گوجرانوالہ سے پاکستان مارچ شروع کیا جائیگا، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عمران خان نے کہا کہ نوازشریف نے کرپشن کا پیسہ ملک سے باہر بھیجا جس کے خلاف ہم نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم سپریم کورٹ میں منی لانڈرنگ کے ثبوت پیش کریں گے اور کل ٹی اور آرز کی میٹنگ کے بعد سپریم کورٹ جائیں گے۔

عمران خان نے گجرات اور جہلم میں جلسوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 3 ستمبر سے گوجرنوالہ سے پاکستان مارچ کا آغاز کیا جائے گا جو لاہور تک جائے گا، جہاں پر اگلا لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نوازشریف سب کچھ اپنے کنٹرول میں کرنا چاہتے ہیں جیسے باقی تمام ادارے نوازشریف کے کنٹرول میں ہیں ویسے ہی وہ فوج کو بھی اپنے کنٹرول میں کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن وامان اس وقت تک قائم نہیں ہوسکتا جب تک قانون سب کے لیے برابر نہیں ہوگا ، دوسری جانب نیب کی وجہ سے ملک میں بد عنوانیاں زور پکڑتی جارہی ہیں۔ یہ پاناما جیسے بڑے کیس پر کوئی کاروائی نہیں کررہی اور محض چھوٹے لوگوں کے گرد ہی اپنا گھیرا تنگ کرتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ میری مقبولیت میں کمی نہیں آرہی اور اگر میری مقبولیت ختم بھی ہوجائے تب بھی پاناما کے معاملے کو نہیں چھوڑوں گا کیوں کہ ہر چیز کی جڑ کرپشن ہے اور پاکستان کامستقبل اسی کرپشن کے خاتمے سے جڑا ہے۔

انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بلوچستان سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے نواز شریف کو اس حوالے سے سخت بیان جاری نہ کرنے پر نکتہ چینی کی ہے۔