ہالینڈ کی کابینہ نے عوامی مقامات پر نقاب پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی

Veil

Veil

ایمسٹریڈیم (جیوڈیسک) ہالینڈ کی کابینہ نے عوامی مقامات پر نقاب پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی ہے تاہم اس کے نفاذ کے لئے پارلیمنٹ سے منظوری ضروری ہے۔

ہالینڈ کی کابینہ کی جانب سے منظور کئے جانے والے مجوزہ قانون کے تحت ملک میں عوامی ٹرانسپورٹ، اسکولوں، اسپتالوں اور سرکاری دفاتر میں چہرہ ڈھانپنے پر پابندی ہوگی اور اس میں نقاب کے علاوہ سکیئنگ کے لیے پہننے جانے والے ماسک اور ہیلمٹ بھی شامل ہوں گے تاہم قانون کے نفاذ کے لیے ملک کی پارلیمنٹ سے منظوری ضروری ہے۔

کابینہ کی جانب سے قانون کی منظوری کے بعد ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک رووٹ نے میڈیا سے بات کرتے کہا کہ ہالینڈ میں ہر کسی کو اپنی مرضی کا لباس پہننے کی اجازت ہے۔ یہ آزادی صرف اس صورتحال میں محدود ہو گی جب لوگوں کا ایک دوسرے کو دیکھنا ضروری ہو۔

واضح رہے کہ ماضی میں ہالینڈ کی حکومت کی جانب سے برقع پر پابندی عائد کرنے کی کوشش کو ملک کے آئین میں مذہبی آزادی کی شقوں سے متصادم قرار دیا جا چکا ہے۔