ذلت آمیز شکستوں کے بعد ہاکی چیف کوچ بھی مستعفی

Shahnaz Shaikh

Shahnaz Shaikh

لاہور (جیوڈیسک) ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی ذلت آمیز شکستوں کے بعد شہناز شیخ چیف کوچ کے عہدے سے علیحدہ ہوگئے،ماضی کے سپر اسٹارکے مطابق انھوں نے فیصلے سے فیڈریشن کو آگاہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بیلجیئم میں منعقدہ ورلڈ ہاکی لیگ میں گرین شرٹس کی پے در پے ناکامیوں نے قومی کھیل کو رسوائیوں کی گہری کھائی میں دھکیل دیا،گرین شرٹس تاریخ میں پہلی بار اولمپکس کھیلنے سے محروم ہوچکے، ٹیم کے چیف کوچ شہناز شیخ نے ناکامیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں قومی ٹیم10 میں سے 8 ویں نمبر پر آئی، اسے فرانس اور آئرلینڈ جیسی نو آموز سائیڈزکے ہاتھوں بھی عبرتناک شکست ہوئی۔

برطانوی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں شہناز شیخ نے کہا کہ میں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو باضابطہ طور پر مطلع کر دیاکہ اب ہیڈ کوچ کے عہدے پر فائز رہنا نہیں چاہتا، البتہ قومی کھیل کی بہتری کے لیے ساتھ مل کر کام کرتا رہوں گا۔

شہناز شیخ نے کہا کہ اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کی ناکامی غیرمتوقع ہے کیونکہ ٹیم نے ایشین گیمز اور چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کھیلے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس مایوس کن کارکردگی کی وجہ فارورڈز کا گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کرنا ہے، تقریباً60 مواقع گنوائے گئے۔