گوادر کو خلیجی ممالک کی طرح ڈیوٹی فری زون بنانا چاہتے ہیں، وزیراعظم نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ گوادر پورے خطے کے لیے تحفہ ہونا چاہیے اس لئے حکومت اس بندرگاہ کو خلیجی ممالک کی طرح ڈیوٹی فری بنانا چاہتی ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم گوادر کو ملک کا بہترین شہر، ضلع اور بندرگاہ بنانا چاہتے ہیں، پاکستان کےلئے گوادرایک تحفہ ہونا چاہئے، یہاں ایسی ترقی ہونی چاہئے جیسی سنگاپورمیں ہوئی، یہ بندرگاہ خلیجی ممالک کی ڈیوٹی فری پورٹس جیسی ہونی چاہیئے۔

اس کے لئے وہ قائد حزب اختلاف سے گزارش کرتے ہیں کہ ہمیں گوادر کو خصوصی درجہ دلوانے کے لئے قانون سازی کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بجلی بحران کا خاتمے کے لئے بھی بھرپور کام کررہی ہے، اس وقت بل ادا نہ کئے جانے والے علاقوں کےعلاوہ کہیں بھی 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی۔ کراچی پورٹ قاسم اورحب میں کوئلےسے بجلی بنانےکے منصوبے شروع کررہےہیں،اس کے علاوہ تھر میں کوئلے سے بجلی بنانے کے 2 منصوبے لگ رہے ہیں، ان منصوبوں سے آئندہ 3 برسوں میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ایک دوسروں کے ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کرنی چاہیے، موٹر وے صرف پنجاب میں نہیں بلکہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی بن رہی ہے۔ ان کی شدید خواہش تھی کہ 1990 میں موٹر ویز بناجاتیں

ہم نے پہلے مرحلے میں لاہور سے اسلام آباد موٹر وے بنائی گئی جسے پشاور تک لے جایا گیا۔ ہمارا منصوبہ اس موٹر وے کو کراچی تک لے جانے کا تھا، 1993 میں ہماری حکومت ختم نہ ہوتی تو موٹر وے بن چکی ہوتی۔

اس وقت حیدرآباد کراچی اور ملتان سے سکھر موٹرویز پر کام جاری ہے جب کہ سکھرحیدرآباد موٹروے پر غور کیا جارہا ہے، ہزارہ موٹروے زیرتعمیر ہے ،خنجراب سے مانسہرہ، ایبٹ آباد اور اسلام آباد تک یہ ایک بڑا منصوبہ ہے جو علاقے کی تقدیر بدل دے گا۔