یوم باب الاسلام مسلمانان ہند کے لئے قابل فخر دن ہے : زبیر حفیظ

Islami Jamiat-e-Talaba Pakistan

Islami Jamiat-e-Talaba Pakistan

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہاکہ یوم باب الاسلام مسلمانان ہند کے لئے ایک قابل فخر دن ہے۔ اس وقت نوجوان نسل کو محمد بن قاسم کی شجاعت وبہادری کے کارناموں سے روشناس کرانا چاہیے تاکہ امت مسلمہ کے نوجوان ظلم کے خلاف جرات و شجاعت کا پیکر بنیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزیدکہا کہ آج دس رمضان المبارک ہے جو محمد بن قاسم کی عظیم جدوجہد اور کارناموں پر محیط دن کی یاد دلاتاہے۔فاتح سندھ و مجاہد انقلاب محمد بن قاسم نے سندھ کی ایک بیٹی کی پکار پر عرب سے آکر ظلم وزیادتی اور ہٹ دھرمی کو پاوں تلے روند دیا اور سندھ کی بیٹی کو ظلم و زیادتی کے اندھیروں سے آزاد کرواکر اور کم عمری میں برصغیر میں اسلام کی شمع روشن کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی۔

آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ محمد بن قاسم کی تاریخ کا مطالعہ کریں، ظلم و جبر اور لاقانونیت کیخلاف اْٹھ کھڑے ہوں تاکہ معاشرے میں پیدا ہونیوالی برائیاں دم توڑ سکیں۔ا قوم میں شعور بیدار کرنے کیلئے پرنٹ اور الیکڑانک میڈیا کو کردار ادا کرنا چاہیے، ہمارا نوجوان اسلام کی تاریخ سے ناواقف ہونے کی وجہ سے بے راہ روی کا شکار ہو رہا ہے ،ہندوانہ طرز عمل اختیار کیا جارہا ہے، کلچر وثقافت کی کثافت نے معاشرے کو تباہی کی جانب موڑ دیا ہے۔ دریں اثنا ء اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں ”یوم باب الاسلام ” منایا گیا۔ جس میں خصوصی تقاریب منعقد کی گئیں،طلبہ کے لئے خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا گیا اور انہیں برصغیر میں اسلام کی آمد کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئیں۔

سید امجد حسین بخاری
مرکزی سیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان
0334-5019016