سر میں خشکی دور کرنے کے 3 غیرروایتی ٹوٹکے

Dandruff

Dandruff

لندن: سر میں خشکی ایک عام کیفیت ہے جو کسی بھی وقت لاحق ہوسکتی ہے لہٰذا اس کے لیے درجنوں ٹوٹکے اور علاج تجویز کیے جاتے رہے ہیں لیکن غیرروایتی طور پر خشکی کو ان ٹوٹکوں سے بھی دور کیا جاسکتا ہے جس کے سائنسی ثبوت بھی مل چکے ہیں۔

ناریل کا تیل
سر سے خشکی دور کرنے کا سب سے مؤثر علاج کھوپرے کے تیل میں بھی پنہاں ہے۔ میری لینڈ امریکا کی ماہرِ جلد کے مطابق کھوپرے کا تیل سر میں خشکی کی پرتوں کو روکنے میں مدد کرتا ہے۔
ان کا مشورہ ہے کہ سر کی جڑوں میں اس کا مساج اس طرح سے کیا جائے کہ تھوڑا تیل لے کر اسے جڑوں اور کھوپڑیوں میں ہلکے ہاتھ سے مالش کی طرح لگایا جائے اور اس کے بعد 15 سے 20 منٹ تک ایسے ہی چھوڑ دیا جائے۔ تیل جتنی دیر رہے گا، اتنا ہی فائدہ ہوگا۔ بعض لوگ پوری رات ناریل کا تیل سر میں لگا رہنے دیتے ہیں اور کپڑا یا تولیہ وغیرہ لپیٹ کر سوجاتے ہیں۔

سیب کا سرکہ
سیب کے سرکے میں پی ایچ کی بلند مقدار ہوتی ہے جو سرمیں خشکی کو روکتی ہے۔ لیکن سرکے کو سر میں براہِ راست لگانے کی بجائے پہلے اس میں آدھی مقدار پانی شامل کرکے اس کی شدت کو ہلکا کرلیجئے۔ اس کے بعد مکسچر کو دھیرے دھیرے سر پر مالش کے انداز میں لگائیں۔ 15 منٹ بعد اچھے شیمپو سے سر دھولیں؛ ایک ہفتے میں خشکی سے نجات مل جائے گی۔

ایسپرین
ایسپرین کی گولی ہر گھر میں ہوتی ہے جس میں سیلی سائیلک ایسڈ ہوتا ہے جو خشکی کو دور کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایسپرین کی چند گولیاں کچل کر پاؤڈر بنالیں اور اس میں پانی ملاکر اس کا ایک پیسٹ سا بنالیں اور اسے سر کی جڑوں میں لگائیں۔ اگر آپ چاہیں تو اسے شیمپو میں ملا کر بھی سر دھوسکتے ہیں۔

Dandruff

Dandruff