گوجرانوالہ :غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں گیپکو کے دو افسر گرفتار

NAB

NAB

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) نیب نے غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں گیپکو کے 2 ریٹائرڈ افسران کو گرفتار کرلیا ہے۔ دونوں افسران نے کروڑوں روپے کی بے ضابطگیاں کیں اور بھرتیوں میں میرٹ کی دھجیاں بکھیر دیں۔

نیب کی ایک ٹیم نے گوجرانوالہ میں کارروائی کی اور غیرقانونی بھرتیوں کے الزام میں گیپکو کے 2 ریٹائرڈ افسران کو گرفتار کرلیا ہے ، گرفتار ہونے والوں میں گیپکو کے سابق چیف ایگزیکٹو محمد ابراہیم مجوکہ اور سابق ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورسز حشمت علی کاظمی شامل ہیں ۔ دونوں افسران کچھ عرصہ قبل ہی گیپکو سے ریٹائرڈ ہوئے تھے، افسران پر الزام ہے کہ کروڑوں روپے کی بے ضابطگیاں کیں، بھرتیوں میں میرٹ کی دھجیاں بکھیر دیں۔

نیب محمد ابراہیم مجوکہ اور حشمت علی کاظمی کے خلاف چند ماہ سے تحقیقات کر رہا تھا ۔ نیب کی کارروائی سے کرپٹ افسران میں کھلبلی مچ گئی ۔ ذرائع کے مطابق نیب میں گوجرانوالہ کے بعض دیگر سرکاری افسروں کے کرپٹ افسران کے بارے میں بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

نیب حکام نے محمد ابراہیم مجوکہ اور حشمت علی کاظمی کے دور میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے بارے میں بھی ریکارڈ حاصل کرلیا ہے۔ غیر قانونی بھرتیاں کرنے کے علاوہ ترقیاتی منصوبوں میں بھی کرپشن ہوئی۔