حدیقہ کیانی کا برطانوی ویب سائٹ پر ہتک عزت کا دعویٰ

Hadiqa Kiani

Hadiqa Kiani

لاہور (جیوڈیسک) گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اپنی گرفتاری سے متعلق جھوٹی خبر شائع کرنے پر برطانوی ویب سائٹ پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اپنے خلاف منشیات کی برآمدگی اور گرفتاری کی خبر شائع کرنیوالی برطانوی ویب سائٹ میٹرو یوکے کو آڑے ہاتھوں لینے کا فیصلہ کرلیا اور ویب سائٹ کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ بھی دائر کر دیا ہے۔

برطانوی ویب سائٹ میٹرو یوکے نے خبرشائع کی تھی کہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی سے دوران تلاشی منشیات برآمد ہوئی ہے اور انہیں گرفتار بھی کرلیا ہے ، تاہم حدیقہ کیانی نے تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا وہ لاہور میں اپنے گھر میں والدہ اور بچے کیساتھ موجود ہیں۔

ویب سائٹ کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں ۔ گلوکارہ نے ویب سائٹ کیخلاف قانونی چارہ جوئی کی ٹھان لی اور باقاعدہ طور پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ جھوٹی خبر سے میری اور میرے ملک کی بدنامی ہوئی ہے۔