حق نواز اعوان پاکستان کا سرمایہ ہے حکومت فوری توجہ کرے اور حق نواز کا علاج کرائے۔ افضال احمد

ملتان: دنیا کے کم عمر طویل القامت حق نواز اعوان ہڈیوں کے بیماری میں مبتلا ہیں ہیں، حق نواز اعوان پاکستان کا سرمایہ ہے حکومت فوری توجہ کرے اور حق نواز کا علاج کرائے۔ان خیالات کا اظہار سماجی رہنما و کالم نگار افضال احمد نے حق نواز سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پونے آٹھ فٹ کے طویل القامت شخص کا قد ابھی بڑھ رہا ہے لیکن اس کے ساتھ ان کی ہڈیاں ٹیڑھی ہوتی جا رہی ہیں جس کے باعث جسم لاغر ہو رہا ہے۔ پانی پینے کیلئے گلاس کو دونوں ہاتھوں سے پکڑ کر پیتے ہیں۔ حکومت ان کا فوری علاج کرے کہ وہ پاکستان کا قابلِ فخر اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اندرون ملک علاج ممکن نہ ہو تو بیرون ملک علاج کرایا جائے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے دنیا کے کم عمر طویل القامت ملک حق نواز اعوان نے بتایا کہ میں اپنی صحت کے بارے میں پریشان رہتا ہوں ۔ ہڈیوں کے مڑنے کے عمل سے تشویش میں مبتلا ہوں ۔ میرا کپڑوں کا جوڑا 14 میٹر میں بنتا ہے۔ چوبیس گھنٹے میں تیس سے چالیس روٹی اور پانچ کلو دودھ میری غذا ہے ۔ ویگن اور بس میں نہیں بیٹھ سکتا ۔ میری عمر آٹھ سال تھی کہ میرے والد ملک نور محمد اعوان اللہ کو پیارے ہو گئے۔ مسجد سے قرآن شریف کی تعلیم حاصل کی ہم پانچ بہن بھائی ہیں ۔ میں جہاں بھی جاتا ہوں پاکستان کا نام روشن کرتا ہوں اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتا ہوں۔ مجھے بستی غریب آباد موضع بیلی خیر پور ٹامیوالی ضلع بہاولپور سے بہت محبت ہے ، اسی طرح مجھے اپنے وسیب اور اپنے ملتان سے محبت ہے۔ میں اور کچھ نہیں مانگتا بس اتنا چاہتا ہوں کہ میرا علاج اور میرے لئے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا جائے۔ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی تھوڑی سی توجہ سے میرا بڑا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر زبیر دھریجہ’ عامر دھریجہ’ کاشف محمود’ وقاص قریشی اور دوسرے موجود تھے۔

Haq Nawaz Awan

Haq Nawaz Awan