اگر رکاوٹیں پیدا نہ کی جاتیں تووہ کام مکمل ہوچکے ہوتےجو آج ہو رہے ہیں، وزیراعظم

 Prime Minister Nawaz Sharif

Prime Minister Nawaz Sharif

لودھراں (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں پیدا نہ کی جاتیں تو وہ کام مکمل ہوچکے ہوتے جو آج شروع ہورہے ہیں۔

لودھراں میں کسان پیکج کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کسی حکومت نے کسانوں کیلیے 341 ارب روپے کا پیکج نہیں رکھا، سب جانتے ہیں کسان پیکج میں رکاوٹیں کس نے ڈالیں، کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا، کسانوں سے محبت کے دعوے کرنے والے ہمارے ہاتھ روکتے ہیں اگررکاوٹ نہ ڈالی گئی ہوتی توکسانوں کو رقم تقسیم کرنے کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ کسان پیکج دے کر کسانوں پراحسان نہیں کررہے، کسانوں کے لئے بجلی مزید سستی کرنا چاہتے ہیں یہی نہیں شمسی توانائی کے ذریعے ٹیوب ویل لگانے کی منظوری دے دی ہے اور شمسی ٹیوب ویلوں کے لیے کسانوں کو قرضے بھی دیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں لودھراں کےعوام نےووٹ دیا،اسی محبت سے میں بھی پیش آؤنگا، لودھراں مسلم لیگ (ن) کا مضبوط قلعہ ہے، کم وسائل کے باوجود کسانوں کے لیے 341 ارب روپے کا منصوبہ بنایا، کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے مزید اقدامات کررہے ہیں، ہم عبادت سمجھ پر کسانوں کی خدمت کر رہے ہیں، جھوٹ بولنا ہمارا شیوہ نہیں،صاف اور سچی بات کرتے ہیں۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے قوم کو نوید سنائی کی 2017 میں ملک سے بجلی کی قلت کا خاتمہ کردیا جائے گا اور اس پر بہت تیزی سے کام جاری ہے جس کی تکمیل کے بعد 2017 ملک میں خوشحالی کا سال ہوگا، سندھ، بلوچستان، پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں بجلی بھی آئے گی، پینے کا صاف پانی اور موٹروے بھی آئے گی اور لودھراں کو بھی موٹروے سے ملائیں گے جس کے بعد ترقی عروج پر ہوگی۔