انسانی سمگلنگ میں ملوث تھائی جنرل کے وارنٹ گرفتاری جاری

Manas Kongpan

Manas Kongpan

بنکاک (جیوڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ماناس کونگ پان پر میانمار اور بنگلا دیش سے تعلق رکھنے والے انسانوں کی ٹریفکنگ کے جرم میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

تھائی لینڈ کی نیشنل پولیس کے سربراہ سومیوت پوم پانمونگ نے بتایا کہ عدالت نے انسانوں کی سمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت لیفٹیننٹ جنرل ماناس کونگ پان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں پولیس ہیڈ کوارٹرز میں انسانی سمگلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں کے بارے میں میڈیا بریفنگ سے قبل پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ پولیس اپنے پاس موجود شواہد کے بارے میں پُراعتماد ہے۔

پولیس نے ابھی تک ملکی فوج سے جنرل ماناس کی حوالگی کے لئے رابطہ نہیں کیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی اعلیٰ فوجی افسر کے خلاف ہیومن ٹریفکنگ کے الزامات کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران ساڑھے تین ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان اور بنگلا دیشی باشندے غیر قانونی تارکین وطن کے طور پر تھائی لینڈ، ملائشیا اور انڈونیشیا پہنچے ہیں۔ ان ہزاروں انسانوں کی اس علاقے کی طرف مہاجرت وہاں ایک سنگین بحران کا سبب بن چکی ہے۔

انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیمیں تھائی لینڈ میں حکمران فوجی جنتا کے حکام پر الزامات عائد کرتی رہی ہیں کہ انہوں نے انسانی سمگلنگ کے کاروبار کی طرف سے یا تو آنکھیں بند کی ہوئی ہیں یا پھر وہ اس کاروبار میں ملوث ہیں۔ تاہم آج سے پہلے کسی فوجی افسر کے خلاف اس طرح کی کوئی کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔