گوجرانوالہ : نادرا آفس میں دھکم پیل کے دوران 55 سالہ خاتون جاں بحق

Gujranwala Nadra Office

Gujranwala Nadra Office

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) شناختی کارڈ بنوانے کے لیے آنے والی 55 سالہ خاتون لائن میں کھڑی دھکا لگنے سے نیچے گرنے سے جاں بحق ہو گئی۔ شہریوں کی نادرا عملہ اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی۔

نوشہرہ روڈ کی رہائشی 55 سالہ رسولاں بی بی گزشتہ تین روز سے شناختی کارڈ کے حصول کے لیے شیخوپورہ موڑ پر واقع نادرا آفس کے چکر لگا رہی تھی۔ آج جب وہ اپنی بیٹی کے ہمراہ شناختی کارڈ آفس پہنچی تو رش بہت زیادہ تھا، خاتون لائن میں کھڑی تھی کہ دھکا لگنے سے نیچے گر گئی اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔

رسولاں بی بی کے داماد خالد کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین روز سے شناختی کارڈ بنوانے کے لیے آ رہے ہیں لیکن رش بہت زیادہ ہوتا ہے جو ایک ہزار روپے دیتا ہے اس کو اندر جانے دیتے ہیں، میری ساس بھی لائن میں کھڑی تھی کہ اسے دھکا لگا اور وہ نیچے گر کے جاں بحق ہو گئی۔

دوسری طرف شہریوں نے گو نواز گو اور نادرا عملہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ تھانہ سبزی منڈی پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔