اگر وزیراعظم نے خود کواحتساب کیلئے پیش نہ کیا توتحریک انصاف سڑکوں پر ہو گی، عمران خان

PTI

PTI

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اگروزیراعظم نواز شریف نے خود کو احتساب کے لئے پیش نہ کیا تو تحریک انصاف سڑکوں پر ہو گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جن ممالک میں جمہوریت جتنی زیادہ مضبوط ہوتی ہے وہ اتنے ہی زیادہ خوشحال اور ترقی کرتے ہیں، جب یورپ جمہوریت کی طرف جا رہا تھا تو اسلامی دنیا بادشاہت کی طرف جا رہی تھی، پاکستان کو مدینہ کی طرح اسلامی ریاست بننا چاہیئے لیکن افسوس کہ مسلم ممالک جمہوریت سے شروع ہو کر بادشاہت جب کہ یورپ بادشاہت سے شروع ہو کر جمہوریت کی طرف چلے گئے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کا کام ہوتا ہے قانون بنانا اور اس پر عمل درآمد کرنا جب کہ اپوزیشن کا کام حکومت کے غلط کاموں پر تنقید کرنا ہوتا ہے، جب عوام کا پیسہ غلط استعمال ہو، ٹیکس نہ دیا جا رہا تو اپوزیشن احتجاج کا حق رکھتی ہے۔

عمران خان نے وزیراعظم نوازشریف کی تقریرکے حوالے سے کہا کہ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بنی گالہ محل میں ہیلی کاپٹر آتے اورجاتے ہیں توانھیں بتانا چاہئے کہ وہ عیاشیوں کے لئے پیسہ کہاں سے لاتے ہیں، اس پر میں کہنا چاہتا ہوں کہ کیا یہ میرا کام ہے یا وزیراعظم کا کہ ایف بی آر، نیب اور حکومت ان کے نیچے ہے، اگر میں کوئی غلط کام کر رہا ہوں تو وزیراعظم کا کام میرے اوپر الزام لگانا نہیں بلکہ مجھے سزا دینا آپ کا کام ہے۔ جب برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون پر الزام لگا تو انھوں نے اپوزیشن پر الزام نہیں لگایا کہ آپ بھی یہ کرتے ہیں بلکہ انھوں نے اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب دیا۔