شعور گجرات کے زیر اہتمام یوم آزادی کی تقریب منانے کیلئے تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن میاں رشید احمد ٹھیکیدار کی رہائشگاہ پر خصوصی مجلس مذاکرہ منعقدہ ہوئی۔ گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے صدر محفل ممتاز ماہر تعلیم اور دانشور پروفیسر وسیم بیگ مرزا نے کہا کہ ہم حلقہ ارباب شعور کے تحت جمہوریت کی عدم موجودگی میں یوم جمہوریہ منایا ہے آج ہم تاریخ اور نظریاتی ‘ سماجی اور فکری رویوں سے کہیں دور جا چکے ہیں۔ ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پبلیکیشنز پروفیسر شیخ عبدالرشید نے کہا کہ تاریخی طور پر ثابت ہوتا ہے کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال نے کبھی مذہبی ریاست کے قیام کی بات نہیں کی تھی۔ 1940ء کی قرار داد بھی کسی اسلامی ریاست کے قیام کا مطالبہ نہیں ہے بلکہ وہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کرتی ہے۔ قائد اعظم نے اکنامک ریفارمز کمیٹی میں قیام پاکستان سے قبل کانگریسی ماہروں بشیر زیدی اور ڈاکٹر ذاکر حسین کو شامل کیا تھا۔ ممتاز دانشور اور کالم نگار افتخار بھٹہ نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ جناح کے تصور پاکستان کے مطابق فلاحی ریاست کے قیام کیلئے کوشش کی جائے جہاں پر عوام کو سماجی اور معاشی انصاف حاصل ہو۔ ممتاز قانون دان بشیر احمد بٹر ایڈووکیٹ نے کہا کہ قائد اعظم نے مسلمانوں کو آئینی حقوق دلوانے اور ہندو اکثریت کے ظلم و ستم سے بچانے کیلئے پاکستان حاصل کیا تھا۔ اس موعق پر سید افضال محمود’ نثار الدین ساجد راٹھور’ شیخ ساجد محمود اور چوہدری محمد شریف ایڈووکیٹ نے بھی مذاکرہ میں حصہ لیا۔ تقریب میں سیف الرحمن سیفی’ ممتاز پنجابی شاعر عارف گجراتی’ منیر چشتی کنجاہی’ اشرف نازک کنجاہی’ آزاد گجراتی’ ڈاکٹر ثاقب آکاش’ احسان فیصل کنجاہی’ سعید اختر’ سعید ارشد’ نور بھٹی اور اشرف کنجاہی نے کلام سنایا۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی) عظیم روحانی شخصیت سید عاشق حسین شاہ بخاری کا سالانہ عرس مبارک موجوکی میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ عرس مبارک تقریبات کی صدارت زیر سجادہ نشین آستانہ عالیہ مہمدہ شریف و اعوان شریف صاحبزادقاضی رضوان منصور آوانی نے کی۔ جبکہ یہ تقریبات زیر نگرانی پیر سید عرفان حسین شاہ آستانہ عالیہ موجوکی شریف نے کی۔ عرس مبارک ضلع بھر سے اہم شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ملکی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئی۔ اور حاضرین میں لنگر تقسیم کیاگیا۔ صاحبزادہ پیر رضوان منصور آوانی نے خصوصی دعا کروائی۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی) سینٹ ریویوز چرچ گجرات میں 14 اگست کی تقریبات کے سلسلہ میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری چرچ آف پاکستان پادری حفیظ گل ‘ وائس چیئرمین چرچ آف پاکستان احسان مسیح سندھو’ کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں مقررین نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے حوالہ سے خطاب کیا۔ اس موقع پر پادری حفیظ گل نے کہا کہ ہمارا مذہب امن و محبت کا درس دیتا ہے اور پاکستان کے قیام کیلئے مسیحی برادری نے قربانیاں دیں اور استحکام پاکستان کیلئے بھی مسیح برادری مصروف عمل ہے۔ احسان مسیح سندھو نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں مسیحی برادری کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور صوبائی حکومتیں بھی برابری کے حقوق دیں۔ جہاں پر مسلمانوں نے قیام پاکستان کیلئے کام کیا وہیں پر مسیحی برادری کی کاوشوں بھی سرفہرست ہیں۔ اس موقع پر ایلڈر ارشاد نائیک ‘ سیکرٹری سعید بھٹی’ سلامت شفیع رانا’ یاسر گل’ سیمسیول ارشاد’ الیاسر گل’ عابد روشن پادری’ سیمعول کھوکھر’ کرسٹوفر کامران’ پرنسپل مس گلشن سلیم’ و دیگر بھی موجود تھے۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی) مسیحی برادری کی طرف سے جشن آزادی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا سینٹ سیویر چرچ گجرات میں بہت بڑی تقریب منعقد ہوئی جس میں شرکاء نے پاکستان کی ترقی کے حوالہ سے مسیحی برادری کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ پادری سیمیول کھوکھر احسان مسیح سندھو’ یاسر وکٹر گل’ مون شہباز’ سلامت شفیع رانا’ ایلڈر ارشاد نائیک و دیگر نے تقریبات میں عبادت کروائی اور ملکی ترقی و سلامتی کیلئے دعائیں کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) یوم آزادی کے حوالہ سے تحریک لبیک یارسول اللہۖ کے زیراہتمام دریائے چناب گجرات تا جہلم شہر 60کلومیٹر طویل ”لبیک یا رسول اللہ ریلی” کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں غلامان رسول نے شرکت کی جبکہ قیادت حضرت پیر محمد افضل قادری ودیگر مشائخ وعلماء نے کی۔ راستے میں جگہ جگہ ریلی کا شاندار استقبال کیا گیا اور قائدین وشرکاء پر منوں پھول پتیاں نچھاور کی گئیں۔ حضرت پیر محمد افضل قادری نے یوم آزادی کے حوالہ سے قوم کو مبارک دیتے ہوئے حکمرانوں، اداروں، میڈیا اور دینی حلقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ قائد اعظم نے قیام پاکستان کے جو مقاصد بیان کئے ہیں انہیں پورا کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں ۔ انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کا مؤرخہ 24نومبر 1945 کو دربار عالیہ مانکی شریف میں کیا گیا خطاب لفظ بلفظ پڑھ کر سنایا جس کی تفصیل یوں ہے کہ: ”علماء کرام ،پیران عظام ومشائخ حضرات! آپکا بہت بہت شکریہ کہ آپنے بڑی گرم جوشی سے میرا استقبال کیا اور پاکستان کے حصول کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کا وعدہ کیا ۔میں آپکے جذبات کا انتہائی احترام کرتا ہوں کہ آپنے سپاسنامے میں مجھ سے پوچھا ہے کہ پاکستان میں کون سا قانون ہوگا ؟ مجھے آپکے اس سوال پر بہت سخت افسوس ہے کہ آپ مجھ سے دریافت کر رہے ہیں کہ پاکستان میں کون سا قانون ہو گا ؟میں آپ کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ مسلمانوںکا ایک خدا ،ایک رسول اور ایک قرآن ہے یہی قرآن مسلمانوں کا قانون ہے جو آج سے تیرہ سو سال پہلے حضرت محمد ۖ کی وساطت سے ہمیں ملا ہے یہی قرآن ہمارا قانون ہے او ربس۔ آپ لوگ آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ کے امیدار کو ووٹ دیں تاکہ ہمیں اپنی منزل کی طرف بڑھنے میں آسانی ہو ۔ جہاں تک قانون سازی کا تعلق ہے آپ پر یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ مسلمان کا خدا ایک ہے ،رسول ایک ہے قرآن ایک ہے ، مذہب ایک ہے ۔قرآن ہمارے لیے ایک جامع قانون کی صورت میں موجود ہے اسکی روشنی میں قانون سازاداروں کے رکن آپکے اپنے منتخب نمائندے ہی ہونگے یہ مسلمان ہونگے لہذا آپکے مسلمان نمائندے ،کوئی دوسرا قانون جو اسلام کیخلاف ہو گا کس طرح بنا سکیں گے ۔وہ کبھی ایسا نہ کرینگے اور مجھے یہ اُمید ہے کہ پاکستان کی دستور ساز اسمبلی کوئی ایسا قانون پاس نہیں کریگی جو اسلام کیخلاف ہو ۔ آخر قوم اپنے منتخب نمائندوں سے باز پرس بھی تو کر سکے گی لہذا اگر آپ مجھ سے یہ پوچھتے ہیں کہ پاکستان میں کون سا قانون ہو گا تو اسکا جواب صاف ہے کہ پاکستان کا کوئی قانون اسلام کیخلاف نہیں ہو گا اسلام پاکستان کے قانون کی بنیاد ہو گا ۔کیونکہ ہم اس وقت ہندو سے جو جنگ لڑ رہے ہیں اس کی بنیاد بھی اسلام ہے ہم پاکستان کے حصول کیلئے جد وجہد اسلام ہی کی ترقی کیلئے کر رہے ہیں پاکستان کے حصول کی جنگ ہم اسلئے لڑ رہے ہیں کہ مسلمان کو اسلام کے بنائے ہو ئے اصولوں کے مطابق زندگی بسر کرنے کا موقع حاصل ہو۔ مسلمان قوم اپنی مخصوص تہذیب ،مخصوص تمدن اور خاص اسلامی روایات کو زندہ کر سکے اور اس پر عمل پیرا ہو سکے ۔ اگر یہ مقاصد ہمارے سامنے نہ ہوتے تو میں ہندوستان کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن پاکستان کے حصول کیلئے نہ خود جدوجہد کرتا اور نہ مسلمانوں کو اس پر آمادہ کرتا میں اس بلند مقصد کیلئے آپ لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ کے امید وار کوووٹ دیں تاکہ ہماری منزل قریب تر ہو جائے ہماری اس جدوجہد میں مشائخ اور علماء کا تعاون ضروری ہے پاکستان انشاء اللہ قائم ہو کر رہیگا آپ منزل کی طرف بڑھتے جائیں منزل قریب ہے ہم جلد اپنے مقصد کو پانے والے ہیں پاکستان زندہ باد۔” حضرت پیر محمد افضل قادری نے مزید کہا کہ قائد اعظم کا یہ خطاب ”قائداعظم اور صوبہ سرحد” نامی کتاب اور دیگر کتب میں شائع ہوچکا ہے۔ لہذا ذمہ داران کو مقاصد پاکستان پر عمل کرنے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا اور مقاصد پاکستان کی تکمیل کرنا ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) پرخلوص جذبہ حُب الوطنی تعمیر ِپاکستان کی اساس ہے۔پاکستان کی اساسی بنیادوں کو مضبوط کرکے ہی ہم ترقی کی سنہری منازل کی جانب گامزن ہو سکتے ہیں۔ پاکستانیت کا فروغ ہی وہ لازوال جذبہ ہے جو ملکی ترقی کا بہترین نصب العین ہے۔ پاکستان ہماری آرزئووں اور اُمنگوں کی وہ حسین سرزمین ہے جو ہمیں ہمارے وجود کا احساس دلاتی ہے۔ جامعہ گجرات کی تمام کاوشیں اپنے طلبہ میں پاکستانیت کے فروغ پر مرکوز ہیں۔ تعلیم و آگہی کا شعور ہمیں اپنے فرائض اور ذمہ داریوں سے روشناس کرواتا ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے جامعہ گجرات میں منعقدہ بسلسلہ جشن آزادیٔ پاکستان ایک سیمینار”استحکام و ترقی ٔ پاکستان ” کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سمینار میں طلبا و طالبات کے اور اساتذہ کے علاوہ انتظامیہ کے اعلیٰ اراکین، صدور شعبہ جات، چیئرپرسن، ڈین اور ڈائریکٹروں سمیت رُکن کالجوں کے پرنسپلوں نے بھرپور شرکت کی۔ سیمینار کے مہمان مقررین میں رجسٹرار ڈاکٹر طاہر عقیل، صدر شعبۂ تاریخ پروفیسر ڈاکٹر جاوید حیدر سید، ڈائریکٹر میڈیا شیخ عبدالرشید، کنسلٹنٹBICمحمد حیدر معراج،چیئرپرسن شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر مبشر حسین، چیف لائبریرین سید غلام علی کاظم اور طلبہ نمائندگان محمد ارسلان اور ابرار حسین شامل تھے۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم نے مزید کہا کہ معاشرہ میں شدت پسندی کا خاتمہ اجتماعی کاوشوں کے ذریعے ممکن ہے۔ جامعہ گجرات اپنی سماجی ذمہ داریوں سے عہدہ بر آ ہونے کے لیے کمیونٹی کی بہبود اور سوشل انٹر یپرینئیرشپ کے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ مختلف موضوعات پر مکالمہ شدت پسندی اور دہشت گردی سے نجات کی بہترین راہ ہے۔ لوگوں کو ان کے حقوق کی فراہمی مسائل کے خاتمہ کی جانب ایک قدم ہے۔ ہم دہشت گردی کی بھینٹ چڑھنے والے عوام، افواج اور مختلف اداروں کے شہداکو سلام پیش کرتے ہیں۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ بزنس انکوبیشن سنٹر کا قیام ایک ایسا کارنامہ ہے جو ہماری نسل ِ جو کو بیروزگاری سے نجات دلاتے ہوئے سیلف بزنس کی جانب راغب کرے گا۔ علاوہ ازیں محروم اور پسماندہ بچوں کے لیے جامعہ گجرات غیر رسمی تعلیم کے فروغ کے لیے ”سیکھ یہاں ” کے نام سے پروگرام شروع کر رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہر عقیل نے کہا کہ فرائض کی ایمانداری اور نیک نیتی سے ادائیگی استحکام پاکستان کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ معیارِ تعلیم کی بہتری ہمیں پاکستان کے معاشی مستقبل کو تابناک بنانے میں مددگار ثابت ہو گی۔ شیخ عبدالرشید نے کہا کہ آزادی ایک ایسی نعمت بے بہا ہے جس کا بدل ممکن نہیں۔ پاکستان کاروشن اور عظیم تر مستقبل طلبہ کی قائدانہ صلاحیتوں کے ساتھ وابستہ ہے۔ پاکستان میں جدید علوم کا ارتقاء ترویج اور ترقی معاشی و سماجی کامیابیوں کی نوید ہے۔ سبز ہلالی پرچم کی سربلندی ہم سب کو عزیز ہے۔ ہم شہدائے تحریک پاکستان کو بصد احترام خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ہماری ہر کوشش استحکام و ترقی ٔ پاکستان کے لیے وقف ہو گی۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید حیدر سید نے کہا کہ ہندئووں کے نارواسلوک نے پاکستان کے مطالبہ کو تقویت دی۔ موجودہ پاکستان کبھی بھی مہابھارت کا حصہ نہیں رہا بلکہ اس خطہ کی علیحدہ شناخت ہمیشہ قائم رہی۔ تحریک پاکستان کے اکثر راہنما ہندئووں کے رویہ سے دل برداشتہ ہو کر وہ علیحدگی پسند بنتے چلے گئے۔ محمد حیدر معراج نے کہا کہ نسلِ نو کی کاوشیں ہمارے جذبۂ آزادی کی پاسبان ہیں۔ مسلمانوں کی تمام تاریخ قربانی کی عظیم داستانوں سے بھری پڑی ہے۔ حصول پاکستان قربانیوں کے ذریعے ممکن ہوا اور استحکام پاکستان بھی قربانیوں کے ذریعے ہی ممکن ہو گا۔ کوئٹہ میں کاروانِ یکجہتی میں جامعہ گجرات کے تیس طلبہ کی شرکت جامعہ گجرات کے حُب الوطنی اور عزم راسخ کا ثبوت ہے۔ پروفیسر مبشر حسین نے کہا کہ طلبہ کی نسل نو میں جدید علوم کا شعور و ترویج ہی اصلاً پاکستان کی قومی خدمت ہے۔ پاکستان کا علمی ارتقا ہی ہمارے روشن مستقبل کی نوید ہے۔ سید غلام علی کاظم نے کہا کہ نسل نو میں مطالعہ کے رُحجان اور کتاب دوستی کی روایت کو تقویت دینا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ علم دوست قومیں ہی دنیا بھر میں پائیدار ترقی کا سفر کامیابی سے طے کر رہی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) جامعہ گجرات میں تاریخ پاکستان اور تحریک پاکستان پر شائع ہونے والی کتابوں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ تحریک پاکستان اور تاریخ پاکستان کے موضوع پر کتابوں کی مذکورہ نمائش کا اہتمام بسلسلۂ جشنِ آزادی جامعہ گجرات کی مرکزی لائبریری کے زیر اہتمام کیا گیا تھا۔ کتابوں کی یہ نمائش قائد اعظم لائبریری کے مرکزی ہال میں منعقد کی گئی۔ اس نمائش کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کیا۔ رجسٹرار جامعہ گجرات ڈاکٹر طاہر عقیل ، پرنسپل نواز شریف میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال گِل، ڈائریکٹر میڈیا شیخ عبدالرشید ،چیف لائبریرین سید غلام علی کاظم کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے صدور، چیئرپرسن، اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے نمائش میں رکھی جانے والی کتابوں کا بھرپور جائزہ لیا اور جامعہ گجرات کی اس کاوش کی تعریف کی۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ طلبہ کی نسل نو میں شوق کتب بینی اور مطالعہ کے رُحجان کو پروان چڑھانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ کتابیں کسی بھی قوم کی علمی و فنی زندگی کی بہترین عکاس ہوتی ہیں۔ کتابیں ہمیں ماضی سے آگاہی بخشتے ہوئے حال اور مستقبل کو بہترین بنانے کی جانب راغب کرتی ہیں۔ قیام پاکستان تاریخ کا ایک بہت بڑاواقعہ تھا۔ تاریخ پاکستان اور تحریک قیام پاکستان کے موضوع پر ملکی اور غیر ملکی مصنفین کی لکھی ہوئی یہ کتابیں ہمیں پاکستان کے مختلف پہلوئوں سے شناسائی کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ڈاکٹر ضیا ء القیوم نے اس موقع پر جامعہ گجرات کے سکول برائے آرٹ، ڈیزائن و آرکیٹیکچر کے زیر اہتمام ٹرک آرٹ پوسٹر نمائش کا افتتاح بھی کیا۔جامعہ گجرات کا SADAڈیپارٹمنٹ طلبہ میں علوم و فنون کی روایت کے احیاء کے لیے بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ اس سکول کے طلبہ نے قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنے فن پاروں کی نمائش کے ذریعے جامعہ گجرات کے شہرت کو چار چاند لگائے ہیں۔ ٹرکوں پر کی گئی پینٹنگز، تصویر کا ری اور آرٹ کے مختلف نمونوں کی اس نمائش میں شرکاء نے بھرپور دلچسپی لیتے ہوئے ان فن پاروں کو دل کھول کر داد دی۔ نمائش کے شرکاء نے منتظم چیف لائبریرین سید غلام علی کاظم اور ان کی ٹیم کو سراہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے نیشنل ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے لائوڈ سپیکر کے غلط استعمال ، اسلحہ کی نمائش، نفرت انگیز مواد اور وال چاکنگ کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن ہوگا، امن و امان برقراررکھنے اورشہریوں کے جان و مال کو تحفظ یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی کامیابی علما ء کرام اور ممبران امن کمیٹی کا بھرپور تعاون نہایت اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایم این ایز نوابزادہ مظہر علی خان، چوہدری عابد رضا، ایم پی ایز ملک حنیف اعوان، حاجی عمران ظفر، چوہدری اشرف دیونہ، میجر (ر) معین نواز، ڈی ایس پی سٹی محمد عرفان، مسلم لیگ ن کے راہنما نوابزادہ طاہرالملک، میاں امجد محمود ، سید ضیااللہ شاہ، چوہدری منظور احمد، پروفیسر سرفراز حسین جعفری، قاری عطا الرحمان ،عثمان افضل قادری ، سینئر صحافی مرزا نعیم الرحمان، سیکرٹری مرکزی انجمن تاجراں خادم سلیمی، شیخ شاہد انور، مستری جلال، چوہدری ظہور الہی ، سمیرا ملک نے بھی اظہار خیال کیا۔ اجلاس میںشہدائے کوئٹہ کی بلندی درجات اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا بھی کی گئی۔ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ملک سے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے قومی اتفاق رائے سے مرتب کیا گیا ہے اور حکومت اس پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوںنے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت مساجد میں صرف اذان اور عربی خطبہ کے لئے لائوڈ سپیکر استعمال ہو سکتا ہے اور ایک سے زائد ہارن نہیں لگائے جاسکتے ۔ انہوںنے کہا کہ ہر قسم کی وال چاکنگ کرنیوالے کیخلاف قانونی کاروئی ہوگی ، مکان اور ہوٹلز میں کرایہ داروں کے متعلق متعلقہ پولیس کو اطلاع دینا لازم ہے جبکہ نفرت انگیز تقریر یا موادپر قانون حرکت میں آئے گا۔ ڈی سی اولیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ سکولوں ، مساجد، امام بارگاہوں کے ساتھ ہسپتالوں میںبھی سکیورٹی بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوںنے بتایا کہ قربانی کے جانوروںکی فروخت کیلئے مقامات مخصوص کئے جائیں گے جہاں جانوروںکی چیکنگ کیلئے ویٹرنری ڈاکٹرز بھی تعینات کئے جائیں گے۔ ارکان اسمبلی ایم این ایز نوابزادہ مظہر علی خان، چوہدری عابد رضا، ایم پی ایز ملک حنیف اعوان، حاجی عمران ظفر، چوہدری اشرف دیونہ نے کہا کہ ضلع گجرات میں مکمل مذہبی ہم آہنگی موجود ہے اور امن و امان کے قیام کیلئے تمام مسالک کے علماء کرام اور امن کمیٹی کے ممبران اپنا موثر کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی قیادت میں دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں تاہم ملک کو امن و امان کا گہوارہ بنانے کیلئے حکومت، مسلح افواج سمیت سکیورٹی اداروں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ علما ء کرام نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور اس حوالے سے اپنی تجاویز سے بھی آگاہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) جعلی کھادوں ، زرعی ادویات کی فروخت روکنے، کھادوں، زرعی ادویات کی مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کیلئے قائم ٹاسک فورس کا اجلاس زیر صدارت ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ منعقد ہوا جس میں ایم این اے نوابزادہ مظہر علی خان، ایم پی اے حاجی عمران ظفر، مسلم لیگ ن کے راہنما نوابزادہ طاہرالملک، ای ڈی او زراعت محمد جمیل، ڈی او زراعت محمد رفیق، ڈسٹرکٹ پبلک پراسکیوٹر بابر جاوید، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسکیوٹر رانا سعادت علی، ڈی ڈی او سید سجاد بخاری، اطہر عطاری اور کسان نمائندہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈی او زراعت توسیع نے بتایا کہ رواں سال کریک ڈائون کے دوران 95مقامات سے کھادوں کے نمونہ جات چیکنگ کے لئے بھجوائے گئے جبکہ گرانفرشی، جعلی کھاد فروخت کرنیوالوں کے خلا ف 4مقدمات بھی درج کرائے گئے۔ انہوںنے بتایا کہ ادویات کے 81نمونہ جات چیکنگ کیلئے لیبارٹری بھجوائے گئے جبکہ 6کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے۔ انہوںنے بتایا کہ جعلی کھادوں اور ادویات کے 27مقدمات مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ہدایت کی کہ ٹاسک فورس کو فعال بنانے کیلئے جلالپور جٹاں، گجرات، ڈنگہ، کنجاہ سمیت تمام علاقوں سے کسانوںکو شامل کیا جائے۔ انہوںنے ہدایت کی کہ پراسکیوشن ڈیپارٹمنٹ جعلی کھادوں اور ادویات کے مقدما ت کی مستعدی سے پیروی کرے ۔ انہوںنے کہا کہ جلد محکمہ زراعت کے افسران کو جعلی کھادوں اور ادویات فروخت کرنیوالوں کے سمری ٹرائل کے اختیارت تقویض کر دیے جائے گے اور وہ ایسے عناصر کو موقع پر 6ماہ قید اورایک لاکھ روپے تک جرمانہ کی سزادے سکیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) جشن آزادی کی تقریبات کھاریاں میں بھی پاکستان بھر کی طرح دنیا بھر میں منائی گئیں ۔سپیشل بچوں نے بھی اپنے قومی دن کو جوش و جذبے کے ساتھ منایا ،تفصیل کے مطابق جشن آزادی کی تقریبات پاکستان بھر کی طرح کھاریاںشہرمیں منائی گئیں ۔جہاں نوجوان بچوں بوڑھوں اور خواتین نے آزادی کی خوشیاں منائیں وہاں سپیشل بچوں نے بھی اپنے قومی دن کو جوش و جذبے کے ساتھ منایا ۔اس حوالے سے ایک تقریب المدثر سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس باہر وال میں بھی منعقد کی گئی جس میں المدثر سپیشل ایجوکیشن کے طلباء اور طالبات نے خصوصی شرکت کی اور تقریب کو چار چاند لگا دئے ۔سپیشل بچوں نے المدثر چوک جی ٹی روڈکھاریاں پرالمدثر مونومنٹ کے مقام پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی ۔سپیشل بچوں نے قومی ترانہ کی دھن پر سبز ہلالی پرچم بلند کیا ۔پرچم کشائی کی اس تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں ذوالفقار علی باگڑی تھے ۔پرچم کشائی کے بعد سپیشل بچوں نے ملی نغمے پیش کیے۔جنہیں حاضرین نے بہت پسند کیا ۔اور سپیشل بچوں کو داد دی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے المدثرٹرسٹ کے چیئرمین سید مدثر حسین شاہ نے کہا کہ سپیشل بچے قوم کا سرمایہ ہے ۔ہمیں سپیشل بچوں پر فخر ہے ۔ہم انشاء اللہ سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔اس موقع پر المدثر سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس ناروے کے صدر چوہدری محمد اسلم اورچوہدری بشارت ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا ۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) رکن قومی اسمبلی حلقہ این اے107 چوہدری عابد رضا نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں امن و امان کی مثالی صورتحال حکومت اور سیکورٹی اداروں کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے حکومت دہشت گردی کے خاتمہ اور ملک کو تعمیر و ترقی کا گہوارہ بنانے کے لئے پرعزم ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ملک کی پرامن فضاء اس بات کی زندہ دلیل ہے کہ حکومت اور سیکورٹی فورسز ملک دشمنوں کو نکیل ڈالنے میں کامیاب ہو چکی ہیں پاکستانی قوم نے بھی یوم آزادی پورے جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منا کر زندہ قوم ہونے کا ثبوت دیا ہے ایک سوال کے جواب میں چوہدری عابد رضا کوٹلہ کا کہناتھا کہ دھرنے، احتجاج کی سیاست کبھی بھی ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہوتی دھرنے اور احتجاج کرنے والوں کو انتخابات کا انتظار کرنا چاہئے دھرنے اور احتجاج ملک دشمن عناصر کے عزائم کو تو تقویت دے سکتے ہیں لیکن اس سے ملک و قوم کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا اس لئے دھرنے اور احتجاج کرنے والوں کو چاہئے کہ حکومت کے ساتھ ملکر ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا چاہئے اگر ملک ترقی کرے گا تو اس کا فائدہ نہ صرف موجودہ بلکہ آنے والی نسلوں کو بھی ہوگا اگر ملک کا تشخص اقوام عالم میں بہتر ہوگا تو پاکستانی قوم کو دنیا بھر کے ممالک میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا اور ملک کے تشخص کو بہتر بنانے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کا ساتھ دے کر خود کو محب وطن ثابت کرنا ہوگا۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) جہلم اور وہاڑی کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف واضح برتری کے ساتھ فتح یاب ہوگی جہلم کے حلقہ این اے63سے فواد چوہدری اور وہاڑی کے حلقہ پی پی 232محترمہ عائشہ نذیر جٹ کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں ان خیالات کا اظہار صدر پی ٹی آئی یوتھ ونگ حلقہ پی پی115 چوہدری اجمل حسین پیارا وائس چیئرمین یوسی بدرمرجان نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عووام حکمرانوں کو بخوبی سمجھ چکے ہیں پانامہ لیکس نے ان کے اصل چہرے بے نقاب کئے ہیں چور اور لٹیرے حکمرانوں کا جانا ٹھہر چکا ہے آنے والے انتخابات میں پی ٹی آئی واضح برتری کے ساتھ میدان مارے گی انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ضمنی انتخابات جہلم اور وہاڑی سے بھی پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) سینئر صحافی سید تنویر نقوی کو24نیوز ٹی وی چینل کا کھاریاں میں تحصیل رپورٹر مقرر ہونے پر سینئر صحافی اعجاز مرزا کی طرف سے پرتکلف ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا ظہرانہ تقریب میں سید تنویر نقوی، اعجاز مرزا،حافظ محمد عمران خلجی، میاں محمد ندیم، جبار ساگر، چوہدری قربان گجر، عتیق لال، ایم عمر، محمد شہباز(گلیانہ)، عبدالغفور مرزا(نصیرہ)، الیاس بٹ، سید مغفور الحسنین سمیت دیگر نے شرکت کی اور سید تنویر نقوی کو 24ٹی وی نیوز کی نمائندگی ملنے پر مبارکباد دی۔ شرکاء نے توقع کی کہ سید تنویر نقوی نے جس طرح اپنی مثبت صحافتی خدمات سے لوہا منوایا اسی طرح مستقبل میں بھی پسے ہوئے طبقات کی آواز اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتے رہیں گے۔ سینئر صحافی عبدالعزیز گوندل نجی مصروفیات کی بناء پر ظہرانہ میں شریک نہ ہو سکے اُن کی کمی شدت سے محسوس ہوتی رہی۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) ٹی او آر چوہدری تنویر گجرکی قیادت میں ناجائز تجاوزات کے خلاف مین بازار کھاریاں، راشہ بازار، ڈنگہ روڈ پر آپریشن۔ شہریوں کا خراج تحسین۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ایم اے کھاریاں کی جانب سے کھاریاں شہر میں تجاوزات کے خلاف مہم کا آغاز کر دیا گیا ٹی او آر تنویر عباس گجر نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم مزید آپریشن جاری رہے گا تاجر برادری از خود تجاوزات ختم کر دیں ورنہ کارروائی کی جائے گی ناجائز تجاوزات کے خاتمے پر شہریوں اور عوامی سماجی حلقوں نے انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا اور مزید آپریشن کو جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) کھاریاں پریس کلب کا وفد صدر حاجی عبدالرئوف کی قیادت میں ایک روزہ تفریحی دورہ پر آج مری روانہ ہو گا میزبانی سماجی شخصیت چوہدری ارشد علی بیگہ کریں گے۔ کھاریاں پریس کلب کلب کے تمام ممبران و عہدیداران شامل ہوں گے مری سمیت مختلف مقامات کا وزٹ کیا جائے گا قافلہ آج صبح7بجے صدر کھاریاں پریس کلب حاجی عبدالرئوف کی سربراہی میں روانہ ہوگا۔ فنانس سیکرٹری جبارعلی ساگر نے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) یوم آزادی کے موقع پر انتظامیہ کا ون ویلروں کے خلاف کریک ڈائون۔ عوامی سماجی حلقوں کا خراج تحسین۔ تفصیل کے مطابق14اگست یوم آزادی کے موقع پر پورلیس متحرک رہی اور ون ویلروں کے خلاف سخت کارروائی کے نتیجے میں کوئی بڑا حادثہ رونما نہ ہوا ضلع بھر میں پرامن طریقے سے یوم آزادی منایا گیا عوامی سماجی حلقوں نے انتظامیہ کو ون ویلروں کو کنٹرول کرنے اور سخت کارروائی کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ تقریباً ایک ماہ قبل ضلع گجرات میں ون ویلنگ کے نتیجے میں 14بجے جاں بحق ہو گئے تھے اور درجنوں زخمی بھی ہوئے پولیس کی موثر کارکردگی کی وجہ سے بہتر صورتحال رہی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (جی پی آئی) آزاد فضائوںمیںسانس لینے والے خوش قسمت لوگ ہوتے ہیں۔قائداعظم نے پاکستانی قوم کوسامراجی قوت ہندوبنئے سے آزادی دلا کرتاریخ رقم کی۔آج ہم آزاددھرتی پاکستان کے شہری ہونے پرفخرمحسوس کرتے ہیں۔14اگست کے دن کومناکرہم وطن سے اپنی محبت کی تجدیدکرتے ہیں۔ان خیالات کااظہارڈائریکٹردی ایجوکیٹرزسکولوزیرآبادمحمدعمران بھٹی نے یوم آزادی کے حوالہ سے طلباء وطالبات کی طرف سے مختلف رنگا رنگ پروگرام ،ٹیبلو،ملی نغموںکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمیڈم سندس بٹ،میڈم عشرت،ڈاکٹرسید رضاسلطان،مہرطاہر جاوید مٹھو،محمداشرف نثار،زاہد محمودہاشمی ودیگرمعززین شہرکی کثیرتعدادنے شرکت کی۔انہوںنے کہا کہ اپنے اکابرین کی سوچ وفکرکونواجوان نسل میںمنتقل کرنے کے یہ مواقع پرمسرت واطمینان قلب کاباعث بھی بنتے ہیں۔ہم قائد اعظم کے اس نظریاتی سوچ کے حامل خظہ اراضی میںخواندگی میںاضافہ کے لئے مصروف ہیں کیونکہ وہی قومیںہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیںجوتعلیم کواپنا نصب العین بنا لیتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (جی پی آئی) پا کستان لاکھوںقربانیاںدیکرحاصل کیا گیا ،مسلمانوںنے سیا سی شعورکا مظاہرہ کرکے قائد اعظم محمدعلی جناح کی قیادت میںطویل جدوجہدکے بعدوطن عزیزحاصل کیا،یوم آزادی ایک عظیم نظریہ کی ترجما نی کا دن ہے جس کی خاطر لاکھوںمسلمانوںنے جانوںکانذرانہ پیش کیا۔ان خیالات کا اظہار امتیازاظہرباگڑی نے مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ کے زیراہتمام یوم آزادی کے سلسلہ میںمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ضلعی صدرمسلم لیگ (ن)مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ،تحصیل صدروقار احمدچیمہ،نائب صدر محمداظہرچیمہ،جنرل سیکرٹری غلام رضا راٹھ،نائب صدر عامر چٹھہ،محمدزبیر بٹ،محمداقبا ل سرویا،عمر گوندل،عمران سول بٹ،عمران سنی ودیگربھی موجوتھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (جی پی آئی) 14اگست کادن ہرپاکستانی کواپنے وطن سے لازوال محبت کے اظہارکے مواقع فراہم کرتا ہے اوراس مٹی کواپنے خون کی آبیاری سے سیراب کرنے والوںکویاد رکھنے کادرس دیتا ہے۔ان خیالات کااظہارسٹی صدر مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ چوہدری عامر مشتاق نے کنارا ہوٹل میںسٹی یوتھ ونگ (ن)کے زیراہتمام یوم آزادی کے سلسلہ میںمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرچوہدری عمر فاروق اللہ والے ،فرازاحمدربانی،چوہدری قاسم،محمداشرف گوشی،چوہدری زاہد اصغر،چوہدری آصف،سیٹھ امجد،مرزاندیم بیگ،صوبیدارعبدالستار،دانیال گوشی ودیگربھی موجودتھے۔انہوںنے کہا کہ ہمارے وہ اجداداورمسلمان بہن بھائی جنہوںنے اپنی جانوںکے نذرانے دیکرہمیںیہ آزادارض پاک کاتحفہ دیاہم ان کوسلا م پیش کرتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر14اگست کاکیک کاٹا گیا۔(فوٹوہمرا ہ ہے)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (جی پی آئی) )ڈی اسی پی گجرات عرفان الحق سلہریانے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت افضل ترین عبادت ہے۔غریبوں،یتیموں،مسکینوں،نادار کی ہرممکن مددکرکے دل اورروح کوسکون ملتا ہے۔نئی نسل کونظریہ پاکستان سے آگاہ کرناوقت کی اہم ضرورت ہے۔وہ الخدمت فائونڈیشن کے زیراہتمام یوم آزادی کے سلسلہ میںالخدمت آرفن کئیرکی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پرجہانگیرنثار،جاوید اقبال،فیصل حمید،محمدمشتاق بٹ ،ناصر محمودکلیر،عبد الوکیل علوی،ناصر محموداللہ والے،،ڈاکٹرحبیب اللہ،محمدفیاض،صابر حسین بٹ ،وسیم شاہد اولکھ،سجاد احمدمدنی،محمداشفا ق وڑائچ،عدنان مجید ملک،محموداحمد،افتخارحسین صدیقی،زمان حیدرچیمہ سمیت معززین علا قہ،آرفن بچے اورانکے والدین کثیرتعدادموجودتھی۔عرفان الحق نے کہا کہ ملک میںخوف کی کیفیت ہے بچوںکے اغواکی افواہیںپھیلائی جارہی ہیں۔کسی میںہمت نہیںکہ وہ ہمارے بچوںکومیلی آنکھ سے بھی دیکھ سکیں۔پولیس فورس،پاکستانی ایجنسیاںاپنی قوم کادفاع کرنا جانتی ہیں۔پاکستانی قوم باہمت قوم ہے۔ڈائریکٹرآرفن کئیرجہانگیرایثار،ڈائریکٹرپنجاب فیصل حمیدنے کہا کہ انسانیت کی خدمت رب کی رضا،جنت کے حصول اورنبی مہرباںۖ کی ہمسائیگی کی ضمانت ہے۔انہوںنے کہا کہ آرفن کئیرپروگرامکے ذریعے مخیرحضرات کے تعاون سے بے سہارا،یتیم بچوں کی تعلیم وکفالت کابیڑااٹھایا ہے تاکہ انہیںمفیدشہری بنایا جاسکے۔ضلعی صدرجاوید اقبال ،محمدمشتاق بٹ نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن عوامی خدمت میںبھرپورحصہ لیکراپنا فرض حقیقی اندازمیںپوراکررہی ہے۔ججزکے فرائض پروفیسرمحمدارشدبخاری،حافظ عمران احمد،محمدشہباز،حافظ حسین احمد،مولانانبیل احمد نے سرانجام دیئے۔تقریب کے اختتام پرپوزیشن ہولڈرزمیںمہمانان خصوصی نے انعامات تقسیم کئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (جی پی آئی) 14اگست کوقائد اعظم محمدعلی جناح نے ہمیںاپنی دن رات کی انتھک جدوجہدسے آزادخطہ اراضی لیکردیا۔جس کے تحفظ کے لئے ہرپاکستانی ہمہ وقت تیارہے۔اپنے قومی ہیرواورآزادی کے راہنمائوںکی تاریخی جدوجہدکاورثہ قوم کے نونہالوںمیںمنتقل کرناہم سب کی ذمہ داری ہے۔پچاس سال قبل اگست کے ماہ میںہی کالج لیول پرتعلیمی درسگاہ گورنمنٹ مولاناظفر علی خان کالج کاقیام عمل میںلایا گیا۔اس کالج کی پچاس سالہ تاریخ میںکئی نامورطالب علموںنے اس درسگاہ سے تعلیم کاخزانہ حاصل کیا اورملک وقوم کی تعمیروترقی میںمصروف ہیں۔ان خیالات کا اظہارپرنسپل پروفیسرڈاکٹرمحمدآصف ہزاروی نے کالج میں14اگست کے حوالہ سے تقریب میںکالج کے پچاس سال مکمل ہونے پر23اگست کوگولڈن جوبلی کیک کاٹنے اورفروغ تعلیم کارواںکے عنوان سے ریلی نکالنے کے پروگرام کوترتیب دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پروائس پرنسپل پروفیسرخالد محمودہنجرائ،حافظ منیراحمد،حافظ عبد الستار عبد الستار حامد،نذیراحمداعوان،شیخ الیاس کامران،شیخ ثنا ء اللہ،محمدارشدبخاری،مبشراحمدکھوکھر،سید رضا سلطان،عمران رضا نقوی،سید علی شاہ حسین ودیگرسٹاف وعملہ موجودتھے۔انہوںنے بتلا یا کہ کالج کے پچاس سال مکمل ہونے پرمجلہ چناب شائع ہوچکا ہے جوپنجاب بھرکے کالجوںکوروانہ کیا جارہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے اس تاثر کی تردید کی ہے کہ مذہبی طبقے نے قائد اعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کی مخالفت کی۔تاریخی حقیقت یہ ہے کہ اسلام کے دونوں بڑے مکاتب فکر سنی اور شیعہ بانی پاکستان کا ہراول دستہ تھے۔ کانگریسی ملاوں کی طرف سے علیحدہ وطن کی مخالفت کو علمااور مشائخ کی مخالفت سے تعبیر نہ کیا جائے۔ ایک سینیر صحافی( عارف نظامی) کے بیان کے جواب میں پیر معصوم نقوی نے کہا کہ اہل سنت نے قائد اعظم کا بھر پور ساتھ دیا، بنارس سنی کانفرنس کا انعقاد کرکے تحریک پاکستان کی بھر پور حمایت کی گئی اور واضح کیا گیا کہ اہل سنت کسی صورت علیحدہ وطن کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور خدانخواستہ بیرسٹر محمد علی جناح کسی موڑ پر اس مطالبے سے ہٹ بھی گئے تو سنی علما و مشائخ پاکستان بنا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف کانگریسی ملاوں کا ایک ٹولہ تھا جو پاکستان کے قیام کی نہ صرف مخالفت کرتا تھا، بلکہ قائد اعظم کو کافر اعظم بھی قراردیتا تھا۔ لیکن یہ آزاد وطن کی خیرو برکت ہے کہ مخالفین خود اور اب ان کی اولاد یں پاکستان میں رہ رہی ہیں ۔ اور اپنے اکابرین کے نظریات کے برعکس دو قومی نظریہ کی حامی نظر آتی ہیں، تو یہ قائد اعظم کی جدوجہد کی فتح ہے۔ البتہ پیر معصوم نقوی نے واضح کیا کہ اسی گروہ سے پاکستان کے تمام دہشت گرد ٹولے بھی تعلق رکھتے ہیں، جنہوں نے پہلے جہاد کی نجکاری کے فتوے دیے، اور افغانستان میں جنگ کے لئے خریدے گئے ۔ امریکہ کی خدمت کرتے رہے ، اب یہی ٹولہ پاکستان کی سالمیت کے پیچھے پڑ گیا ہے۔
……………………………
لاہور (جی پی آئی) شیعہ علما کونسل پنجاب اور اسلامی تحریک کے صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ وطن کی محبت جزو ایمان ہے، جو پاکستان کے دشمنوں سے اظہار نفرت کا تقاضا کرتی ہے۔ ملک سے کرپشن، بدامنی،دہشت گردی اور تکفیری سو چ ختم کئے بغیر آزادی کا تصورممکن نہیں۔ یوم آزادی اور ہماری ذمہ داریاں کے عنوان سے ہونے والی نشست سے خطاب میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح رحمة اللہ علیہ کے پاکستان کا تحفظ اس کے باسیوں کی ذمہ داری ہے۔ جس کے لئے ضروری ہے کہ ملک کے آئین کوصحیح معنوں میں نافذ کرکے جمہوری اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے، مگر ہماری تاریخ کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ 69 سال ہوگئے، یہ خواب پورا نہیں کیا جاسکا۔ تمام اداروں پربالادستی کا دعویٰ کرنے والی پارلیمنٹ مارشل لاوں کاراستہ نہیں روک سکی۔ اب بھی کئی سیاسی جماعتیں عسکری اداروں سے وابستگی پر فخر محسوس کرتی ہیں اور فیشن کے طور پر سیاستدانوں کو برا بھلا کہتی ہیں۔ سورہ یوسف کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست انبیا کا شیوا رہا ہے، جس کی بہترین مثال حضرت یوسف علیہ السلام کی ہے کہ جنہوں نے حکومت کی اور لوگوں کے سماجی مسائل حل کئے۔ مگر افسوس کہ پاکستان میں کرپٹ اشرافیہ کا نام سیاستدان رکھ دیا گیا ہے۔ جبکہ صالح افراد بھی اس میدان میں موجود ہیں مگر ان کو اقتدار کے قریب نہیں آنے دیا جاتا۔ تاہم ایک سوال کے جواب میں علامہ سبطین سبزواری نے اتفاق کیاکہ چند مذہبی جماعتیں بھی نظریاتی سیاست کو بھول کر اقتدار کے پیچھے بھاگ رہی ہیں، جس کی وجہ سے علما بھی بدنام ہوتے ہیں۔ شیعہ علما کونسل کے رہنما نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج تک پاکستان کی نظریاتی اساس، جمہوریت ، آئین کی بالادستی،اور قانون کی حکمرانی خواب ہی رہی ، ایک اجڑا ہوا تباہ حال پاکستان ورثے میں ملا، ریاست کوتباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں کا محاسبہ کئے بغیر آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، میرٹ کا اطلاق اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے اور نہ ہی ملکی ترقی کا خواب دیکھا جاسکتا ہے۔ البتہ انہوں نے واضح کیا کہ لولی لنگڑی جمہوریت بھی بہترین مارشل سے بہتر ہوتی ہے، جس میں زندگی کے تمام طبقات کو اپنی بات کہنے کا حق ہوتا ہے جبکہ مارشل لا میں قانون پھر صرف بوٹو ں والوں کا چلتا ہے، سیاستدان کسی کی کاسہ لیسی کی بجائے ، پارلیمنٹ اور جمہوریت کو مضبوط کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نارووال (جی پی آئی)امیر ملت رحمة اللہ علیہ کے فیضان سے پاکستان کا قیام ہوا۔ تحریک پاکستان سے لے کر تحریک ختم نبوت تک پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری رحمة اللہ علیہ نے مسلمانانِ پاک و ہند کی راہنمائی فرمائی ۔تحریک پاکستان میں جب سب نے حضرت قائد اعظم کے حوالے سے کفر کے فتویٰ صادر کیا تو حضرت قبلہ عالم امیر ملت محدث علی پوری رحمة اللہ علیہ نے فرمایا کہ تم اس کو کافر کہتے ہو میں اس کو اللہ تعالیٰ کا ولی کہتا ہوںاور تحریک پاکستان میں حضرت امیر ملت رحمة اللہ علیہ نے فرمایا کہ اگر قائد اعظم رحمة اللہ علیہ مطالبہ پاکستان سے دستبرداربھی ہوں جائیں تو بھی ہم پاکستان بنائیں گے۔پاکستان میں قیام امن ہی سب کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ قیام پاکستان فیضان اولیاء کا ثمر ہے ۔ آج ملک و ملت میں مخالفین پاکستان ہی رخنہ ڈال رہے ہیں ۔دہشت گردی اور قتل و غارت کے پیچھے قادیانیت اور ملک دشمن عناصر کارفرما ہیں ۔حکومت محب وطن علماء و مشائخ کے ساتھ مل کر قیام امن ، فروغِ رواداری اور نفاذِ نظام مصطفےٰ ۖ کیلئے حکمت عملی وضع کرے ۔ ان خیالات کا اظہار مہر الملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت امیر ملت علی پور سیداں شریف نے دربار عالیہ حضرت امیر ملت علی پور سیداں شریف پر منعقدہ ماہانہ محفل میلاد مصطفےٰ ۖ و مرکزی انجمن شہریاں کے زیر اہتمام جشن آزادی کے موقعہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے کہا کہ جشن آزادی کا منانا یقینا جذبۂ حب الوطنی کی علامت ہے ۔ پاکستان کی ترقی اور استحکام ہمیں جان سے عزیز ہے ۔ حکومت نے پاکستان کو ترقی یافتہ اور پر امن بنانے کیلئے جتنی کاوشیں کی ہیں قابل تحسین ہیں۔پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے ۔ پاکستان سے محبت عبادت کا درجہ رکھتی ہے ۔ آج آپس کے لڑائی جھگڑے یا سیاسی شور لگانے کی ضرورت نہیں ۔ آج پوری قوم کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی پارٹیاں ایک سوچ کی حامل ہو جائیں وہ سوچ صرف اور صرف پاکستان ہو ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی انجمن شہریاں رجسٹرڈ ضلع نارووال کے صدر مزمل حفیظ بابر، جنرل سیکرٹر عبد الحق انصاری، علامہ محمد ریاض الدین صدیقی آف گوجرانوالہ، عابد محمود بٹ صدر حافظ عبد الرحمن ٹرسٹ ، چوہدری محمد یعقوب اویسی ایڈووکیٹ صدر تحریک اویسیہ پاکستان ضلع نارووال اور قاری محمد ارشد اویسی نے کہا کہ حقیقی جشن آزادی اُس وقت ہی منائی جا ئے گی جب پاکستان مسائل کی دلدل سے نکل کر ترقی و استحکام کی منزل پر فائز ہو گا اس کے لئے تمام سیاستدانوں کو ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔بھارتی جارحیت کھلی دہشت گردی ہے ۔پاکستان میں بم دھماکوں ،صوبائی تعصبات اور فرقہ وارانہ فسادات میں تو بھارت کا ہاتھ ہے۔پاکستانی قوم اپنے وطن و پاک سر زمین کی حفاظت کے لئے پُر عزم اور ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔اس موقعہ پر صاحبزادہ محمد عاصم بشیر اویسی، محمد محسن اویسی، علی رضا بٹ ، محمد رضوان انور اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقعہ پر سبز حلالی پرچم بھی لہریا گیا اور ملک و ملت میں قیام امن اور استحکام پاکستان کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے تدارک کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے حلقے خالق نگر کی عوام بوند بوند پانی کو ترس گئی،بجلی وولٹیج کم زیادہ ہونے سے قیمتی اشیاء جل کر خاکسترہوگئیں
لاہور (جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب کے حلقے خالق نگر کی عوام بوند بوند پانی کو ترس گئی،بجلی وولٹیج کم زیادہ ہونے سے قیمتی اشیاء جل کر خاکسترہوگئیں،تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمدشہبازشریف کے انتخابی حلقے خالق نگر کی عوام کئی ماہ سے بجلی وولٹج کم زیادہ ہونے سے قیمتی گھریلو اشیاء کے جل جانے سے ماتم کدہ ہیں،مسلسل مقامی لائن سپریٹنڈنٹ شفیق کو فون کر کے بتایا گیا لیکن اس کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی،عوام کا کہنا ہے کہ واپڈا اہلکاروں کی ہٹ نے عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کررکھا ہے۔جس کی وجہ سے علاقے کی بجلی کئی ماہ سے مسلسل خراب چلی آرہی ہے۔اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ ان کو مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے کی سزا دی جارہی ہے،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خصوصی نوٹس لے کر ذمہ داران کیخلاف قانونی کارروائی کریں ۔تاکہ عوام کی پریشانی سے جان چھوٹ سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی)جمعیت علما پاکستان نے رکنیت سازی مہم کا آغاز کردیا ہے، جوعید میلادالنبی تک جاری رہے گی۔ اس حوالے سے فیصلہ جے یو پی کے حالیہ مجلس شوریٰ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ اور قراردیا گیا کہ صوبائی تنظیمیں ،یونین کونسل تک کی تنظیموں میں ہونے والی رکنیت سازی کے امور کی نگرانی کریںگی ،رکنیت فارم اور فیس مرکزی تنظیم کو پہنچانے کی پابند ہوں گی۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ جمعیت علما پاکستان کی رکنیت سازی مہم گذشتہ سال بھی کی گئی تھی جو مناسب طریقے سے جاری نہ رکھی جاسکی ، نئی ہدایات کے مطابق تنظیموں سے رکنیت سازی اور توسیع تنظیم پر زوردیا گیا ہے ، تاکہ اسی سال 2016کے آخر تک یونٹ، تحصیل اور ضلعی سطح کے انتخابات کروائے جاسکیں ۔ جس کے بعد 2017ء میں مرکزی اور صوبائی انتخابات کروائے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے وفاقی حکومت کی جانب سے پانچ سالوں کے دوران عالمی بنکوں اور عالمی مالیاتی اداروں سے مجموعی طور پر14ارب16کروڑ33لاکھ ڈالر سے زائد قرضے جبکہ آئی ایم ایف سے تین سال میں5ارب76کروڑ 80لاکھ ڈالر کے قرضوں اور مجموعی طور پر پانچ سالوں میں19ارب ڈالر کے حکومتی قرضوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی بڑھتے ہوئے قرضے ملکی معیشت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں انہوںنے کہا کہ اسٹیٹ بنک نے بھی انتباہ کیا ہے کہ اگر حکومت نے قرض لینے کا سلسلہ اسی طرح جاری رکھا تو مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہائوس میں یوتھ ونگ کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل بیرونی اداروں سے قرض نہ لینے اور کشکول توڑنے کا اعلان کیا تھا لیکن کشکول تو نہیں ٹوٹا بلکہ اس کا سائز بڑا ہوگیا ہے اور قرض لینے کا لامتناعی سلسلہ شروع کردیا گیا اب تو یہ سلسلہ یہاں تک پہنچ چکا ہے کہ موجودہ مالی سال کے صرف 22دنوں میں حکومت نے 751ارب کا قرضہ لے لیا ہے۔انہوںنے کہا کہ بڑھتے ہوئے قرضوں کے باعث ملک میں افراط زر میں اضافہ کے باعث مہنگائی میں بھی اضافہ ہورہا ہے بڑھتے ہوئے قرضے ایٹمی پاکستان کیلئے نقصان دہ ہیں اس لیے حکومت قرضوں کی بجائے ملکی برآمدات میں اضافہ سے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی)پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے پوری قوم متحد ہے ۔ ہندوستان کی پاکستان کے خلاف جارحیت کے شواہد پوری دنیا کے سامنے ہیں ۔ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا اور اسلام کا عادلانہ نظام ہی پاکستان کا مقدر ہے جس میں کسی تعصب کی بنیاد پر کسی کے حقوق سلب نہیں کیے جا سکتے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامعہ منظور الاسلامیہ لاہور میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس کی صدارت جمعیت مشائخ اہلسنت پاکستان کے سر براہ پیر سیف اللہ خالد نے کی ۔ کانفرنس سے مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا صوفی انور ، مولانا محمد مشتاق لاہوری ، حافظ شعیب الرحمن نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سیاسی و مذہبی قائدین کو پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خلاف متحد ہو جانا چاہیے ۔ پاکستان کی فوج اور سلامتی کے ادارے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جو جدوجہد کر رہے ہیں پوری قوم کو اس میں معاون بننا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات درست اور حقیقت ہے کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ۔ ذاتی پسند اور ناپسند کی بنیاد پر نیکٹا اور وزارت داخلہ اقدامات کر رہی ہے جس سے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد متاثر ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیکٹا کو وزیر اعظم کے ماتحت ہونا چاہیے اور نیکٹا کا سربراہ پسند ، نا پسند کی بجائے میرٹ پر لگایا جانا چاہیے ۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مدارس عربیہ کے طلباء ، اساتذہ اور علماء سے اپیل کی کہ وہ انتہاء پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف بھرپور جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی صورتحال اور انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے اور مدینہ منورہ سے کوئٹہ تک کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے 18 اگست کو اسلام آباد میں ”ندائے امت کانفرنس” ہو گی جس میں تمام مکاتب فکر کی قیادت اور اسلامی ممالک کے سفراء اور پاکستان میں غیر مسلم مذاہب کے نمائندے شریک ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینیئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ چاول کی گرتی برآمدات کو سہارا دینے کیلیئے حکومت فوری مداخلت کرے اور پرائیویٹ سیکٹر میں الگ رائس ایکسپورٹ کمپنی قائم کی جائے جو رائس سے متعلق تمام معاملات کو کنٹرول کرے۔ مالی سال 2016 میں پاکستان کے دوسرے بڑے برآمدی شعبے چاول کی برآمدات میں 8.60 فیصد کمی آئی ہے جس کی وجہ سے آمدنی 2.035 ارب ڈالر رہی ہے جو تشویشناک ہے۔ 2015میں 4,262,216 میٹرک ٹن چاول برآمد کیا گیا جو 2016 میں گر کر3,861,406رہ گیا ہے جس کا فوری نوٹس لیا جائے۔میاں زاہد حسین نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ2009-10 میں چاول کی برآمد سے 2.2 ارب ڈالر کمائے گئے تھے جس کے بعد سے برآمدات کا ہدف حاصل نہیں کیا جا سکا ۔ 2010 کے بعد برآمدات منجمد رہیں مگر اب تیزی سے گر رہی ہیں اسلیئے موجودہ صورتحال میںرائس ایکسپورٹ کمپنی کا قیام ضروری ہو گیا ہے کیونکہ چاول کے بہت سے کاشتکار دوسری فصلیں اگا رہے ہیں جبکہ بین الاقوامی منڈی سے پاکستانی برآمدکنندگان کے پیر اکھڑ رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ چاول کے شعبے کے بعض حصوں کے بجائے چاول کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مراعات دی جائیں جس میں کسان، تاجر، رائس ملز مالکان اور برآمدکنندگان شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت چاول کے کاشتکاروں کو وہی سہولیات دے جو حریف ممالک اپنے کسانوں کو دے رہے ہیں جس میں سستے بیچ، سستی ادویات، سستی بجلی اور وافرمقدارمیںپانی کی فراہمی ہے ورنہ یہ اہم شعبہ مسابقت کی صلاحیت کھو دیگا۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ چاول کے کاشتکاروں کو ان ڈائریکٹ سبسڈی دینے کے بجائے ڈائریکٹ سبسڈی دی جائے تاکہ پیداواری لاگت کم ہو سکے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما انجینئر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ پنجاب میں کر پشن ‘لوٹ مار ُمہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے جبکہ حکمرانوں کو اپنے اللے تللوں سے فرصت نہیں مسلم لیگ ن میگا کرپشن سکینڈل بنا رہی ہے جبکہ عوام کو بجلی اور گیس کی لوڈشیڈ نگ جیسے مسائل کا سامنا ہے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے زیادہ مضبوط اور عوامی جماعت ہے تحریک انصاف نے ملک میں تبدیلی کیلئے جو جنگ شروع کی ہے جیت اُس کا مقدر ہے جس طر ح پاکستان کے عوام تحر یک انصاف کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں اسکے بعد اس بات میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکمرانوں کا سیاسی دور ختم ہو رہا ہے اور آنیوالی حکومت صرف پاکستان تحر یک انصاف کی ہوگی ۔
۔۔۔۔۔
کراچیر (جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے تحریک انصاف آخری دم تک حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف لڑے گی، پاکستان میں اربوں کی کرپشن کرنے والوں کو کلین چٹ دیکر وزیراعظم بنادینے کا رواج ہے جسے چیئر مین عمران خان کی قیادت میں ختم کردینگے ۔جبکہ دیگر ممالک میں معمولی کرپشن کرنے والوں کو سزائے موت سمیت کڑی سزاسنائی گئی ۔تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی نے وزیراعظم کے خلاف ریفرنس دائر کردیا جو کہ قوم کی آوازہے۔پی ٹی آئی نے ریفرنس میں جونکات اٹھائے ہیں اس کے وہ جواب دہ ہیں،وزیراعظم آرٹیکل 62اور63کی رو سے اپنے عہدے پر پورا نہیں اترتے۔عادل ہائوس سے جاری بیان میں حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بے شمار قوانین توڑے ہیں جس کے لیے وہ جواب دہ ہیں۔الیکشن کمیشن ن لیگ کا تابعدار ہے کارروائی نہ کی تو سپریم کورٹ جائینگے ۔نیب 130ارب کی کرپشن کے مجرم وزیرخزانہ کے خلاف 2000میں شروع کئے گئے کیسز کو بند کردیا،نواز لیگ کے دانیال عزیزاور طلا ل چودھری نے چیئرمین عمران خان کے خلاف 1981سے لیکر 2015تک ٹیکس چوری اور دیگر جرائم کا ریفر نس اسپیکر اسمبلی کو بھجوایا اگر یہ الزمات سچ بھی ہیں تو چیئرمین عمرا ن خان خود کو احتساب کے لیے پیش کررہے ہیںوزیراعظم کیوں خوفزدہ ہیں؟۔اصولی طور پر اسپیکر کو پانامہ لیکس کے معاملے میں خود وزیراعظم کے خلاف کارروائی کرنی چاہیئے ۔ انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف اسی قسم کے چار ریفرنس پہلے بھی الیکشن کمیشن میں دائر کیئے جاچکے ہیں ،سب جانتے ہیں کہ حکمرانوں نے ہر دور میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کی سیاست کو فروغ دیاہے ،انہو ں نے مزید کہا کہ نواز لیگ کے وزیراور ان کے مغل اعظم کا یہ خیال ہے کہ ملک میں موجود کوئی بھی قانون ان کے لیے نہیں بنا ہے اور نہ ہی کوئی ان کا کچھ بگاڑ سکتا ہے۔