گجرات کی خبریں 18/8/2016

Gujarat

Gujarat

گجرات (جی پی آئی) خادم پنجاب رورل روڈ پروگرا م کے تحت مختلف دیہی علاقوں کی 18 سڑکوں کی تعمیر پر 1176 ملین روپے خرچ کئے جارہے ہیں، ابتک 1154 ملین روپے لاگت سے دو مراحل میں 20 سڑکوں کی تعمیر کے منصوبہ جات پر 100فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ تیسر ے فیز کے تحت 8 سڑکوں کی تعمیر پر ابتک 94 ملین روپے خرچ ہو چکے ہیں اور ان منصوبوں کی فزیکل پراگریس 48فیصد ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ڈی او سی نواز گوندل اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے وژن کے مطابق خادم پنجاب رورل روڈ پروگرام کے تحت دیہی علاقوںکی سڑکوںکو کارپٹ تعمیر کرنے کے نہایت اہم منصوبے کا آغاز گذشتہ مالی سال کے دوران ہوا، “پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے” کے عزم کے تحت پہلے مرحلے کے تحت ضلع گجرات کی 13 دیہی سٹرکوںکی کارپٹ تعمیر کا آغاز کیا گیا جس پر مجموعی طور پر 538ملین روپے خرچ ہوئے۔ انہوںنے بتایا کہ ضلع گجرات میں خادم پنجاب رورل روڈ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں تمام منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے بعد دوسرے مرحلے میں مزید 7سڑکوں کی کارپٹ تعمیر کا آغاز کیا گیا جس پر اخراجات کا تخمینہ 621ملین روپے تھا اور فیز ٹو بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق فیز ٹو کے تحت سڑکوں کی تعمیر کے بعد فیز ٹو (بی) کے تحت مزید 8سڑکوںکی تعمیر کا آغاز کیا جا چکا ہے جس پر 622ملین روپے خرچ ہوں گے ۔ انہوںنے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طر ف سے فیز ٹو بی کے لئے ابتک فراہم کئے جانیوالے فنڈزکے اخراجات کی فنانشل پراگریس 100فیصد ہے جبکہ فزیکل پراگریس 48فیصدہے ۔ انہوںنے بتایا کہ خادم پنجاب رورل روڈ پروگرام کے صرف دیہی علاقوں کی سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں جس کا مقصد ان علاقوںکے مکینوں کا معیار زندگی بلند کرنا اور انکا ، انکی فصلوں، دودھ ، گوشت کی پیداوار کی شہری علاقوںتک رسائی آسان بنانا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) پیچیدہ امراض میں مبتلا مریضوں کا علاج اصلاً دکھی انسانیت کی خدمت ہے ۔ پیچیدہ امراض کا مکمل علاج مختلف شعبہ جات کے ڈاکٹروں کی اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ہسپتالوں میں مختلف امراض کے ماہرین کے مشترکہ بورڈوں کے قیام کی اشد ضرورت ہے تاکہ پیچیدہ امراض کا علاج تسلی بخش طریقہ سے تکمیل تک پہنچ سکے۔ ABSTH میں ٹیومر بورڈ کا قیام مریضوں کے اعلیٰ علاج کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پرنسپل نواز شریف میڈیکل کالج جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال گِل نے عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال میں شعبۂ امراض کان، ناک و گلہ اور شعبہ سرجری گوجرانوالہ انسٹی ٹیوٹ برائے نیو کلیئر میڈیسن (GINUM) کے اشتراک سے ٹیومر بورڈ کے ایک اہم اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر GINUM ڈاکٹر سہیل مراد نے کہا کہ کسی بھی مریض کی مکمل کیس ہسٹری اور مرض کے منبع کا تعین کیے بغیر پیچیدہ امراض کا مکمل علاج نا ممکن ہے ۔ مرض کے مکمل علاج کے لیے مریض کے میڈیکل کیس کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لے کر تجزیہ بہت ضروری ہے ۔ ٹیومر بورڈ کے اس خصوصی اجلاس میں ماہرین سرجری ڈاکٹر مقصود زاہد ، ڈاکٹر حامد، ڈاکٹر عتیق، ڈاکٹر شاہد حسین، ڈاکٹر رؤف، ڈاکٹر محمد رفیع ،میڈیکل سپرنٹندنٹ ڈاکٹر شیر علی نیازی و دیگر نے شرکت کرتے ہوئے ٹیومر بورڈ میں پیش کیے جانے والے مختلف میڈیکل کیسوں کے مزید علاج کے سلسلہ میں اپنی مفید آراء و تجاویز پیش کیں۔ ٹیومر بورڈ کے خصوصی اجلاس میں کینسر کے حوالہ سے پانچ میڈیکل کیس پیش کیے گئے۔ ڈاکٹر نعیم، ڈاکٹر وقار، ڈاکٹر فوزیہ صغیر اور ایم بی بی ایس فورتھ ائیر کے طلبہ ڈاکٹر حنا، ڈاکٹر ثناء وغیرہ نے ان تمام کیسوں کو پیش کیا۔ ٹیومر بورڈ کے اس خصوصی اجلاس کے منتظمین میں ڈاکٹر طیب رشید اور ڈاکٹر احتشام الحق شامل تھے۔ اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پیچیدہ میڈیکل کیسوں کے خاطر خواہ علاج کے لیے ٹیومر بورڈ کے اجلاس کو باقاعدہ بنایا جائے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے کہا ہے کہ ماہ اگست میں پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ نے یوم آزادی کی مناسبت سے “میری پہچان پاکستان”کے عنوان سے ایک اچھی، مثبت اور تعمیری کاوش کا آغاز کیا ہے سوشل میڈیا میں تحریک پاکستان میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات اور ان کے کارناموں کو اجاگر کیا جارہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہائوس میں سید بلال مصطفی شیرازی مرکزی صدر مسلم لیگ یوتھ ونگ کے ساتھ ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ خدیجہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان ہیں تو ہم ہیں ، یقینا ہم سب کی پہچان پاکستان ہے جس کے لیے ہمارے بزرگوں، نوجوانوں، خواتین نے بے پناہ قربانیاں دیںاور پاکستان کیلئے اپنی جانوں تک کا نذرانہ پیش کرکے ایک علیحدہ اسلامی فلاحی مملکت کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔اب ہم پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم نوجوان نسل کو اسلامی مملکت کے قیام کی وجوہات اور اس میںقائدین کی قربانیوں سے روشناس کروائیں اور جن مقاصد کیلئے ایک علیحدہ اسلامی مملکت کا قیام عمل میں آیا نوجوان نسل کو ان سے آگاہ کریںاور تکمیل پاکستان کیلئے نوجوان نسل کو تیار کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) حکومت کی کسان دوستوں پالیسی کے مطابق کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضلع گجرات میں مختلف کمپنیوں کی کھادوں کی قیمتوں میں کمی کرکے نئے نرخوںکا تعین کر دیا گیا ہے ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر ڈی او زراعت توسیع /ڈپٹی کنٹرولر فرٹیلائزر محمد رفیق تارڑ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام کھاد ساز کمپنیوں اینگرو، ایف ایف سی، پاک عرب اورع ایگری ٹیک کمپنی کی 50کلو گرام یوریا کھاد کی بوری کی قیمت 1400روپے مقرر کی گئی ہے ۔ اینگر و کمپنی کی ڈی اے پی بوری کی قیمت 2727روپے سے کم کرکے 2600روپے مقرر کی گئی ہے ، این پی18:18کھاد کی قیمت 1888روپے، این پی22:20 کھاد کی قیمت 2504روپے سے کم کرکے 2424 روپے ، ایس ایس پی 18فیصد کی قیمت 1222روپے سے کم کرکے 1122روپے مقرر کی گئی ہے۔ ایف ایف سی کی ڈی اے پی کی قیمت 2878روپے سے کم کرکے ڈی اے پی سونا کی قیمت 2700روپے ڈی اے پی ایف ایف سی کی قیمت 2600روپے فی بوری مقرر کردی گئی ہے ، ایس او پی کھاد کی قیمت 4979روپے سے کم کرکے 4703روپے فی بوری اور ایم او پی کھاد کی قیمت 3142روپے سے کم کرکے 3045روپے فی بوری مقرر کی گئی ہے۔ پاک عرب کمپنی کی ڈی اے پی کی قیمت 2700روپے سے کم کرکے 2550روپے فی بوری، این پی کی قیمت 1980روپے سے کم کرکے 1960روپے فی بوری مقررکی گئی ہے ۔ ایگری ٹیک کی ایس ایس پی کھاد کی قیمت 1083روپے فی بوری مقرر کی گئی ہے۔چاولہ انٹرنیشنل کی ڈی اے پی کھادسورج کی فی بوری قیمت2550روپے، یونائیٹڈ ایگرو کی سیون سٹار ڈی اے پی کی فی بوری قیمت 2550روپے، ایگون فریٹلائزر واہ کی ڈی اے پی کی قیمت 2550روپے، پیسف ایگزم کی ڈی اے پی کھاد کی قیمت بھی فی بوری 2550روپے مقرر کی گئی ہے ۔ کھادوں کی نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا ۔ ڈی او زراعت توسیع/ڈپٹی کنٹرولر فرٹیلائز محمد رفیق تارڈ نے کھاد ڈیلرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ کھادوں کے نرخ نامے نمایاں جگہ آویزاں کریں ، خرید و فروخت کے سٹاک رجسٹرڈ مرتب کئے جائیں فروخت کی جانیوالی کھاد کی باقاعدہ رسید جاری کریں اور خریدار کا نام و پتہ معہ تفصیلات درج کیا جائے۔ انہوں نے واضع کیا کہ اوور چارجنگ کرنے اور ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکومت میں فارورڈ بلاک کسی بھی وقت سامنے آ سکتا ہے۔ وہ سرگودھا میں سابق وفاقی وزیر چودھری انور علی چیمہ مرحوم کی رہائش گاہ پر ان کے صاحبزادے عامر سلطان چیمہ ایم پی اے اور دیگر اہل خانہ سے اظہارتعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے مرحوم کی قومی، سیاسی اور عوامی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے باہمی اختلافات کے باعث حکومت اب تک چل رہی ہے، اپوزیشن متحد ہو جائے تو حکومت ایک پل بھی نہیں ٹھہر سکتی، اگر اپوزیشن متحد نہ ہوئی تو اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریکوں کا کوئی مستقبل نہیں، حکومت گرانے کیلئے متحد ہو کر تحریک چلانا ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق الیکشن 2018ء میں ہونے ہیں تو اسی آئین کے مطابق حکومت پہلے بھی جا سکتی ہے، ن لیگ کے اندر اختلافات موجود ہیں اور فارورڈ بلاک کسی بھی وقت سامنے آ سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اپنی عمر سے بڑھ کر باتیں کر رہے ہیں، دیکھتے ہیں وہ کنٹینر پر کیسے چڑھتے ہیں ہم سے تو اس عمر میں کنٹینر پر چڑھا نہیں جاتا۔#
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات(جی پی آئی) قائد ملت جعفریہ پاکستان اور اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے سینٹرل کمیٹی اور سیاسی سیل کے اجلاس بالترتیب 20۔ اگست اور 21۔ اگست کو طلب کرلئے ہیں۔ راولپنڈی میں منعقد ہونے والے اجلاسوں میں مجموعی سیاسی صورت حال ، دہشت گردی، عزاداری سید الشہدا میں بے جا رکاوٹوں اور تنظیمی صورت حال کاجائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں اسلامی تحریک کے سیاسی سیل کے چیرمین سید وزارت حسین نقوی، چھ صوبائی صدور علامہ سبطین حیدر سبزواری پنجاب، علامہ ناظر عباس تقوی سندھ، علامہ حمید حسین امامی خیبر پختونخواہ، علامہ آغا عباس رضوی گلگت بلتستان، علامہ زاہدی اکبربلوچستان اورمولانا صادق حسین نقوی آزاد کشمیر شریک ہوں گے۔ اسلامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کے مطابق اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل کے حوالے سے اہم ہوگا۔ سیاسی سیل کے اجلاس میں 2018ء کے انتخابات میں اسلامی تحریک کے کردار اور دیگر جماعتوں سے اتحاد کے حوالے سے بھی جائزہ لیا جائے گا۔