سخت گرمی میں لوڈشیڈنگ، روزے داروں کا پارا چڑھ گیا، شہر شہر احتجاج

Protest

Protest

لاہور (جیوڈیسک) ایک تو شدید گرمی اوپر سے بجلی بند وہ بھی گھنٹوں کیلئے شدید گرم موسم میں لوڈ شیڈنگ نے روزے داروں کی چیخیں نکلوائیں تو لوگ سڑکوں پر آ گئے۔ چارسدہ میں گرمی کے مارے روزہ داروں کا پارہ چڑھا تو وہ واپڈا دفتر پر چڑھ دوڑے جس کے جو ہاتھ لگا تہس نہس کر دیا۔

صوابی کے علاقے چھوٹا لاہور میں مظاہرین نے واپڈا عملے کی پٹائی کر دی۔ دفتر میں توڑ پھوڑ کی پھر سیشن عدالت کو بھی آگ لگا دی۔ احتجاج کے دوران موٹروے بھی بلاک رہی۔ حیدر آباد میں مکینوں نے ایس ڈی او آفس پر دھاوا بول دیا۔

سکھر میں مشتعل شہریوں نے پریس کلب کے باہر ٹائر جلا کر سیپکو کے خلاف احتجاج کیا۔ بجلی کے بل بھی جلا دیئے۔ حافظ آباد میں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ٹائر جلا کر احتجاج کیا گیا۔

ملتان میں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے مظاہرین میپکو حکام کو جگانے کی کوشش کرتے رہے۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر وہاڑی روڈ پر ٹریفک بلاک کر دی۔ خانیوال میں بھی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔